جہلم: جب ایک کروڑ نمازی تیار ہو جائیں گے تو انقلاب کی راہ ہموار ہو جائے گی۔ معین افضل

جہلم (جہلم اپڈیٹس ڈاٹ کام، چوہدری عابد محمود سے) مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے صدر معین افضل نے پریس کلب کے باہر طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب ایک کروڑ نمازی تیار ہو جائیں گے تو انقلاب کی راہ ہموار ہو جائے گی تب ظالمانہ اور استحصالی نظام ہمیشہ ہمیشہ کے لئے زمیں بوس ہو جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پچھلے 65 سالوں سے سادہ لوح عوام کے ساتھ چند سیاسی خاندان دھوکہ کر رہے ہیں اور ایک دوسرے کو باریاں دے کر عوام کو بےوقوف بنا رہے ہیں۔ ایم ایس ایم ضلع جہلم کے کوآرڈینیٹر محمد حنیف مصطفوی نے کہا کہ جعلی الیکشن سے بننے والی جمہوریت کا پردہ چاک ہو چکا ہے، عوامی تحریک 29 دسمبر کو مہنگائی، بے روزگاری، کرپشن اور لوٹ مار کے خلاف ریلی نکالے گی۔ موجودہ حکومت کے 6 ماہ میں بڑھتا ہوا افراط زر اور اس کے نتیجے میں پھیلنے والی مہنگائی نے عام آدمی کے لئے گزر بسر ناممکن بنا دیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ روپے کی قدر میں مسلسل کمی کے ساتھ عوام کی قوت خرید بھی جواب دے چکی ہے۔ محنت کش عوام کی حقیقی آمدن میں تیزی کے ساتھ کمی ہو رہی ہے جبکہ سرمایہ کاروں، جاگیرداروں اور وڈیروں کی شرح منافع میں بے تحاشہ اضافہ ہو رہا ہے۔ امیر اور غریب کے درمیان اتنی وسیع خلیج پہلے کبھی موجود نہ تھی اور اب یہ طبقاتی شدت اختیار کرتی جا رہی ہے اس معاشی امتیاز کے خلاف عوام میں پائی جانے والی نفرت اور غصہ پر حکمرانوں کی بے بسی، بے شرمی اور سرد مہری اذیت ناک ہے۔

تبصرہ

Top