مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کی پارلیمنٹ کا دو روزہ اجلاس

مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کی پارلیمنٹ کا 2 روزہ اجلاس 15 اور 16 جنوری 2011ء کو ہوا۔ تحریک کے مرکزی سیکرٹریٹ لاہور میں ہونے والی اجلاس کی صدرات سپیکر سٹوڈنٹس پارلیمنٹ تجمل حسین انقلابی نے کی۔ اجلاس میں ڈپٹی سپیکر سٹوڈنٹس پارلیمنٹ کی ذمہ داری عبدالغفار مصطفوی نے سرانجام دی۔ اجلاس میں سندھ، بلوچستان، آزاد جموں و کشمیر، خیبر پختونخواہ، پنجاب اور ملک بھر کی مختلف یونیورسیٹوں، کالجوں اور تحصیلات کے ممبران پارلیمنٹ طلبہ نے شرکت کی۔

پہلا سیشن

ایم ایس ایم کی پارلیمنٹ کے اجلاس کا افتتاحی سیشن 15 جنوری 2011ء بروز ہفتہ شام 6 بجے شروع ہوا۔ اس موقع پر قاری سعادت زرگام مصطفوی نے تلاوت قرآن پاک کا شرف حاصل کیا۔ نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم انعام مصطفوی نے پیش کی۔

اجلاس میں سب سے پہلے تمام ممبران نے اپنا اپنا تعارف کروایا۔ سپیکر سٹوڈنٹس پارلیمنٹ تجمل حسین انقلابی نے استقبالیہ کلمات ادا کرتے ہوئے تمام ممبران کو خوش آمدید کہا اور اجلاس میں تشریف لانے پر شکریہ بھی ادا کیا۔ ڈپٹی سپیکر سٹوڈنٹس پارلیمنٹ عبدالغفار مصطفوی نے ہاؤس کے سامنے ایم ایس ایم کی سابقہ چھ ماہ کی کارکردگی کی جائزہ رپورٹ پیش کی۔ اس کے بعد تمام یونیورسٹیز، کالجز، میڈیکل کالجز اور مختلف تعلیمی اداروں اور تحصیلات کے صدور نے سٹیج پر آکر اپنی انفرادی کارکردگی رپورٹ پیش کی۔

اجلاس کے پہلے سیشن میں ڈائریکٹر امور خارجہ راجہ جمیل اجمل، احمد نواز انجم امیر پنجاب، سابق مرکزی رہنما ایم ایس ایم سعید عالم، سابق مرکزی صدر ایم ایس ایم چوہدری امجد حسین جٹ، چوہدری بابر علی صدر منہاج القرآن یوتھ لیگ، شاہد لیطف ڈائریکٹر MES، سمیرا رفاقت ناظمہ منہاج القرآن ویمن لیگ، سابق مرکزی رہنما موومنٹ انجنیئر صداقت رسول شاہ، سابق مرکزی رہنما موومنٹ انجنیئر رمضان ندیم، ایم ایس ایم کے کیبنٹ ممبران حافظ رمضان نیازی، عاصم رشید، محمد صدیق جان، عمیر مصطفوی، ضمیر مصطفوی، وحید مصطفوی، عرفان یوسف، وجیہہ الحسنین شاہ، عرفان آصف، رضوان یوسف، اسد اللہ جان الازہری، محمد عمران ملک، راحیل جاوید، محمد بلال، بشیر احمد چاچڑ، میر نبی بخش سنجرانی، رضوان میر، محسن سردار اور ایم ایس ایم کے دیگر علاقائی قائدین نے بھی شرکت کی۔

ایم ایس ایم کے سابق مرکزی رہنماء سعید عالم نے سٹوڈنٹس پارلیمنٹ کے اجلاس سے خطاب کر تے ہو ئے کہا کہ ایم ایس ایم تحریک منہاج القرآن کا ہراول دستہ ہے۔ اس کے عہدیداران و کارکنان کی ذ مہ داری ہے کہ وہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا پیغام علم و امن ملک بھر کے طلبہ تک پہنچائیں۔

دوسرا سیشن

پہلے دن کا دوسرا سیشن رات ساڑھے 9 بجے شروع ہوا۔ جس میں امیر پنجاب احمد نواز انجم نے سٹوڈنٹس پارلیمنٹ سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں سب سے پہلے مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کی پوری ٹیم کو خصوصی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ جو مصطفوی جدوجہد کے ذریعے طلبہ میں مثبت تبدیلی کے لیے اپنی منزل کی طرف رواں دواں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایم ایس ایم معاشرے میں ایک بامقصد شعور کی بیداری کے لیے کام کر رہی ہے۔ جس کے پیغام کو مزید عام کرنا ہوگا۔

دوسرے سیشن میں ایم ایس ایم کے صوبائی صدور نے انپے انپے صوبے کی کارکردگی رپورٹ بھی پیش کی۔

خطاب شیخ الاسلام

اجلاس کے دوسرے سیشن میں رات ساڑھے گیارہ بجے بیرون ملک سے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا خصوصی ٹیلی فونک خطاب ہوا۔ آپ نے مصطفوی سٹوڈنٹس پارلیمنٹ کے اجلاس کے تمام شرکاء کو اپنی طرف سے خوش آمدید کہا اور سٹوڈنٹس پارلیمنٹ اجلاس کے کامیاب انعقاد پر MSM کی مرکزی ٹیم کو مبارکباد بھی دی۔

شیخ الاسلام نے اپنے خطاب میں کہا کہ موجودہ حالات میں لیڈر اور رہنماء کی تعریف تبدیل ہو چکی ہے۔ آج لیڈر اس کو کہا جاتا ہے جو پارلیمنٹ کا ممبر ہو یا کسی سیاسی جماعت کا رہنماء ہو۔ حالانکہ لیڈر وہ ہے جو علم اور عمل میں بہتر ہو اور ملک و قوم کیلئے اس کی گراں قدر خدمات ہوں۔ انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح پاکستان بننے سے پہلے بھی لیڈر تھے حالانکہ اس وقت وہ کسی پارلیمنٹ ممبر یا کوئی سرکاری عہدے دار نہیں تھے۔ پاکستان کا موجودہ سسٹم مشترکہ مفادات کی کونسل بن کر رہ گیا ہے۔ یہ نظام ایک دوسرے کی کرپشن کو چھپانے کا نام ہے۔

اس وقت ملک میں سیکولر شدت پسندی اور مذہبی شدت پسندی عروج پر ہے۔ ایسے حالات میں آپ اعتدال کے ساتھ کام کریں، ہم Moderation کے ساتھ Traditional Rationalism کے قائل ہیں۔ یہ Globalization کا دور ہے، جس میں شدت پسندی آپ کو دنیا میں تنہاء کر سکتی ہے۔

شیخ الاسلام نے MSM کے طلبہ کو تاکید کی کہ نماز پنجگانہ ادا کریں اور اپنے اندر روحانی اقدار کو فروغ دیں۔ اپنی تمام تر توجہ تعلیم پر دیں۔ نالائق طالب علم اچھا لیڈر کبھی نہیں بن سکتا، آپ کا اسلحہ علم، تقوی، کردار اور عمل ہے۔ انہوں طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ میرے فکری وارث ہیں، میرے بازو ہیں اور میری آنکھیں ہیں۔ اس لیے آپ نوجوان نسل کے اندر انقلاب کا شعور بیدار کریں اور تبدیلی کیلئے عملی جدوجہد کو مزید تیز کر دیں۔ کیونکہ اللہ تعالیٰ کا وعدہ ہے کہ وہ کسی قوم کی حالت کبھی نہیں بدلتا جن کو خود اپنی حالت بدلنے کاخیال نہ ہو۔

خطاب کے بعد MSM کے طلبہ نے اپنے قائد شیخ الاسلام سے وعدہ کیا کہ علم اور عشق مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شمعیں لے کر نکلیں گے اور ملک بھر سے جہالت کے اندھیروں کا خاتمہ کریں گے۔

اجلاس کا دوسرا دن

ایم ایس ایم سٹوڈنٹس پارلیمنٹ اجلاس کے دوسرے دن کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا، جس کی سعادت قاری خالد حمید کاظمی نے حاصل کی۔ نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سعادت عدنان حسن نے حاصل کی۔

شیخ زاہد فیاض قائمقام ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن نے سٹوڈنٹس پارلیمنٹ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طلبہ کی اولین ترجیح تعلیم کا حصول ہونا چاہیے۔ حصول علم کے دوران سیاست کرنے والے طلبہ حقیقی لیڈر نہیں بن سکتے۔ ملک کے تعلیمی اداروں میں طلبہ کی تربیت کا باقاعدہ نظام موجود نہیں، اس لیے طلبہ کو چاہیے کہ وہ علم کے حصول کے ساتھ ساتھ اخلاقی و روحانی تربیت کے عمل کا حصہ ضرور بنیں۔ جس کے لیے طلبہ رات کا کچھ حصہ یاد الہی میں بسر کیا کریں تا کہ نفسانی خواہشات ان پر غلبہ نہ کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کا اسلحہ قلم اور کتاب ہے وہ اپنا مطالعہ وسیع کریں۔ تنگ نظری اور انتہا پسندی کے خاتمے کے خلاف انہیں اپنا کردار نبھانا ہے۔ اس کیلئے ضروری ہے کہ وہ جدید علوم کے مطالعہ کو زندگی کا حصہ بنائیں اور اسلامی تعلیمات کا بھی عمیق مطالعہ کریں کیونکہ اسلاف کے علوم سے کٹی ہوئی جدت پسندی کی اسلام میں کوئی گنجائش نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسلام کی اقدار الوہی نظام پر قائم ہیں، اسلئے ان میں تبدیلی کبھی نہیں ہو سکتی۔ انہوں نے کہا کہ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے طلبہ تحریک منہاج القرآن کے فکری وارث ہیں اسلئے علم کو گہرائی سے حاصل کرنا ان کا فرض ہے۔ تحریک منہاج القرآن احیاء و تجدید دین کی عالمگیر تحریک ہے اس لئے اس سے وابستہ نوجوانوں کی پہلی اور آخری ترجیح علم نافع کا حصول ہے جو اس نصیحت پر عمل کریں گے انہیں دنیا میں کوئی شکست نہ دے سکے گا۔

انجینیئر رمضان ندیم نے تحریک منہاج القرآن کے فورم "کونسل آف مسلم انجینیئرز اینڈ ٹیکنالوجسٹ" کی اہمیت اور ضرورت پر لیکچر دیا۔ انہوں نے انجینیئرنگ یونیورسٹیز سے آنے والے طلبہ پر زور دیا کہ وہ (COMET) کے ممبر بنیں اور ا پنے تعلیمی اداروں میں (COMET) کو متعارف کروائیں۔

مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ جنوبی پنجاب کے صدر محمد صدیق جان نے سٹوڈنٹس سکالر شپ پروگرام پر بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ تمام تحصیلات اپنے اپنے علاقوں میں سٹوڈنٹس ویلفیئر بورڈ کا قیام عمل میں لائیں اور قائد ڈے "19 فروری 2011" کے مو قع پر ہر تحصیل غریب طلبہ میں کتب تقسیم کریں اور سٹوڈنٹس ویلفیئر بورڈ کے قیام کے بعد مخیر حضرات سے ملیں اور غریب طلبہ کے لیے فنڈ قائم کریں۔

مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے مرکزی سیکرٹری انفارمیشن ضمیر مصطفوی نے شرکاء کو میڈیا کی اہمیت پر لیکچر دیا اور میڈیا کے حوالے سے ہدایا ت دیں۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا اجتماعی عوامی سوچ کو بدلتا ہے اس لیے ہر اہم ایشو پر آپ کا موقف جانا ضروری ہے۔

اجلاس کے آخری سیشن میں سپیکر سٹوڈنٹس پارلیمنٹ تجمل حسین انقلابی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اقبال کا شاہین ہمارا آئیڈیل ہے اسلئے ہم نے پرواز بلند رکھ کر سفر جاری رکھنا ہے اور تکمیل پاکستان کیلئے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی قیادت میں اسی کردار کو فروغ دینا ہے، جو تشکیل پاکستان کے وقت قائد اعظم کی قیادت میں ادا کیا گیا تھا۔

سابقہ مرکزی صدر موومنٹ چوہدری امجد حسین جٹ خطاب کر تے ہو ئے کہا کہ اللہ کے فضل و کرم سے مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ اس وقت ملک بھر کے تعلیمی اداروں میں شیخ الاسلام کی فکر کو عام کر رہی ہے۔ مصطفوی طلبہ مبارکباد کی مستحق ہیں کہ جن کو شیخ الاسلام نے اپنا وارث کہا، اپنے بازو اور آنکھیں کہا۔ اس کے ساتھ ایم ایس ایم کی ذمہ داریاں مزید بڑھ گئیں ہیں۔ اب ہمیں حقیقی معنوں میں قائد کا وارث بن کر دکھانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایک فکری اور علمی تحریک سے تعلق رکھتے ہیں، اس لیے اپنے اندر مطالعہ کی عادت کو فروغ دیں۔ آپ کے پاس ہر قسم کا علم ہونا چاہیے تاکہ آپ کسی بھی طبقے کے فرد کو مشن کی دعوت د ے سکیں اپنی تعلیم پر توجہ دیں تاکہ آپ کسی اچھے مقام پر پہنچ کر مشن اور ملک و قوم کی خدمت کر سکیں۔

انہوں نے آخر میں ایم ایس ایم کے سابقین حنیف مصطفوی، تنویر خان، باسط ملک، سعید عالم، صداقت رسول شاہ اور دیگر کو خراج تحسین پیش کیا اور موجودہ ٹیم کو بہترین کا کردگی پر مبارکباد پیش کی اور یوتھ لیگ کی جا نب سے تعاون کی یقین دہانی کروائی۔

ساجد ندیم گوندل سینئر نائب صدر مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ نے شرکاء اجلاس کو آئندہ 6 ماہ کے مختلف اہداف دیئے اور طلبہ کو تاکید کی کہ قائد ڈے کے حوالے سے دیے گئے ٹارگٹ ضرور پورے کریں۔

سپیکر سٹوڈنٹس پارلیمنٹ نے اختتامی کلمات کہتے ہوئے کہا ہمیں اتنی محنت کرنا ہو گی کہ ملک پاکستان کا کوئی بھی طالب علم ایسا نہ ہو جس تک MSM کا پیغام نہ پہنچا ہو۔ تاکہ ہم اپنے قائد کے خواب کو جلد شرمندہ تعبیر کرسکیں اور اپنے قائد کے وارث ہونے کا حق ادا کر سکیں۔ اجلاس کا اختتام دعائے خیر کے ساتھ ہوا۔

رپورٹ : محمد ضمیر مصطفوی مرکزی سیکرٹری انفارمیشن MSM

تبصرہ

Top