ماہانہ مجلس ختم الصلاۃ علی النبی (ص) - جون 2012

مورخہ: 07 جون 2012ء

تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام گوشہ درود کی ماہانہ مجلس ختم الصلوۃ علی النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا روحانی اجتماع 07 جون 2012ء کو مرکزی سیکرٹریٹ میں صفہ ہال  میں منعقد ہوا۔ اس روحانی اجتماع میں قائمقام ناظم اعلی تحریک منہاج القرآن انٹرنیشنل شیخ زاہد فیاض نے خصوصی شرکت کی۔ تحریک منہاج القرآن کے امیر مسکین فیض الرحمن درانی، نائب ناظم اعلیٰ جی ایم ملک، پرنسپل ڈاکٹر عبید اللہ رانجھا، راجہ جمیل اجمل، علامہ رانا محمد ادریس قادری، سید فرحت حسین شاہ، علامہ محمد آزاد حسین، امیر لاہور ارشاد طاہر، محمد شریف کمالوی، جواد حامد، شہزاد رسول، علامہ غلام مرتضی علوی، راجہ زاہد، گوشہ درود کے خدام حاجی محمد سلیم قادری کے علاوہ تحریک منہاج القرآن کے دیگر قائدین بھی اسٹیج پر موجود تھے۔ علاوہ ازیں خواتین بھی کثیر تعداد میں موجود تھیں، جن کے لیے پنڈال کا الگ حصہ مختص کیا گیا تھا۔

پروگرام کا باقاعدہ آغاز شب 9 بجے تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔ جس کے بعد نعت خوانی کا سلسلہ شروع ہوا۔ جس میں حسان منہاج افضل نوشاہی، منہاج نعت کونسل لاہور، امجد بلالی اور ان کے ہمنوا کے علاوہ دیگر نعت خواں حضرات نے حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ اقدس میں گلہائے عقیدت پیش کیے۔ اس کے بعد بہادر شاہ اور اس کے ہمنوا نے اجتماعی طور پر ذکر و وظائف کروائے۔ پروگرام کی کمپیئرنگ کے فرائض علامہ غلام مرتضیٰ علوی نے سرانجام دیے۔

اسی پروگرام میں حضور قدوۃ الاولیاء پیر سیدنا طاہر علاؤالدین الگیلانی البغدادی رحمۃ اللہ علیہ کا یوم وصال بڑی عقیدت واحترام سے منایا گیا۔ اس موقع پر ان کی حیات مبارکہ کے کئی اہم پہلووں کی ڈاکومنٹری دیکھائی گئی جن میں ان کی تحریک منہاج القرآن اور بانی تحریک شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری پر خصوصی شفقت اور  عقیدت ومحبت کا اظہار کرتے ہوئے بھی دکھایا گیا۔ انہوں نے ہر مشکل گھڑی میں تحریک منہاج القرآن کی رہنمائی کی اور لوگوں کو بھی اس عظیم مصطفوی مشن کا دست وبازو بننے کی تلقین کی ہے۔

پروگرام میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے ایک تربیتی خطاب "خشیت وبکا" کی ویڈیو دکھائی گئی، جس میں انہوں نے منہاج القرآن انٹرنیشنل کے رفقاء اور تمام انسانیت کو اللہ تعالی کے حضور گریہ زاری اور آہ وبکا کے فضائل بیان کرتے ہوئے کہا کہ اس کو اپنی زندگیوں کا معمول بنا لیں تاکہ اس سے دلوں کو سکون وراحت اور اللہ تعالی کا قرب نصیب ہو گا۔ پروگرام کے اختتام پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے تمام امت مسلمہ کی امن وآشتی، ملک پاکستان کے لوگوں کی خیر وعافیت، بھلائی اور تحریک منہاج القرآن کے مصطفوی مشن کے لئے خصوصی دعا کی۔

تبصرہ

Top