محفل میلاد مصطفیٰ (ص) ۔۔۔ بالمیک مندر نیلا گنبد لاہور کے صحن میں تاریخ رقم


منہاج نعت کونسل نشتر ٹاؤن نعت مبارکہ پیش کر رہی ہے
جبکہ سٹیج پر پنڈت بھگت لال ہاتھ ہلا کر جشن پیغمبر انسانیت کو خراج تحسین پیش کر رہے ہیں


ڈائریکٹر انٹرفیتھ ریلیشنز منہاج القرآن جشن ولادت پیغمبر انسانیت کے شرکاء سے خطاب کر رہے ہیں

بالمیک مندر نیلا گنبد کے صحن میں تاریخ رقم، محفل میلاد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے دوران مندر کے درو دیوار نعتوں اور درود و سلام سے گونجتے رہے۔ محسن انسانیت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت باسعادت کا کیک کاٹا گیا۔ معروف نعت خوانوں نے نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے نذرانے پیش کئے۔ نماز عصر کی اذاں کہی گئی اور نماز باجماعت مندر کے احاطے میں ادا کی گئی۔

دیں اذانیں کبھی یورپ کے کلیساؤں میں
کبھی افریقہ کے تپتے ہوئے صحراؤں میں
(علامہ اقبال)

اس موقع پر تارا چند، لبھا بھگت اورشمس گل نے مشہور زمانہ نعت ’’شاہ مدینہ طیبہ کے والی سارے نبی تیرے در کے سوالی‘‘ پڑھ کر محفل میلاد میں عجیب روحانی ماحول پیدا کردیا۔


مہمانان گرامی ہاتھ لہرا کر جشن آمد رسول (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کے نعرے لگا رہے ہیں


ہندو بالمیک مندر کے تارا چند، لبھا بھگت اور شمس گل معروف نعت "شاہ مدینہ طیبہ کے والی" پیش کرتے ہوئے

تحریک منہاج القرآن کی ڈائریکٹوریٹ آف انٹرفیتھ ریلیشنز کے زیراہتمام ہونے والی محفل میلاد مصطفیٰ میں جی ایم ملک (نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن انٹرفیتھ ریلیشنز)، پنڈت بھگت لال، مسیحی رہنماء پادری چمن سردار، سہیل احمد رضا (ڈائریکٹر انٹرفیتھ ریلیشنز تحریک منہاج القرآن)، پیر سید علی رضا، قاضی فیض الاسلام، پروفیسر ذوالفقار علی، حافظ غلام فرید، علامہ محمد حسین آزاد، پیر سید عثمان نوری، سید وقار الحسنین نقوی، ڈائریکٹر آئی آر سی ناصر سہیل، حافظ مختار، حفیظ اللہ جاوید، ڈاکٹر اقبال نور اور دیگر مسیحی، ہندو اور مسلم رہنماؤں نے شرکت کی۔


جشن ولادت مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا کیک کاٹتے ہوئے

پنڈت بھگت لال نے گفتگو کا آغاز آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں نعت پڑھ کر کیا۔ انہوں نے کہا کہ صرف مسلمانوں کا محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر اجارہ نہیں ہے، محسن انسانیت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پوری انسانیت کیلئے رحمت بن کر آئے اور اس رحمت سے ہندو اور دیگر مذاہب کے پیروکار بھی حصہ لے رہے ہیں۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری اسلام کا پیغام محبت و سلامتی عام کر رہے ہیں، اسلامی دنیا کے اس عظیم سکالر نے ہم تک حقیقی اسلامی تعلیمات پہنچائی ہیں جس میں نفرت، انتہا پسندی اور تشدد کا نہیں سلامتی، امن اور مذاہب کے احترام کا پیغام ہے۔ شیخ الاسلام نے ویمبلے کانفرنس لندن میں 12 ہزار افراد کے اجتماع میں مختلف مذاہب کے رہنماؤں اور پیروکاروں کو ایک چھت تلے جمع کر کے ہمارے دل جیت لئے ہیں۔ منہاج القرآن کی کاوشوں کا نتیجہ ہے کہ آج ہم نے مندر میں میلاد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کرانے کی سعادت حاصل کی ہے۔ ہم پاکستانی ہیں اور محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے میلاد کی خوشیوں میں اپنے مسلمان بھائیوں کے ساتھ شریک ہیں۔


پنڈت بھگت لال جشن ولادت مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے سلسلہ میں گفتگو کرتے ہوئے

نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن جی ایم ملک نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مندر میں میلاد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا ہونا اس بات کا ثبوت ہے کہ اسلام کے دامن میں غیر مسلموں کو مکمل تحفظ اور آزادی حاصل ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی کاوشوں کے ثمرات بیرونی دنیا سمیت وطن عزیز میں بھی ہر جگہ نظر آتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مکالمہ کا دروازہ کھول کر ہی دنیا کو دائمی امن دیا جاسکتا ہے۔


سہیل احمد رضا مندر میں اذان عصر دے رہے ہیں جبکہ علامہ محمد حسین آزاد نماز عصر کی امامت کرا رہے ہیں


بالمیک مندر میں نماز ادا کرنے کا روح پرور منظر

تحریک منہاج القرآن کی انٹرفیتھ ریلیشنز کے ڈائریکٹر سہیل احمد رضا نے کہاکہ اسلام کا پیغام محبت آج بالمیک مندر کے ذریعے پوری دنیا تک پہنچا ہے۔ پنڈت بھگت لال نے محفل میلاد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم منعقد کر کے بین المذاہب رواداری کی جو مثال قائم کی ہے ہم اسکی دل سے قدر کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن کی فکر حضور کی محبت اور اسلام کے پیغام محبت اور سلامتی پر استوار ہے۔ اسی کی بدولت آج بالمیک مندر نیلا گنبد لاہور میں بین المذاہب روادری کی عظیم مثال رقم کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی انسانیت کو امن دینے کی مؤثر فکری و عملی کاوشوں کا نتیجہ ہے کہ آج ملک کی ہندو برادری کو بھی اپنے مندر میں میلاد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم منانے کا اعتماد ملا ہے۔ اسلام نفرتوں کو ختم کر کے سلامتی اور امن کے رویوں کو فروغ دیتا ہے اور منہاج القرآن اسلام کی حقیقی تعلیمات کو دنیا میں عام کرنے کا احسن فریضہ ذمہ داری سے ادا کر رہا ہے۔


پیر سید علی رضا فضل شاہ (آستانہ عالیہ پیر عبداللہ شاہ غازی) اختتامی دعا کرتے ہوئے

نائب ناظم اعلیٰ جی ایم ملک نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی طرف سے پنڈت بھگت لال کو میلاد مصطفیٰ کی پروقار تقریب میں پھولوں کا گلدستہ پیش کیا۔

اس سے متعلقہ اخباری تراشے ملاحظہ کرنے کے لئے کلک کریں۔

تبصرہ

Top