تحریک منہاج القرآن لاہور عزیز بھٹی ٹاؤن کے زیراہتمام دروس عرفان القرآن کا پہلا روز

مورخہ: 03 اگست 2011ء

تحریک منہاج القرآن عزیز بھٹی ٹاؤن لاہور کے زیراہتمام اور روزنامہ الشرق کے تعاون سے 7 روزہ چوتھا سالانہ دروس عرفان القرآن کا پہلا پروگرام مورخہ 3 اگست 2011ء کو منعقد ہوا، جس میں خصوصی خطاب علامہ رانا محمد ادریس قادری مرکزی نائب ناظم اعلیٰ دعوت و تربیت نےکیا۔ پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا جس کی سعادت قاری امجد علی قادری نے حاصل کی اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ظہیر بلالی برادران (منہاج نعت کونسل) نے پڑھی۔ پروگرام میں نقابت کے فرائض ہاشم علی محتشم نے ادا کئے۔

علامہ رانا محمد ادریس قادری نے "اقامت دین میں نوجوان نسل کا کردار" کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کسی قوم کی عظمت اس کے نوجوان ہوتے ہیں۔ آج کے پروگرام کا مو ضوع ہماری نوجوان نسل، ماؤں اور بہنوں کا کردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام کا پہلا حرف تعلیم کا ہے لیکن آج مسلمان دیگر قوموں سے تعلیم میں بہت پیچھے رہ گئے ہیں اور یہ ہماری کمزوری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم دین کی اقامت چاہتے ہیں تو اس دین کی طرف راغب ہونا پڑے گا۔ مسلمانوں کا تجارت میں حصہ پوری دنیا میں تین فیصد ہے جبکہ اسے بیس فیصد ہونا چاہیے تھا۔ مسلمانوں کا اس وقت یہ حال ہے کہ مسلمان اپنے علماء سے یہ فتویٰ لیتے ہیں کہ اس مہنگائی کے دور میں حرام کھانا جائز قرار دیا جائے۔ اس دنیا کے چوتھائی حصے پر مسلمان بس رہے ہیں لیکن دنیا کی اسلامی تنظیم آج تک مسلمانوں کے حق میں کوئی قرارداد پاس نہیں کرسکی۔ انہوں نے کہا کہ اگر آج امت مسلمہ کی خاتون اگر سکارف پہنے تو بیرونی میڈیا اسے تنقید کا نشانہ بناتا ہے۔ یہاں تک کہ جرمنی اور فرانس میں سکارف پر پابندی عائد ہے۔ اقبال اپنی شاعری میں بار بار کہتے ہیں کہ کسی قوم کو اس کی نوجوان نسل ہی پالتی ہے۔ اقبال نوجوانوں کو بیدار کرتے ہوئے نظر آتے ہیں کیونکہ جوان خون جو کام کرسکتا ہے وہ کوئی اور نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ خدا کا شکر ہے کہ تحریک منہاج القرآن کا زیادہ تر طبقہ نوجوان نسل کا طبقہ ہے۔

علامہ رانا محمد ادریس قادری نے کہا کہ صرف کلمہ طیبہ پڑھ لینا ہی دین میں داخل ہونے کیلئے کافی نہیں ہے بلکہ کلمہ طیبہ کے بعد دین اسلام کے لئے جہاد کرنا ہے۔ اسلام تلوار اٹھانے کی اجازت اس وقت دیتا ہے جب تمہاری جان خطرے میں ہو۔ اسلام تو یہ تعلیم دیتا ہے کہ اگر تمہاری کسی دشمن سے بھی جنگ ہو تو تم نے ان کے بچوں، بوڑھوں اور عورتوں پر تلوار نہیں اٹھانی اور اگر دشمن ہتھیار پھینک دے تو اس پر بھی تلوار نہیں اٹھانی۔ انہوں نے کہا کہ آج جو کچھ پاکستان میں ہو رہا ہے وہ حکمرانوں کی نااہلی ہے آج پاکستان میں بجلی، پانی اور گیس کا بحران ہے اور سی این جی تو تین تین دن تک بند ہے جبکہ پٹرول کی قلت کے وقت لوگوں کو مہنگے داموں پٹرول خریدنا پڑتا ہے۔

رانا محمد ادریس قادری نے کہا کہ اس وقت سب سے بہتر جہاد بالعمل ہے کیونکہ اسلام تلوار کے زور سے نہیں پھیلا ہے بلکہ اسلام تو عمل کے ذریعے پھیلا ہے۔ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا کردار دیکھ کر لوگ دائرہ اسلام میں داخل ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ ہر مسلمان کو گلے لگانے کا کام ہماری نوجوان نسل کو کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ آج مسلمانوں کے نام پر دہشتگردی ہو رہی ہے، مساجد محفوظ نہیں ہیں۔ جان و مال محفوظ نہیں ہیں۔ اگر کوئی گھر سے نکلے تو اس کے واپس آنے کی امید نہیں ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس لیڈر شپ کا فقدان ہے اور ہمیں ایک اچھا لیڈر ڈھونڈنا پڑے گا ہمیں اپنے لیڈر کو پہچاننا ہو گا، انہوں نے کہا کہ رمضان کے آخری عشرے میں شہر اعتکاف سجے گا۔ یہ شہر اعتکاف اجتماعیت کے لحاظ سے پاکستان میں پہلے نمبر پر ہوگا۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ دین کی اشاعت کیلئے ہر شخص اپنا اپنا کردار ادا کرے۔ اپنا ایمان پختہ کر لو ان شاء اللہ کامیابی حاصل ہوگی۔

پروگرام کے آخر میں تحریک منہاج القرآن عزیز بھٹی ٹاؤن کی جانب سے شیخ الاسلام ایوارڈ 2011ء کا اجرا کیا گیا ہے۔ تحریک منہاج القرآن عزیز بھٹی ٹاؤن لاہور کی طرف سے جو لوگ مختلف شعبہ جات یعنی (تعلیم، میڈیکل، پولیس، علماء، ویلفیئر، تجارت و بزنس، سپورٹس اور صحافت) کے شعبہ جات میں جو لوگ نمایاں کام کررہے ہیں ان کو اجاگر کرنا اور ان کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔ اس سلسلے میں پہلے روز میڈیکل شعبہ میں نمایاں خدمات سرانجام دینے والے احباب کو شیخ الاسلام ایوارڈ دیا گیا جن میں ڈاکٹر ممتاز حسین جو میو ہسپتال لاہور Eye Specialist ہیں اور ڈاکٹر رشید احمد فاروقی جو MBBS ڈاکٹر ہیں اور بٹ چوک تارجپورہ سکیم میں جنرل پریکٹس کررہے ہیں شامل ہیں۔

رپورٹ: محمد طاہر مسعود

تبصرہ

Top