لاہور : راوین فاؤنڈیشن گرائمر سکول میں عرفان القرآن کورس کی تقریب تقسیم اسناد

مورخہ: 20 مئی 2013ء

نظامت تربیت تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام 10 مئی 2013 کو راوین فاونڈیشن گرائمر سکول نشتر ٹاون لاہور میں عرفان القرآن کورس کی تقریب تقسیم اسناد منعقد ہوئی، جس میں مرکزی ناظم عرفان القرآن کورسز علامہ محمد شریف کمالوی، معلم کورس ھذا علامہ محمد اشرف سراجوی فاضل جامعہ نظامیہ لاہور، صدر منہاج القرآن ویمن لیگ لاہور ارشاد اقبال اور پرنسپل راوین فاؤنڈیشن گرائمر سکول عذرا باجی نے شرکت کی۔

تقریب کا آغاز عرفان القرآن کورس کی طالبہ عائشہ نے قرآن کریم کی تلاوت سے کیا۔ عذرا اور نصرت باجی نے دف اور گروپ کی شکل میں آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں عقیدت کے پھول نچھاور کیے۔

 

اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے علامہ اشرف سراجوی نے کورس کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ صدر منہاج القرآن ویمن لیگ لاہور ارشاد اقبال نےلانگ مارچ اور ملک بھر میں ہونیوالے دھرنوں میں عورتوں کی بھرپور شرکت کو قابل تعریف قرار دیتے ہوئے کہا کہ عورتوں کو چاہیے کہ وہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے مشن کو عام کرنے کے لیے اپنی بھرپور جدوجہد جاری رکھیں۔

مرکزی ناظم عرفان القرآن کورسز علامہ محمد شریف کمالوی نے آئیں دین سیکھیں، عرفان العقائد اور عرفان القرآن کورسز کی اہمیت اور افادیت کو بیان کرتے ہوئے کہا کہ یہ کورسز ہر مسلمان مرد وعورت کے لیے از حد ضروری ہیں اور مسلمانوں کے بنیادی عقائد کی اصلاح کا بہترین ذریعہ ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کورسز کا طریقہ تدریس اتنا آسان اور عام فہم ہے کہ ایک کمزور ذہن کا مالک بھی ان کورسز سے بہت زیادہ استفادہ کرسکتا ہے۔ نیز انہوں نے کورس ھذا کے منتظمین کا شکریہ ادا کیا۔

تقریب کے آخرمیں طلباء و طالبات میں اسناد، شیلڈزاور انعامات تقسیم کیے گئے اور ملک و قوم کی سلامتی کے لیے اللہ کے حضور دعائیہ کلمات پیش کیے گئے۔

 

تبصرہ

Top