قدوۃ الاولیاء سیدنا طاہر علاؤالدین القادری الگیلانی کے یوم ولادت پر خصوصی تقریب

تحریک منہاج القرآن کے روحانی سرپرست قدوۃ الاولیاء حضرت پیر سیدنا طاہرعلاؤالدین القادری الگیلانی البغدادی رضی اللہ عنہ کے یوم ولادت کی تقریب 11 فروری 2012ء (بمطابق 18 ربیع الاول) کو مرکزی سیکرٹریٹ تحریک منہاج القرآن میں منعقد ہوئی۔ تقریب کی صدارت ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کی۔ مرکزی قائدین میں حاجی منظور حسین قادری، سید الطاف حسین شاہ گیلانی، احمد نواز انجم، حاجی محمد الیاس قادری، سید مشرف علی شاہ، شہزاد رسول قادری، صاحبزادہ افتخار الحسن شاہ، دیگر قائدین و سٹاف ممبران شامل تھے۔

تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا، جس کے بعد نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور حضور غوث الاعظم رحمۃ اللہ علیہ کی شان میں ہدیہ منقبت بھی پیش کیا گیا۔ پروگرام میں ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی اور دیگر مقررین نے اظہار خیال کیا۔ ناظم اعلیٰ نے کہا کہ قدوۃ اولیاء تحریک منہاج القرآن کے روحانی سرپرست اعلیٰ ہیں، جن کی خاص توجہات کے ذریعے تحریک ساری دنیا میں اپنا کام جاری رکھے ہوئے ہے۔

یہ ان کی شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری سے خاص محبت کا نتیجہ ہے کہ آج منہاج القرآن دنیا بھر میں پھیل چکا ہے۔ قدوۃ اولیاء ہمیشہ منہاج القرآن کے رفقاء و کارکنان سے بہت محبت کرتے تھے، انہوں نے اپنی ساری زندگی میں محبت منہاج القرآن کا دست و بازو بن کر زندگی گزارنے کی تلقین کی۔ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ آج سلسلہ قادریہ کا فیض ہے کہ منہاج القرآن قدوۃ الاولیاء کا پیغام امن و محبت دنیا بھر میں عام کر رہا ہے۔ ہمیں یہ سلسلہ مزید جاری رکھنا ہے۔

تقریب کے اختتام پر قدوۃ الاولیاء سیدنا طاہرعلاوالدین القادری الگیلانی رحمۃ اللہ علیہ کے یوم ولادت کی مناسبت سے کیک بھی کاٹا گیا۔ آخر میں ڈائریکٹر گوشہ درود سید مشرف علی شاہ نے خصوصی دعا کروائی۔

تبصرہ

Top