ماہانہ مجلس ختم الصلوٰۃ علی النبی (ص) کا روحانی اجتماع - جون 2010ء

مورخہ: 03 جون 2010ء

تحریک منہاج القرآن کے گوشہ درود کی ماہانہ مجلس ختم الصلوٰۃ علی النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا 54 واں ماہانہ روحانی اجتماع 3 جون 2010ء کو مرکزی سیکرٹریٹ میں ہوا۔ ماہ جون کے اس پروگرام کی صدارت ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کی۔ مفتی عبدالقیوم خان ہزاروی، پروفیسر محمد نواز ظفر، امیر پنجاب احمد نواز انجم، ڈاکٹر ظہور احمد اظہر، ناظم منہاج القرآن علماء کونسل علامہ فرحت حسین شاہ، انچارج خدمت کمیٹی گوشہ درود حاجی محمد سلیم قادری، مربی گوشہ درود الحاج سید مشرف علی، حاجی ریاض احمد، راجہ زاہد محمود، ناظم دعوت میاں عبدالقادر، ناظم اجتماعات جواد حامد، ڈاکٹر اصغر جاوید الازھری، بشیر خان لودھی، علامہ نورالزمان نوری، علامہ غلام مرتضیٰ علوی، شہزاد رسول قادری اور دیگر مرکزی قائدین بھی پروگرام میں موجود تھے۔

گوشہ درود کے صفہ ہال کی چھت پر ہونے والے روحانی اجتماع میں خواتین کی بڑی تعداد بھی شریک تھیں، جن کے لیے پنڈال کا ایک حصہ مختص کیا گیا تھا۔ پروگرام میں شرکاء کے لیے ڈیجیٹل سکرین بھی لگائی گئی تھی۔ پنڈال کے اگلے حصہ میں گوشہ درود کے گوشہ نشینان بیٹھے تھے۔

نماز عشاء کے بعد شب ساڑھے 9 بجے پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔ جس کے بعد نعت خوانی کا سلسلہ شروع ہوا۔ جس میں عنصر علی قادری، امجد بلالی برادران، منہاج نعت کونسل، شہزاد برادران اور دیگر ثناء خوان حضرات نے نعت خوانی کے سلسلہ کو آگے بڑھایا۔ نعت خوانی کا یہ سلسلہ شب 11 بجے تک جاری رہا۔ اس کے بعد بیرون ملک سے صاحبزادہ حسین محی الدین قادری کا ٹیلی فونک خطاب شروع ہوا۔

صاحبزادہ حسین محی الدین قادری نے حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی "صفت معرفت" کے حوالے سے خطاب کیا۔ آپ نے کہا کہ دنیا میں ہر شے معرفت مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محتاج ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ہر دور میں روح مصطفیٰ موجود ہے۔ آپ نے حدیث مبارکہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے فرمان کے مطابق کہ جب اپنے گھروں میں واپس جاؤ تو "السلام علیکم" کہو، اور جب گھر میں کوئی فرد موجود نہ تو پھر درود پاک پڑھا کرو۔ آپ نے کہا کہ دنیا میں اس انسان سے زیادہ خوش قسمت کوئی نہیں ہے جسے معرفت مصطفیٰ مل جائے۔ جس کو دنیا میں صفت معرفت مل گئی تو اس کی دنیا اور آخرت دونوں زندگیاں سنور گئیں۔

صاحبزادہ حسین محی الدین قادری کے ٹیلی فونک خطاب کے بعد امیر پنجاب علامہ احمد نواز انجم نے گوشہ درود کی ماہانہ رپورٹ پیش کی۔ آپ نے بتایا کہ ماہ مئی 2010ء میں گوشہ درود کے پڑھے جانے والے درود پاک کی تعداد 58 کروڑ 13 لاکھ 28 ہزار اور 86 ہے۔ گوشہ درود کے اب تک پڑھے جانے والے درود پاک کی تعداد 14 ارب 74 کروڑ 62 لاکھ 92 ہزار اور 458 ہو گئی ہے۔

گوشہ درود کی ماہانہ مجلس ختم الصلوٰۃ کے اختتام پر تمام شرکاء نے کھڑے ہو کر درود و سلام پیش کیا، جس کے بعد خصوصی دعا سے پروگرام کا باقاعدہ اختتام ہوا اور شرکاء میں لنگر بھی تقسیم کیا گیا۔ پروگرام کی نقابت کے فرائض وقاص علی واصل نے سرانجام دیئے۔

رپورٹ: ایم ایس پاکستانی

تبصرہ

Top