منہاج القرآن ویمن لیگ چکوال کے زیراہتمام میلاد کانفرنس

منہاج القرآن ویمن لیگ چکوال کے زیراہتمام بسلسلہ میلاد مہم مورخہ 12 فروری 2012 کو بعنوان "محسن انسانیت" ایک عظیم الشان کانفرنس منعقد ہوئی۔ جس میں مہمان خصوصی ایم پی اے چکوال محترمہ عفت لیاقت چوہدری کے علاوہ دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔ کانفرنس میں دور و نزدیک سے تقریبا 7000 خواتین و طالبات نے شرکت کی۔

کانفرنس کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا جس کی سعادت محترمہ ثانی شازیہ نے حاصل کی۔ اس کے بعد منہاج نعت کونسل چکوال اور منہاج نعت کونسل لاہور نے بڑے خوبصورت انداز میں بارگاہ خیر الانام میں عقیدت کے پھول نچھاور کئے۔ سٹیج سیکرٹری کے فرائض محترمہ نادیہ نے سرانجام دیے۔ خصوصی خطاب مرکزی ناظمہ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ محترمہ شاکرہ چوہدری نے کیا۔ انہوں نے نہایت مدلل انداز میں" آو کہ سب حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے عہد وفا کریں" کے موضوع پر خطاب کیا۔

انہوں نے خواتین کے ایک جم غفیر سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت، اطاعت واتباع، ادب وتعظیم اور نصرت دین ہی وقت کی اولین ضرورت ہے۔ اور حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت کا تقاضا یہ ہے کہ ہم صحابہ اور صحابیات کے نقش قدم پر چلتے ہوئے دین حق کی سر بلندی کے لئے عملا کردار ادا کریں۔

انہوں نے مزید  کہا کہ تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے زیر قیادت حضور سے محبت و اتباع کا پیغام دے رہی ہے تاکہ امت مسلمہ یکجا ہو کر اصلاح احوال امت اور غلبہ دین حق کے لئے کام کر سکیں۔ کانفرنس کا اختتام نائب صدر رافعہ عروج ملک نے خصوصی دعا کی۔

تبصرہ

Top