عقیدہ اہل سنت کے تحفظ اور مشترکہ لائحہ عمل کی تشکیل کے لئے علماء رابطہ کمیٹی کا قیام

مورخہ: 10 جون 2010ء

منہاج القرآن علماء کونسل کے زیراہتمام مرکزی سیکرٹریٹ تحریک منہاج القرآن میں اہل سنت و الجماعت کی نامور شخصیات، تنظیمات اور مدارس کے نمائندگان پر مشتمل مشترکہ مشاورتی اجلاس مورخہ 6 جون 2010ء کو منعقد ہوا۔ جس کی صدارت ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کی۔ مرکزی ناظم علماء کونسل علامہ سید فرحت حسین شاہ نے اجلاس کی غرض و غایت سے ہاؤس کو آگاہ کیا۔

صدر مجلس نے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے گستاخانہ خاکوں، Face book کی ویب سائٹ کی لانچنگ اور حالیہ دہشت گردی کے واقعات کے پس منظر میں اسلام دشمن قوتوں کے محرکات اور مضمرات کا جائزہ لیا نیز عقیدہ اہل سنت والجماعت کے تحفظ کے لئے لائحہ عمل کی تشکیل اور عالمی سطح پر دین اسلام کے روشن چہرے کو اجاگر کرنے اور دہشت گردی کے خاتمے کے لئے ہاؤس کی تجاویز و آراء کو عملی جامہ پہنانے کی یقین دہانی کرائی۔ اس نہایت اہمیت کے حامل ایجنڈے کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لئے اس موقع پر پانچ رکنی علماء رابطہ کمیٹی کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جس میں علامہ محمد علی نقشبندی، علامہ مفتی محمد حسیب قادری، علامہ مجاہد عبدالرسول، علامہ الحاج امداد اللہ خان قادری اور علامہ محمد اکرم چشتی شامل ہیں۔

اس موقع پر قرارداد پیش کی گئی کہ ناموس رسالت کے تحفظ کے لئے اہل سنت والجماعت کی تمام تنظیمات مشترکہ کاوش کے لئے ہر وقت تیار رہیں گی اور بیرون ملک اسلامی ممالک کے حکمرانوں کے ضمیر کو جھنجھوڑا جائے گا اور اہل سنت کے نام پر کسی کو شب خون مارنے نہیں دیا جائے گا۔

تبصرہ

Top