منہاج یونیورسٹی کے سپورٹس فیسٹیول 2010ء کی اختتامی تقریب

مورخہ: 14 جون 2010ء

منہاج یونیورسٹی میں کھیلوں کے نمائندہ تنظیم ’’منہاج سپورٹس‘‘ کے زیراہتمام سپورٹس فیسٹیول کی اختتامی تقریب 14 جون 2010ء کو منعقد ہوئی۔ اس تقریب انعامات کا اہتمام کالج آف شریعہ کے دانش ہال میں کیا گیا۔ تقریب میں قومی ٹیم کے سٹار اوپنر بیٹسمین اور ٹیسٹ کرکٹر یاسر حمید مہمان خصوصی تھے۔ پرنسپل ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے تقریب میں خصوصی شرکت کی۔

سینئر اداکار و ڈارمہ نگار سید محسن گیلانی، پاکستان مارشل آرٹس اینڈ سنٹر کے بانی انسٹرکٹر سر رضوان علی، سیکرٹری جنرل پاکستان کک باکسنگ ایسوسی ایشن طاہر عباس، پاکستان کے کیوکیشن چیف محمد سلطان خان، انٹرنیشنل فٹ بال کوچ محمد رفیق، پاکستان کے انٹرنیشنل اتھلیٹکس کوچ ایس ایم جمیل، لاہور باکسنگ ایسوی ایشن کے سیکرٹری جنرل رانا زاہد محمود اور انسپکٹر رینجرز محمد بختیار بھی معزز مہمانوں میں شامل تھے۔

کالج آف شریعہ کے معزز اساتذہ کرا م میں سے وائس پرنسپل ڈاکٹر ظہور اللہ الازہری، مفتی اعظم پاکستان مفتی عبد القیوم خان ہزاروی، پروفیسر محمد نواز ظفر، منہاج یونیورسٹی کے ڈائریکٹر سپورٹس پروفیسر ایس ایم شفیق، اسسٹنٹ ڈائریکٹر سپورٹس محمد اقبال مرتضیٰ حیدر، پروفیسر ڈاکٹر اصغر جاویدالازہری، منہاج یونیورسٹی کے کالج آف کامرس کے پرنسپل ڈاکٹر ارشاد اور منہاج القرآن ماڈل سکول کے پرنسپل حافظ محمد نیاز کے علاوہ کالج آف شریعہ کے دیگر اساتذہ کرام نے بھی تقریب میں خصوصی طور پر شرکت کی۔ معزز مہمانوں کے علاوہ کالج آف شریعہ اور منہاج یونیورسٹی کے دیگر کالجز سے سپورٹس فیسٹیول میں انعامات جیتنے والے مختلف کھیلوں کے کھلاڑی اور کالج کے طلبہ بھی موجود تھے۔ تقریب میں مختلف کھیلوں میں کھلاڑیوں کو دیئے جانے والے 300 ٹرافیوں، شیلڈز اور انعامات کو بھی رکھا گیا تھا۔

سپورٹس فیسٹیول کی اختتامی تقریب کا باقاعدہ آغاز صبح 11 بجے تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔ جس کے بعد نعت مبارکہ بھی پڑھی گئی۔ منہاج یونیورسٹی کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر سپورٹس اور پاکستان مارشل آرٹس کے قومی چیمپیئن اقبال مرتضیٰ حیدر نے تمام معزز مہمانوں کو سپورٹس فیسٹیول کے حوالے سے تعارفی بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ منہاج یونیورسٹی کے کالج آف شریعہ میں ہر سال کھیلوں کے سالانہ مقابلے باقاعدگی سے منعقد کیے جا رہے ہیں۔ گزشتہ چند سالوں سے ان مقابلوں کو منہاج یونیورسٹی کے پروچانسلر ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی سالگرہ کے حوالے سے خصوصی طور پر منعقد کیا جا رہا ہے۔ اس سال بھی عالمی سفیر امن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی 59 ویں سالگرہ کے موقع پر سپورٹس فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا۔ 15 فروری 2010ء کو سپورٹس فیسٹیول کا باقاعدہ افتتاحی منہاج یونیورسٹی کے بورڈ آف گورنرز کے ممبر صاحبزادہ حسین محی الدین قادری نے کیا تھا۔ سپورٹس فیسٹیول میں 20 سے زائد مختلف کھیلوں کے ان ڈور اور آوٹ ڈور مقابلے 15 فروری 2010ء سے 20 مئی 2010ء تک جاری رہے۔

انہوں نے بتایا کہ سپورٹس فیسٹیول میں کرکٹ، ہاکی، بیڈ منٹن، ٹیبل ٹینس والی بال، رسہ کشی، کبڈی، فٹبال، ریسلنگ، کراٹے، تائیکوانڈو، کک باکسنگ اوراتھلیٹکس کے تمام ایونٹس بھی شامل تھے۔ مختلف کھیلوں میں ایک ہزار سے زیادہ میچز ہوئے، جس میں مختلف یونیورسٹیز کے طلبہ نے بھی خصوصی شرکت کی۔ منہاج یونیورسٹی کے مختلف ڈیپارٹمنٹس نے بھی شرکت کی جن میں یونیورسٹی کے نیو کیمپس سے ڈیپارٹمنٹ آف پولٹیکل سائنسز، ڈیپارٹمنٹ آف کامرس، ڈیپارٹمنٹ آف کمیسٹری ڈیپارٹمنٹ آف منیجمنٹ اور ڈیپارٹمنٹ آف ماس کمیونیکیشن شامل تھے۔

منہاج یونیورسٹی اولڈ کیمپس سے اسلامک سٹڈیز ڈیپارٹمنٹ، عریبک ڈیپارٹمنٹ، شریعہ ڈیپارٹمنٹ، بی ایس آنرز، COSIS انٹر اور COSIS ڈگری کے علاوہ تحریک منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ کی مختلف ٹیموں نے بھی مقابلہ جات میں حصہ لیا۔ ان میں مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاون، تحفیظ القرآن انسٹی ٹیوٹ، منہاج القرآن ماڈل ہائی سکول اورآغوش کی تمام ٹیمیں بھی شامل تھیں۔ انہوں نے کہا کہ 3 ماہ تک جاری رہنے والا سپورٹس فیسٹیول کی اختتامی تقریب منہاج یونیورسٹی میں کھیلوں کے شاندار مستقبل کی ضمانت ہے۔

تقریب کے معزز مہمانوں نے اظہار خیال کرتے ہوئے منہاج یونیورسٹی کے سپورٹس فیسٹیول کی تقریب کو سراہا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ کالج آف شریعہ اور منہاج یونیورسٹی میں طلبہ کے سیرت و کردار کے ساتھ ساتھ یہاں کھیلوں کی بھی مکمل سہولیات دی جا رہی ہیں۔ جو طلبہ کے تعمیر و کردار میں مثبت اور تعمیری سوچ پروان چڑھا رہی ہیں۔

قومی کرکٹ ٹیم کے سٹار اوپننگ بیٹسمین اور ٹیسٹ کرکٹر یاسر حمید نے کہا کہ انہیں منہاج یونیورسٹی کے سپورٹس فیسٹیول میں آ کر بہت خوشی ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ تعلیمی اداروں میں کھیلوں کا رحجان ناپیدہوتا جا رہا ہے، جس سے کرکٹ سمیت دیگر کھیلوں کا ملک سے ٹیلنٹ ختم ہو جا رہا ہے۔ منہاج یونیورسٹی میں انعامات سے بھری اس تقریب سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہاں تعلیم کے ساتھ ساتھ طلبہ کھیلوں میں بھی بھرپور حصہ لیتے ہیں۔

آخر میں معزز مہمانوں نے سپورٹس فیسٹیول کی مختلف کھیلوں کے مقابلے جیتنے والے کھلاڑیوں اور ٹیموں کے کپتانوں کو ٹرافیاں، شیلڈز، سووئنیرز اور انعامات دیئے گئے۔ تقریب میں سپورٹس فیسٹیول 2010ء کا سب سے بڑا انعام ’’منہاج ٹرافی‘‘ تھی، جسے ٹیسٹ کرکٹر یاسر حمید اور دیگر معزز مہمانوں نے فاتح ٹیم کے کپتان کو دیا۔

تقریب کا باقاعدہ اختتام دوپہر 2 بجے ہوا، آخر میں منہاج سپورٹس کے صدر محمد شعیب بزمی نے تمام معزز مہمانوں کی آمد کا شکریہ ادا کیا۔ پروگرام کا اختتام دعا خیر سے ہوا، جس کے بعد تمام معزز مہمانوں کو ظہرانہ بھی دیا گیا۔

رپورٹ : ایم ایس پاکستانی

تبصرہ

Top