منہاج القرآن انٹرنیشنل اٹلی کے زیراہتمام شہدائے کربلا کانفرنس

منہاج القرآن انٹرنیشنل اٹلی کے زیراہتمام کارپی میں 26 دسمبر 2009ء کو ’’شہدائے کربلا کانفرنس‘‘ کا انعقاد کیا گیا۔ اس پروگرام میں منہاج القرآن اٹلی کے ایگزیکٹو ممبران کے علاوہ اٹالین نو مسلم محمد ادریس شازلی نے خصوصی شرکت کی۔ کانفرنس میں کارپی اور گردونواح سے خواتین و حضرات، معروف سیاسی و سماجی اور کاروباری شخصیات نے کثیرتعداد میں شرکت کی۔ محفل کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام مجید سے ہوا جس کی سعادت حافظ ظہیر احمد نے حاصل کی۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل کارپی کی طالبات نے ہدیہ نعت پیش کیا۔ خالد حسین اور حاجی محمد طارق نے نوحہ اور منقبت پڑھی۔

اٹالین نو مسلم محمد ادریس شازلی نے کانفرنس میں مختصر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اسلام کی تعلیمات محض نماز، روزہ، حج اور زکوۃ تک محدود نہیں بلکہ اسلام ایک عالمگیر دین ہے۔ آج محرام الحرام کے اس موقع پر اسلام ہمیں عالمی قیام امن کا درس دیتا ہے۔ اس سلسلے میں آج مسلمانوں پر سب سے بڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ دنیا بھر میں امن کے لیے کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ میں نے اسلام کے عملی نظام حیات سے متاثر ہو کر اسلام قبول کیا۔

علامہ غلام مصطفیٰ مشہدی نے واقعہ کربلا اور نواسہ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم حضرت امام حسین علیہ السلام کی شہادت کے موضوع پر خطاب فرمایا۔ انہوں نے اظہار خیال کرتے ہوئے حاضرین کے دلوں میں واقعہ کربلا کے سوگوار لمحوں کو زندہ کر دیا۔ اس موقع پر محفل میں موجود شرکاء کی آنکھیں غم حسین سے تر ہو گئیں۔ پروگرام کے اختتام پر تمام حاضرین کو لنگر حسینی پیش کیا گیا۔ کانفرنس کی نقابت کے فرائض مرزا امتیاز احمد نے سرانجام دیئے۔

تبصرہ

Top