منہاج سپورٹس سوسائٹی کے زیراہتمام سالانہ عالمی سفیرِ امن سپورٹس فیسٹیول

مورخہ: 23 مارچ 2011ء

منہاج یونیورسٹی لاہور کے ہفتہ تقریبات میں 23 مارچ 2011ء کو سپورٹس فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا۔ یوم پاکستان کے موقع پر ہونے والے سپورٹس فیسٹیول کی صدارت ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کی جبکہ پاکستان ہاکی ٹیم کے مینجر اور سابق اولمپئن کپتان خواجہ محمد جنید مہمان خصوصی تھے۔ سپورٹس فیسٹیول میں کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کے پرنسپل بریگیڈئر ریٹائرڈ اقبال احمد خان، ہفتہ تقریبات اور سپورٹس فیسٹیول کے چیف آرگنائزر یاسر علی خان، کالج آف شریعہ کے اساتذہ کرام اور بزم منہاج کے نمائندگان بھی اسٹیج پر موجود تھے۔ منہاج یونیورسٹی میں سپورٹس فیسٹیول کا انعقاد مرکزی سیکرٹریٹ کے بالمقابل گراونڈ میں ہوا۔ فیسٹیول کا آغاز صبح 10 بجے ہوا، جس میں مختلف کھیلوں کے مقابلے شامل تھے۔ طلباء نے فٹبال، کرکٹ، رسہ کشی، بیڈمنٹن، والی بال، ٹیبل ٹینس، ایتھلیٹکس سمیت دیگر کھیلوں میں بھرپور حصہ لیا۔ سپورٹس فیسٹیول میں ایک ہی جگہ مختلف کھیلوں کا انعقاد کیا گیا۔ جس کے لیے منی سپورٹس ویلج بنایا گیا تھا۔

تقریب کے مہمان خصوصی قومی ہاکی ٹیم کے مینجر خواجہ محمد جنید تشریف لائے تو آپ کا شاندار استقبال کیا گیا۔ بزم منہاج کے عہدیدران اور چیف آرگنائزر یاسر علی خان نے معزز مہمان کو گلدستہ پیش کر کے انہیں خوش آمدید کہا۔ اس موقع پر خواجہ جنید نے سپورٹس فیسٹیول میں مختلف کھیلوں کے مقابلے دیکھے، کالج آف شریعہ کے سٹاف اور منہاج القرآن سیکیورٹی ڈیپارٹمنٹ کے درمیان دلچسپ رسہ کشی کا مقابلہ ہوا، جو کالج آف شریعہ نے جیت لیا۔ اس کے علاوہ خواجہ جنید نے خصوصی دل چسپی کا مظاہرہ کرتے ہوئے طلباء کھلاڑیوں کے ساتھ ٹیبل ٹینس بھی کھیلی۔ انہوں نے بیڈمنٹن میں اپنی مہارت سے تمام معزز مہمانوں کو متاثر کیا۔ خواجہ جنید نے کہا کہ وہ ہاکی کے ساتھ ساتھ بیڈمنٹن میں دل چسپی رکھتے اور خود کھیلتے رہے ہیں۔

تقریب میں اظہار خیال کرتے ہوئے خواجہ جنید نے منہاج یونیورسٹی کے سپورٹس فیسٹیول کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ یوم پاکستان پر یہ امن کا پیغام ہے، جس پر منہاج یونیورسٹی کی انتظامیہ اور اساتذہ کرام کے ساتھ ساتھ کھیلوں میں حصہ لینے والے طلباء مبارکباد کے مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایشین گیمز میں سونے کا تمغہ جیتنے کے بعد منہاج القرآن میں یہ میری پہلی آمد ہے۔ خواجہ جنید نے کہا کہ آج ملک میں صحت مند معاشرے کا قیام ضروری ہے، جس کے لیے تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیلوں میں دل چسپی بہت ضروری ہے۔ یہاں طلباء کا کھیلوں میں جوش و خروش اور ولولہ دیکھ کر پتہ چلا کہ منہاج یونیورسٹی میں کھیلوں کا شعبہ بہت متحرک ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوم پاکستان پر اس سپورٹس فیسٹیول کا انعقاد پاکستان سے محبت کی نشانی ہے۔

آخر میں بزم منہاج کی انتظامیہ کی طرف سے معزز مہمانوں اور خواجہ جنید کا خصوصی شکریہ ادا کیا گیا۔ تقریب کا باقاعدہ اختتام دعا سے ہوا۔ تقریب کے بعد خواجہ جنید کو کالج آف شریعہ کا دورہ کرایا گیا، جس میں انہوں نے کالج کے مختلف شعبوں کو دیکھا اور ان میں گہری دل چسپی ظاہر کی۔ اس موقع پر کالج آف شریعہ میں عریبک ڈیپارٹمنٹ سے ڈاکٹر اصغر جاوید قادری الازھری، یاسر علی خان اور کالج کے دیگر اساتذہ کرام نے انہیں کالج میں خوش آمدید کہا۔

آخر میں کالج آف شریعہ کے سٹاف کیساتھ خواجہ جنید کا گروپ فوٹو بھی ہوا۔

تبصرہ

Top