کالج آف شریعہ میں مقابلہ قرات و نعت

مورخہ: 21 مارچ 2011ء

منہاج یونیورسٹی میں کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز لاہور میں طلبہ کی نمائندہ تنظیم بزم منہاج سیشن 12 - 2011 کے زیراہتمام سالانہ ہفتہ تقریبات کا آغاز 21 مارچ 2011ء کو ہوا۔ ہفتہ تقریبات کا اہتمام شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری مدظلہ کی 60 ویں سالگرہ کے موقع پر کیا گیا۔ تقریبات کے افتتاحی روز مقابلہ حسن قرات اور حسن نعت منعقد ہوا جس میں پاکستان بھر کی یونیورسٹیز اور کالجز سے طلبہ نے بھرپور تعداد میں شرکت کی۔

ہفتہ تقریبات کا باقاعدہ آغاز صبح 10 بجے تلاوت قرآن پاک کی تلاوت سے ہوا جس کی سعادت قاری محمد وقاص باروی نے حاصل کی۔ اس کے بعد محمد اشفاق چشتی نے نعت مبارکہ پیش کی۔ پروگرام کی نقابت کے فرائض قاری سید خالد حمید کاظمی اور مدثر حسین عباسی وائس پریزیڈنٹ بزم منہاج نے ادا کیے۔

مقابلہ حسن قرات کے مہمان خصوصی امیرتحریک منہاج القران انٹرنیشنل صاحبزادہ مسکین فیض الرحمان درانی تھے۔

پروگرام کا پہلا مرحلہ مقابلہ حسن قرات پر مشتمل تھا۔ جس میں 25 کالجز اور یونیورسٹیز کے طلبہ نے شرکت کی۔ پنجاب بھر کے مختلف تعلیمی اداروں سے آنیوالے قراء طلبہ نے اپنے اپنے مخصوص انداز میں تلاوت قرآن پاک پیش کر کے محفل کا ذوق دوبالا کیا۔

ججز کے متفقہ فیصلہ کے مطابق درج ذیل یونیورسٹیز اور کالجز کے طلبہ نے پوزیشن حاصل کیں۔

  • اول پوزیشن : قاری محمد عثمان (کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز، منہاج یونیورسٹی)
  • دوم پوزیشن : حافظ خضر ذیشان (النعیمیہ انٹرنیشنل قرات اکیڈمی اسلام آباد)
  • سوئم پوزیشن : حافظ مطلوب عالم (ادارہ صوت القرآن جوہر آباد)
  • اعزازی پوزیشن : قاری جاوید اقبال (دارالعلوم محمدیہ غوثیہ بھیرہ شریف)

کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کے طالب علم قاری محمد عثمان نے حسب روایت میزبان ہونے کے ناطے اپنی پہلی پوزیشن سے دستبردار ہو گئے۔ جو ان کے دوسری پوزیشن حاصل کرنے والے کو دی گئی۔ بزم منہاج کی طرف سے پوزیشن ہولڈر طلبہ کو انعامات سے نوازاگیا۔

مقابلہ حسن قرآت میں جیوری کے فرائض ملک پاکستان کے نامور قاری غلام مصطفی نعیمی (چیف جیوری)، قاری لعل محمد باروی (معاون جج) اور قاری اللہ بخش جاوید(معاون جج) نے انجام دیئے۔ اس پروگرام میں کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کے تمام سٹاف، منہاج یونیورسٹی کے تمام طلبہ، پنجاب بھر کے کالجز اور یونیورسٹیز کے طلبہ نے بھر پورشرکت کی۔

مقابلہ حسن نعت

ہفتہ تقریبات کے افتتاحی روز پروگرام کا دوسرا مرحلہ مقابلہ حسن نعت پر مشمل تھا۔ اس پروگرام کی صدارت بریگیڈئیر (ر) اقبال احمد (پرنسپل Cosis) نے کی۔ مقابلہ حسن نعت میں پنجاب بھر سے 23 کالجزاور یونیورسٹیز کے طلبہ نے شرکت کی۔

مقابلے کے آغاز میں صدر بزم منہاج سید حامد علی بخاری نے معزز مہمانوں اور شرکاء کوخوش آمدید کہا۔ تمام شرکاء نے اپنے اپنے مخصوص انداز میں نعت خوانی کر کے محفل کا سماں باندھا۔ مقابلہ حسن نعت میں جیوری کے فرائض درج ذیل ممبران نے ادا کئے جو خصوصی طور پر باہر سے مدعو کئے گئے تھے۔

  • صاحبزادہ ارشاد اعظم چشتی (چیف جیوری)
  • قاری عنصر علی قادری (ممبر جیوری )
  • علامہ غلام مجتبیٰ طاہر ایڈو کیٹ (ممبر جیوری)

مقابلہ حسن نعت میں بھی منہاج یونیورسٹی کے کالج آف شریعہ اینڈاسلامک سائنسز کے طلبہ نے اپنی بہترین کارکردگی پیش کرتے ہوئے اول پوزیشن حاصل کی۔ کالج کے طالب علم محمد اشفاق چشتی اول انعام حاصل کیا لیکن میزبان ہونے کی وجہ سے وہ اپنی پوزیشن سے دستبردار ہوگئے۔ جس کے بعد مہمان طالب علم کو درجہ وار فرسٹ، سیکنڈ اور تھرڈ پوزیشن دی گئی۔ اس طرح دوم پوزیشن منہاج کالج آف کامرس کے طالب علم محمد حبیب نے حاصل کی۔ سوئم پوزیشن محمد آصف منیر نے حاصل کی جبکہ صفدر علی کاظمی اعزازی پوزیشن کے حقدار ٹھہرے۔

نتائج کا اعلان ارشاد اعظم چشتی چیف جج نے کیا۔ انہوں نے اپنی خوبصورت آواز میں طلبہ کو اپنے والد گرامی حسان پاکستان محمد اعظم چشتی کا کلام بھی سنایا۔ اس کے بعد مہمانان گرامی کو اظہار خیال کی دعوت دی گئی۔ اس تقریب کے مہمان خصوصی ضیاء الامت پیر کرم شاہ الازہری کے خلیفہ مجاز پیر سید محمد زاہد صدیق شاہ بخاری آستانہ عالیہ بوکن شریف تھے۔ جو بزم منہاج کی خصوصی دعوت پر تشریف لائے۔

آپ کے ساتھ معروف صحافی اور چیف نیوز ایڈیٹر روز نامہ پاکستان محمد فاروق بھی پروگرام میں موجود تھے۔ پیر زاہد صدیق شاہ نے تقریب میں اظہار خیال کرتے ہوئے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری مدظلہ العالیٰ کی علمی وعملی، تحریکی خدمات او دین و ملت اور عالم اسلام کے لئے خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ چیف نیوز ایڈیٹر روز نامہ پاکستان نے بھی بزم منہاج کی کارکردگی کو سراہا اور انہیں خراج تحسین اور ہدیہ تبریک پیش کیا۔

رپورٹ : غیاث الدین احمد (صدر میڈیاکمیٹی)

تبصرہ

Top