سانحہ بادامی باغ میں ملوث شرپسند عناصر کا دین کی اصل روح اور پاکستانیت سے کوئی تعلق نہیں: ڈاکٹر رحیق عباسی

مورخہ: 11 مارچ 2013ء

جلے ہوئے گھروں پر سیاست چمکانا غیر انسانی فعل ہے مشکل کی اس گھڑی میں مسیحی بھائیوں کی مدد کرنا چاہیے
ڈاکٹر طاہر القادری کی شخصیت مسلمانوں اور مسیحیوں کے درمیان پل کا کردار ادا کر رہی ہے
پاکستان کے حصول اور استحکام میں غیر مسلموں کا بھی برابر کا کردار ہے
شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے احکامات پر فوری طور پر متاثرین کیلئے میڈیکل کیمپ لگا دئیے گئے
منہاج ویلفیئر فائونڈیشن کے تحت متاثرین میں کھانا اور ضروریات زندگی کی دیگر اشیاء تقسیم کی گئیں

اسلام امن، سلامتی و محبت کا دین ہے۔ پیغمبر اسلام حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اسلامی ریاست میں رہنے والے غیر مسلموں کے جان و مال کے مکمل تحفظ کی ضمانت دی ہے۔ سانحہ بادامی باغ میں ملوث شرپسند عناصر کا دین کی اصل روح اور پاکستانیت سے کوئی تعلق نہیں۔ ایسے شرپسندوں اور دہشت گردوں کے خلاف دہشت گردی کا مقدمہ درج ہونا چاہیے۔ وفاقی اور پنجاب حکومت کی طرف سے متاثرین کیلئے اعلان شدہ امدادی چیک 16مارچ سے پہلے کیش ہونے چاہیے۔ جلے ہوئے گھروں پر سیاست چمکانا غیر انسانی فعل ہے ہر کسی کو مشکل کی اس گھڑی میں مسیحی بھائیوں کی مدد کرنا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے جوزف کالونی بادامی باغ میں سانحہ بادامی باغ کے متاثرین کیلئے منہاج ویلفیئر فائونڈیشن کی جانب سے لگائے گئے میڈیکل کیمپ کے وزٹ کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ کیمپ میں منہاج ویلفیئر فائونڈیشن کے تحت متاثرین میں کھانا اور ضروریات زندگی کی دیگر اشیاء بھی تقسیم کی گئیں۔ اس موقع پر منہاج ویلفیئر فائونڈیشن کے ڈپٹی ڈائریکٹر راجہ جمیل اجمل، تحریک منہاج القرآن کے ڈائریکٹر فارن افیئرز جی ایم ملک، تحریک منہاج القرآن انٹرفیتھ ریلیشنز کے ڈائریکٹر سہیل احمد رضا، میاں افتخار، حاجی ولایت قیصر اور خرم شہزاد بھی موجود تھے۔

اس موقع پر سابق وفاقی وزیر اور مسیحی رہنماء جے سالک نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ڈاکٹر طاہر القادری کی شخصیت مسلمانوں اور مسیحیوں کے درمیان پل کا کردار ادا کر رہی ہے۔ تحریک منہاج القرآن اور پاکستان عوامی تحریک اسلام کے حوالے سے پائی جانیوالی غلط فہمیوں کے ازالے اور اسلام کے تصور امن کو اجاگر کرنے میں اہم کرادار ادا کر رہی ہیں۔ عیسائی برادری اور دیگر مذاہب ڈاکٹر طاہر القادری کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

منہاج ویلفیئر فاونڈیشن کے ڈپٹی ڈائریکٹر راجہ جمیل اجمل نے کہا کہ منہاج ویلفیئر فائونڈیشن نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے احکامات پر فوری طور پر متاثرین کیلئے میڈیکل کیمپ لگا دئیے ہیں۔ جہاں 24گھنٹے تجربہ کار ڈاکٹرز اور رضاکار متاثرین کے علاج کیلئے موجود ہونگے۔ جوزف کالونی کے مکینوں کو تینوں وقت کا کھانا بھی MWF کے تحت ان کے گھروں میں تقسیم کیا جارہا ہے۔ راجہ جمیل اجمل نے کہا کہ منہاج ویلفیئر فائونڈیشن پاکستان سمیت پوری دنیا میں بلا امتیاز رنگ و نسل، جنس و مذہب خدمت خلق میں مصروف عمل ہے۔

ڈائریکٹر فارن افیئرز جی ایم ملک نے کہا کہ دنیا کے 90 سے زیادہ ممالک میں موجود تحریک منہاج القرآن اور پاکستان عوامی تحریک کے کارکنان اس دلخراش سانحہ پر سراپا احتجاج ہیں۔ انہوں نے کہا کہ متاثرین کی بحالی کیلئے تمام ممکنہ اقدامات اور امداد کریں گے۔

ڈائریکٹر انٹرفیتھ ریلیشنز سہیل احمد رضا نے کہا کہ سانحہ بادامی باغ کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے یہ سانحہ 18 کروڑ پاکستانیوں کے ماتھے پر کلنک کا ٹیکہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے حصول اور استحکام میں غیر مسلموں کا بھی اتنا ہی کردار ہے جتنا مسلمانوں کا۔ انہوں نے حکومت سے متاثرین کے مکانوں کی جلد تعمیر کا مطالبہ کیا۔

اس سے متعلقہ فوٹو البم ملاحظہ کرنے کے لئے کلک کریں۔

تبصرہ

Top