منہاج القرآن یوتھ لیگ کے زیراہتمام محفل نعت (شہراعتکاف، چوتھا روز)

مورخہ: 13 اگست 2012ء

شہراعتکاف میں 13 اگست 2012ء، 24 رمضان المبارک کو تاک رات کی مناسبت سے محفل نعت کا انعقاد کیا گیا۔ یہ پروگرام منہاج القرآن یوتھ لیگ کے زیراہتمام منعقد کیاگیا، جسے منہاج ٹی وی کے ذریعے براہ راست پیش کیا گیا۔

اس پروگرام کی صدارت صاحبزادہ ڈاکٹر حسن محی الدین قادری اور صاحبزادہ ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کی۔ پروگرام میں شاعر انقلاب انوار المصطفیٰ ہمدمی مہمان خصوصی تھے جبکہ منہاج یوتھ لیگ اور ایم ایس ایم کے سابق قائدین بھی معزز مہمانوں میں شامل تھے۔

پروگرام کا آغاز نماز تراویح کے بعد شب 11 بجے ہوا۔ اس موقع پر قاری احمد فاروق حیدر منہاجین نے تلاوت قرآن مجید کا شرف حاصل کیا۔ اس کے بعد نعت خوانی کا سلسلہ شروع ہوا جس میں عنصر علی قادری، منہاج نعت کونسل امجد بلالی برادران، منہاج نعت کونسل ظہیر بلالی برادران اور شہزاد برادران سمیت دیگر ثناء خوان حضرات نے خوبصورت انداز میں نعت خوانی کی، جبکہ حسان منہاج محمد افضل نوشاہی نے اپنے مخصوص انداز میں ثناء خوانی کر کے سب حاضرین کے دل موہ لیے۔

آخر میں پروگرام کے مہمان خصوصی انوار المصطفیٰ ہمدمی کو اسٹیج پر دعوت دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ میں بیرون ملک ہونے کی وجہ سے کئی برسوں کے بعد آج مرکزی اسٹیج پر ہوں جس پر میں بے حد فرحت اور خوشی محسوس کررہا ہوں۔

انہوں نے اپنی شاعری کی نئی تصنیف سے انقلابی کلام اپنے مخصوص انداز میں پڑھے۔ انوار المصطفیٰ ہمدی نے نظم اور نثر کی صورت میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے لیے لکھے گئے خصوصی انقلابی کلام بھی پیش کیے جسے تمام حاضرین نے بے حد پسند کیا۔ ان کی انقلابی شاعری سے خوبصورت سماں بندھ گیا۔ صاحبزادہ حسن محی الدین قادری اور صاحبزادہ حسین محی الدین قادری نے بھی ان کی شاعری کو بہت پسند کیا اور انہیں داد دی۔ پروگرام کے اختتام پر صاحبزادہ حسن محی الدین قادری نے خصوصی دعا کی۔ 14 اگست یوم آزادی کی مناسبت سے بھی ملک پاکستان اور پاکستانی قوم کی ترقی و سلامتی کے لیے بھی خصوصی دعائیں کی گئیں۔ اس پروگرام میں کمپئرنگ کے فرائض وقاص علی قادری نے سرانجام دئیے۔

تبصرہ

Top