پیغام امام حسین کانفرنس 2012ء

منہاج القرآن علماء کونسل کے زیراہتمام 24 نومبر بروز ہفتہ مرکزی سیکرٹریٹ پر عظیم الشان پیغام امام حسین رضی اللہ عنہ کانفرنس منعقد ہوئی، جس کی صدارت امیر تحریک منہاج القرآن صاحبزادہ مسکین فیض الرحمن درانی نے کی۔ جبکہ دیگر مہمانوں میں نائب امیر تحریک علامہ محمد صادق قریشی، خطیب بادشاہی مسجد لاہور علامہ عبدالخیر آزاد، پرنسپل ادارہ منہاج الحسین علامہ ڈاکٹر محمد حسین اکبر، سیکرٹری جنرل پاکستان علماء کونسل علامہ علی غضنفر کراروی، وائس پرنسپل کالج آف شریعہ ڈاکٹر رفیق حبیب، شیخ الادب واللغۃ علامہ محمد نواز ظفر چشتی، مینجنگ ایڈیٹر ماہنامہ دختران اسلام علامہ محمد حسین آزاد شامل ہیں، جبکہ حاجی منظور احمد مشہدی، علامہ میر آصف اکبر قادری، ڈائریکٹر منہاج القرآن انٹرفیتھ ریلیشنز سہیل احمد رضا، ڈائریکٹر میڈیا قاضی فیض الاسلام، جواد حامد، محمد عاقل ملک، مرکزی سٹاف ممبران اور تمام مرکزی تعلیمی ادارہ جات کے سٹاف اور طلبہ و طالبات نے بھی اس پروگرام میں شرکت کی۔

پروگرام کا آغاز تلاوت کلام مجید سے ہوا، جس کی سعادت قاری عبدالخالق قمر نے حاصل کی، جبکہ بارگاہ سرور کونین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور بارگاہ امام عالی مقام سیدنا امام حسین علیہ السلام میں نذرانہ عقیدت حسان منہاج محمد افضل نوشاہی، قاری امجد علی بلالی برادران، شہزاد برادران، شکیل احمد طاہر، محمد رضا فریدی اور دیگر ثناء خوان حضرات نے پیش کیا۔

کانفرنس سے بادشاہی مسجد لاہور کے خطیب علامہ عبدالخیر آزاد نے اپنے خطاب میں کہا کہ امام حسین علیہ السلام نے امن، محبت، رواداری کا عظیم الشان درس دیا ہے، جس پر عمل پیرا ہو کر ہم دنیا میں امن کو فروغ دے سکتے ہیں۔ صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین اور اہل بیت علیہم السلام آپس میں لازم و ملزوم تھے۔ صحابہ وصال نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے بعد دیدار نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تشنگی کو بجھانے کے لیے حسنین کریمین علیہما السلام کے رخ پُرانوار کی زیارت کیا کرتے تھے۔

پرنسپل ادارہ منہاج الحسین علامہ ڈاکٹر محمد حسین اکبر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ حضرت امام حسین علیہ السلام نے قربانی دے کر ہمیشہ ہمیشہ کے لیے اپنے آپ کو زندہ کر دیا، جبکہ یزید سلطنت کی خاطر ہمیشہ کے لیے مٹ گیا۔

نائب امیر تحریک منہاج القرآن علامہ محمد صادق قریشی نے تعلیماتِ امام حسین علیہ السلام کو اپنانے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ یزیدنے اسلام کی تعلیمات کو مسخ کرنے کی کوشش کی جو امام حسین علیہ السلام کو گوارہ نہ ہوا اور انہوں نے اپنے خاندان کی قربانی دے کر اسلام کو ہمیشہ کیلئے زندہ کردیا۔ انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسین کے عمل سے صبر و رضا، استقامت اور قربانی کے عظیم رویوں نے جنم لیا اور آج ساری انسانیت ان مثبت رویوں سے فیضیاب ہورہی ہے۔ حضرت امام حسین علیہ السلام آج غیر مسلموں کیلئے بھی اتنے ہی معزز ہیں جتنے مسلمانوں کیلئے، ایسا اس لیے ہے کہ انہوں نے اپنے عمل سے انسانیت کا سر فخر سے بلند کردیا۔

ناظم علماء کونسل علامہ میر محمدآصف اکبر قادری نے کہا کہ آج کے اس یزیدی دور میں حسینی کردار کو زندہ کرنے کی ضرورت ہے۔ اس کرپٹ، لادین اور غیر منصفانہ نظام کے خلاف قوم کو حسینیت کے ذریعے میدان عمل میں اترنا ہوگا۔

پروگرام کی نقابت کے فرائض صاحبزادہ علامہ محمد حسین آزاد الازھری نے سرانجام دیے۔ آخر میں مسکین فیض الرحمن درانی نے دعا فرمائی۔

تبصرہ

Top