جہلم: منہاج القرآن ویمن لیگ کی تنظیم نو

مورخہ: 13 مارچ 2014ء

منہاج القرآن ویمن لیگ تحصیل جہلم کے زیراہتمام اہم تنظیمی اجلاس کا انعقاد کیا گیا جس میں کارکنان کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اجلاس کا باقاعدہ آغاز صحیفہ انقلاب کی آیات بینات سے کیا گیا جس کی سعادت سمیعہ ظفر نے حاصل کی۔ بعد ازاں تمام خواتین نے مل کر تاجدار کائنات صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں بلند آواز میں درود و سلام کے گجرے پیش کیے۔ اس موقع پر مرکزی ناظمہ منہاج القرآن ویمن لیگ محترمہ راضیہ نوید اور ناظمہ دعوت محترمہ سیدہ نازیہ مظہر نے خصوصی شرکت کی۔

مرکزی ناظمہ محترمہ راضیہ نوید نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے پاس وقت بہت کم ہے جبکہ بہت سے کام ابھی نامکمل ہیں۔ ہمیں چاہیے کہ ہم اتفاق واتحاد اور باہمی بھائی چارے کے ساتھ اپنے قائد کے بتائے ہوئے کاموں کو پایہ تکمیل تک پہنچائیں اور جیسے ہی شیخ الاسلام کی طرف سے انقلاب کی کال ملے تو ایک جم غفیر کے ساتھ قائدِ انقلاب کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے دیوانہ وار اپنی انقلابی منزل کی طرف روانہ ہو جائیں۔ انہوں نے کارکنان میں ٹارگٹ بھی تقسیم کیے اور کام کا لائحہ عمل بھی سمجھایا۔

مرکزی ناظمہ تربیت محترمہ سیدہ نازیہ مظہر نے حلقہ فہمِ دین کے بارے میں بریفنگ دی اور لٹریچر تقسیم کیا۔ انہوں نے خواتین سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے اپنا تعلق مضبوط کرنے کے لیے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی کتاب حسن سراپائے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا باقاعدگی سے مطالعہ ناگزیر ہے۔

اجلاس کے دوران تمام یونین کونسل کے لیے خواتین نگران مقرر کی گئیں اور منہاج القرآن ویمن لیگ تحصیل جہلم کی تنظیم نو کی گئی۔ تنظیم نو کے مطابق محترمہ صفیہ رفعت کو صدر اور محترمہ نائلہ اسلم کو نائب صدر کی ذمہ داری سونپی گئی۔ علاوہ ازیں راحیلہ زین، فرح وحید، حلیمہ سعدیہ، صائمہ وسیم، طیبہ طاہر، سمیعہ ظفر،ثناء ذوالفقار، مریم نعیم، صائمہ نورین، صغریٰ غلام حیدر، فہمیدہ کوثر، بشریٰ، نیلم اور تسلیم اسلم کو مختلف یونین کونسلز کی نگران مقرر کیا گیا۔ محترمہ سیدہ نازیہ مظہر صاحبہ کی دعا کے ساتھ تقریب کا اختتام ہوا۔

تبصرہ

Top