تحریک منہاج القرآن لاہور عزیز بھٹی ٹاؤن کے زیراہتمام دروس عرفان القرآن کا دوسرا روز

مورخہ: 04 اگست 2011ء

تحریک منہاج القرآن عزیز بھٹی ٹاؤن لاہور کے زیراہتمام اور روزنامہ الشرق کے تعاون سے 7 روزہ چوتھا سالانہ دروس عرفان القرآن کا دوسرے پروگرام مورخہ 4 اگست 2011ء کو منعقد ہوا، جس میں خصوصی خطاب علامہ رانا محمد نفیس حسین قادری نےکیا۔ پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا جس کی سعادت حافظ محمد رضوان نوری نے حاصل کی جبکہ نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سپرد علی ضیاء نے پڑھی۔ پروگرام میں نقابت کے فرائض ہاشم علی محتشم نے ادا کئے۔

علامہ نفیس حسین قادری نے عقید توسل اور اُس کی شرعی حیثیت کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج امت میں کچھ لوگ کم علمی کی بنیاد پر سادہ لوگوں کے ذہنوں کو شکوک و شبہات کا شکار کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وسیلہ دعاؤں کے طریقے سے ایک طریقہ ہے۔ وسیلہ اللہ کی بارگاہ میں قربت حاصل کرنے کیلئے پیش کیا جاتا ہے مگر حقیقت میں وہ شخص اللہ سے مانگ رہا ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس بات پر تو سب کا اتفاق ہے کہ اعمال صالح جیسے حج، نماز اور روزہ وغیرہ کو تو وسیلہ بنایا جاسکتا ہے مگر جھگڑا یہ ہے کہ کسی شخصیت کو وسیلہ نہیں بنایا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ قرآن شریف میں ہے کہ "اے ایمان والو اللہ سے ڈرتے رہو اور اللہ کی طرف وسیلہ تلاش کرو، اس کی راہ میں جہاد کرو تاکہ (لوگو) تم کامیاب ہو جاؤ"۔

علامہ رانا محمد نفیس قادری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بعض لوگ کہتے ہیں وسیلہ جائز ہے اور بعض لوگ کہتے ہیں وسیلہ ناجائز ہے۔ اگر کسی کی آنکھ خراب ہوتی ہے تو لوگ اسے ڈاکٹر کے پاس لے جاتے ہیں اس لئے کہ انہیں دوائی مل جائے۔ آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اپنے غلاموں کو خود وسیلہ سکھاتے تھے۔ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے غلام بھی خدا کی بارگاہ میں حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے وسیلہ سے ہی جاتے تھے۔

تحریک منہاج القرآن عزیز بھٹی ٹاؤن کی جانب سے شیخ الاسلام ایوارڈ 2011ء کا اجرا کیا گیا ہے تحریک منہاج القرآن عزیز بھٹی ٹاؤن لاہور کی طرف سے جو لوگ مختلف شعبہ جات یعنی (تعلیم، میڈیکل، پولیس، علماء، ویلفیئر، تجارت وبزنس، سپورٹس اور صحافت ) کے شعبہ جات میں اچھا کام کررہے ہیں تاکہ انکی حوصلہ افزائی کی جائے اور ان کو معاشرہ کے سامنے لایا جائے۔ اس سلسلے میں دوسرے روز ویلفیئر اور تعلیم کے شعبہ جات میں نمایاں خدمات سرانجام دینے والے احباب کو شیخ الاسلام ایوارڈ دیا گیا جن میں عبدالمجید جو کہ مختاراں رفیق ویلفیئر ہسپتال کینال بنک سکیم لاہور کے چیئرمین ہیں اور پچھلے پانچ سال سے میڈیکل کے شعبہ میں اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ محمد توحید جو کہ غوثیہ ویلفیئر سوسائٹی مجاہد آباد لاہور کے چیئرمین ہیں اور مختلف فلاحی منصوبہ جات کو کامیابی سے چلارہے ہیں۔ شیخ وکیل احمد جو کہ منہاج ویلفیئر لیبارٹری شالیمار لنک روڈ کے چیئرمین ہیں اور عوام کی فلاح وبہبود کیلئے کلنیکل لیبارٹری اور بلڈ بنک بڑی کامیابی سے چلارہے ہیں۔ ملک آصف علی پہلوان یتیم خانہ چوک میں ہڈیوں کا ہسپتال چلارہے ہیں۔ ملک زاہد حسین جوکہ صدر National Peace کونسل پاکستان ہیں۔ محترمہ رضیہ اسلم تحریک منہاج القرآن ویمن لیگ عزیز بھٹی ٹاؤن کی صدر ہیں اور علاقے میں لوگوں کی فلاح و بہبود خصوصاً خواتین کیلئے انتھک کوششیں کررہی ہیں اور تحریک منہاج القرآن کا پیغام گھر گھر پہنچا رہی ہیں۔ اسی طرح تعلیم کے شعبہ میں نمایاں خدمات سرانجام دینے پر پروفیسر محمد خالد ہاشمی جو کہ گورنمنٹ شالیمار کالج میں Maths کے پروفیسر ہیں شامل ہیں۔

دروس عرفان القرآن کے اختتام پر مسلم امہ کی بلندی کیلئے، ملکی سلامتی اور اسلام کی حفاظت کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔

رپورٹ: محمد عرفان طاہر

تبصرہ

Top