جہلم: عوامی تحریک یوتھ ونگ کی یومِ پاکستان تقریب

مورخہ: 23 مارچ 2017ء

مورخہ 23 مارچ کی صبح پاکستان عوامی تحریک کے ضلعی سیکریٹریٹ پر یومِ پاکستان کی تقریب منعقد کی گئی جس میں پاکستان عوامی تحریک یوتھ ونگ نے قراردادِ تعمیر پاکستان پیش کی۔ تقریب میں PAT یوتھ ونگ کے تحصیلی اور ضلعی عہدیداروں کے علاوہ PAT کے ضلعی رہنما راجہ وحید کیانی بھی موجود تھے۔ چوہدری زین جٹ (جنرل سیکریٹری) یوتھ لیگ شمالی پنجاب نے قرار داد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یومِ پاکستان کے تاریخی موقع پر ہم عہد کرتے ہیں کہ حکیم الامت علامہ محمد اقبال کے خواب اور قائداعظم محمد علی جناح کے پاکستان کی تعمیر کے لیے قائد انقلاب ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی قیادت میں وطن عزیز کو سیاسی، معاشی، مذہبی ہر قسم کی انتہا پسندی سے پاک کریں گے اور مجموعی ملک آبادی کے 60 فیصد سے زائد نوجوانوں کو مملکتِ خدادادِ پاکستان کے سفیرِ امن اور قابلِ فخر سپوت بنائیں گے۔ آج کے دن یہ عہد کرتے ہیں کہ پاکستان کو امن و سلامتی کے ضامن دینِ اسلام کی حقیقی تجربہ گاہ بنانے کے ساتھ ساتھ وطن عزیز کو صوبائیت، علاقائیت اور لسانیت کے تفرقہ سے پاک کریں گے اور قائد اعظم کے سیاسی وژن کے مطابق پاکستان کو تمام مذاہب و اقلیتوں کا صحیح معنوں میں محافظ ملک بنائیں گے جہاں قانون کی حکمرانی اور انصاف کا بول بالا اور عوامی امنگوں کا ترجمان جمہوری نظام ہو گا۔ ریاست عملاً کمزور کے ساتھ کھڑی ہو گی اور ظالم طاقتور کا پوری طاقت کے ساتھ ہاتھ روکے گی اور جہاں تمام طبقات کو ترقی کے یکساں مواقع میسر ہوں گے۔ مملکت خداداد کے ہر شہری کا یہ پختہ یقین ہے کہ پاکستان کو خوشحال، پرامن اور اعتدال پسند ملک بنانے کے لیے قومی وسائل تعلیم کے لیے مختص کرنا ہوں گے ااور مختص وسائل کا ایمانداری کے ساتھ سو فیصد استعمال یقینی بنانا ہو گا، پاکستان کے عوام کو عملاً ایک قوم بنانے کے لیے یکساں نصابِ تعلیم کے نفاذ اور طبقاتی نظامِ تعلیم سے نجات حاصل کرنا ہو گی، اس کے ساتھ ساتھ قومی وسائل پڑھے لکھے نوجوانوں کی تعلیمی استعداد کے مطابق انہیں روزگار مہیا کرنے پر خرچ کرنا ہوں گے، قومیں سڑکوں، فلک بوس عمارات اور سٹیل سریا کی پلوں کی تعمیر سے نہیں بلکہ تعلیم اور ٹیکنالوجی کو فروغ دینے سے باوقار ہوتی ہیں، یہ قومی اہداف اس وقت حاصل ہوں گے جب ملک کی باگ ڈور پڑھی لکھی، دردمند اور جہاندیدہ ایماندار قیادت کے ہاتھ میں ہو گی۔

تبصرہ

Top