پنڈدادنخان: تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام 5 روزہ دروس عرفان القرآن کا انعقاد
ملک بھر کے 20 شہروں سمیت تحصیل جہلم میں بھی 5 روزہ دروس عرفان القرآن کا انعقاد کیا گیا جس میں تحریک منہاج القرآن کی نظامت دعوت کے ناظمین اور سکالرز نے دروس قرآن دیئے۔ مختلف موضوعات پر دروس سے شرکاء کے قلوب کو منور کیا۔ اِن 5 روزہ دروس میں تحصیل بھر کی تمام یونین کونسلز سے روزانہ کی بنیادوں پر خواتین و حضرات نے بھرپور شرکت کی۔ مزید برآں ڈویژنل، ضلعی اور تحصیل جہلم کے وفود نے بھی شرکت کی۔
صدر منہاج القرآن یوتھ لیگ راولپنڈی ڈویژن چوہدری زین جٹ نے تحریک منہاج القرآن تحصیل پنڈدادنخان اور اُس کے جملہ فورمز کو دروس قرآن کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد دی اور کہا کہ اِن دروس قرآن کا آغاز چند بڑے شہروں سے کیا گیا جو آج الحمدللہ 20 شہروں تک پہنچ چکا ہے۔ ان شاء اللہ آئندہ سال مزید شہروں میں بھی ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ اِن دروس کا مقصد نزول قرآن کے مقدس مہینے میں لوگوں کے قرآن سے ٹوٹے ہوئے تعلق کو بحال کیا جائے تاکہ ہم اس دنیا اور آخرت میں سرخرو ہو سکیں۔ قرآن سے تعلق کو بحال کرنے اور مضبوط کرنے کے لئے ضروری ہے کہ قرآن کی تلاوت کی جائے اور قرآن کو سمجھا جائے اور قرآنی احکامات پر عمل کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن کا اہم مقصد معاشرے میں ایک ایسی تبدیلی لانا ہے جس سے ہماری اخلاقی اور روحانی قدریں زندہ ہوسکیں اور امت مسلمہ اپنا کھویا ہوا وہ وقار اور عزت حاصل کر سکے جو اسکو آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے عطا فرمایا تھا۔ آج کے دور میں لوگوں کا اللہ تعالیٰ اور اسکے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور قرآن سے تعلق یا تو ٹوٹ گیا ہے یا کمزور ہو گیا ہے۔ منہاج القرآن کا یہ مشن ہے کہ دعوت الی اللہ اور دعوت الرسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ذریعے اس ٹوٹے ہوئے تعلق کو جوڑا جائے اور کمزور تعلق کو مظبوط کیا جائے۔ اللہ رب العزت سے تعلق کو بحال کرنا اور مضبوط کرنا ذکر الہیٰ، محبت الہیٰ، خوف الہیٰ، اطاعت الہی اور عبادت الہیٰ سے ممکن ہے۔ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے تعلق کی مضبوطی ان سے والہانہ محبت، انکی تعلیمات کی پیروی اور انکی فرمانبرداری سے ممکن ہے۔
تبصرہ