عوامی تاجر اتحاد لاہور کے زیراہتمام ویلکم ڈاکٹر طاہرالقادری واک

لاہورکی تاجر تنظیموں نے ڈاکٹر طاہرالقادری کے ریاست بچاؤ ایجنڈا کی حمائت کا اعلان کر دیا
23 دسمبر کو تاجر برادری کثیر تعداد میں مینار پاکستان جائے گی۔ حافظ غلام فرید صدر عوامی تاجر اتحاد لاہور

20 دسمبر 2012ء کو عوامی تاجر اتحاد لاہور کے زیراہتمام ایمپریس روڈ سے پریس کلب تک ویلکم ڈاکٹر طاہر القادری واک کی گئی، جس کی قیادت عوامی تاجر اتحاد لاہور کے رہنماؤں حاجی محمد اسحاق، حافظ غلام فرید، راشد چوہدری، الطاف حسین رندھاوا اور چوہدری محمد افضل گجر صدر پنجاب بیکرز ایسوسی ایشن نے کی، جبکہ چوہدری محمد صادق چیف الیکشن کمشنر فیروزپور روڈ، غلام مرتضیٰ سیکرٹری جنرل ٹاول مینوفیکچررز ایسوسی ایشن، زاہد میر جنرل سیکرٹری مال روڈ ٹریڈرز ایسوسی ایشن، اعظم علی نقوی سینئر نائب صدر فیروزپور روڈ، غلام دستگیر خان جوائنٹ سیکرٹری آل پاکستان سمال پرنٹنگ پریس ایسوسی ایشن، محمد عابد ڈپٹی جنرل سیکرٹری انجمن تاجران پرانی انارکلی فوڈ سٹریٹ، چوہدری عبد الجلیل صدر آٹو یونین میکلوڈ روڈ، شفیق رضا قادری چیئرمین انجمن تحفظ شہریان لاہور، حاجی منیر حسین نائب صدر صرافہ ایسوسی ایشن لاہور خصوصی طور پر شریک ہوئے۔ جبکہ لاہور کی مختلف مارکیٹوں انارکلی، اردو بازار، شاہ عالم، اعظم کلاتھ مارکیٹ، مال روڈ، ہال روڈ، برانڈتھ روڈ، بیڈن روڈ، فیروز پور روڈ، میکلوڈ روڈ، رائل پارک، اچھرہ، وحدت روڈ، لبرٹی مارکیٹ، ٹاؤن شپ، داروغہ والا، مغلپورہ اور لکشمی چوک کے نمائندگان نے شرکت کی۔

حافظ غلام فرید صدر عوامی تاجر اتحاد لاہور نے شرکاء ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کرپشن، توانائی کے بحران اوردہشت گردی نے ملکی معیشت کو دیوالیہ کر دیا ہے۔ سب محب وطن قوتیں متحد ہو جائیں توملک معاشی بحران سے نکل سکتاہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو بحران سے نکالنے کے لیے ڈاکٹر طاہر القادری کا ایجنڈا سیاست نہیں ریاست بچاؤ کی ہم حمائت کرتے ہیں۔ تاجر برادی ریاست بچانے کے لیے 23 دسمبر کو مینار پاکستان پہنچے گی اور ڈاکٹر طاہرالقادری کا فقیدالمثال استقبال کرے گی۔

چوہدری محمد افضل گجر صدر پنجاب بیکرز ایسوسی ایشن نے کہا کہ معیشت اور صنعت کی زبوں حالی سے نہ صرف چھوٹا دوکاندار بلکہ بڑا صنعتکار بھی آج پریشان حال ہے۔ اس کی بنیادی وجہ موجودہ کرپٹ انتخابی نظام ہے۔ اس لیے جب تک اس نظام میں اصلاح نہ کی گئی، تب تک انتخابات کا عمل سوائے پیسہ اور وقت کے ضیاع کے کچھ نہیں۔ ان حالات میں ڈاکٹر طاہرالقادری کے ایجنڈا کو ہم امید کی آخری کرن سمجھتے ہیں، اس لیے اس کی بھرپور حمائت کا اعلان کرتے ہیں۔ چوہدری محمد صادق چیف الیکشن کمشنر فیروزپور روڈ نے کہا کہ کاروبار تباہ ہو کہ رہ گئے ہیں، اس تباہی سے نکلنے کا ایک ہی راستہ ہے کہ سب کاروباری لوگ 23 دسمبر کو مینار پاکستان پہنچیں اور تبدیلی کے سفر میں اپنا حصہ ڈالیں۔

زاہد میر جنرل سیکرٹری مال روڈ ٹریڈرز ایسوسی ایشن نے کہا کہ ہم طاہر القادری صاحب کو ویلکم کرتے ہیں اور ان کی آمد ملکی معیشت کے لیے نیک شگون سمجھتے ہیں۔

رپورٹ : پریس سیکرٹری عوامی تاجر اتحاد لاہور

تبصرہ

Top