لاہور: مسیحی رہنما شہباز بھٹی کے یوم پیدائش کی تقریب میں ڈائریکٹر انٹرفیتھ ریلیشنز سہیل احمد رضا کی شرکت

مسیحی رہنما اور سابق وفاقی وزیر اقلیتی امور شہباز بھٹی کی یاد میں ایک تقریب لاہور پریس کلب میں منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمان خصوصی ڈاکٹر پاؤل بھٹی سابق وفاقی وزیر کے علاوہ بشپ آف لاہور ڈاکٹر الیگزینڈر جان ملک، سہیل احمد رضا ڈائریکٹر انٹرفیتھ ریلیشنز منہاج القرآن انٹرنیشنل، فائزہ ملک ایم پی اے، نغمہ سلیمی ایم پی اے کے علاوہ کثیر تعداد میں مسیحی رہنماؤں نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سہیل احمد رضا نے کہا کہ آج پاکستان کو داخلی اور خارجی سطح پر مختلف چیلنجز کا سامنا ہے۔ دہشت گردی اور لاقانونیت نے روزمرہ کی زندگی کو مفلوج کر دیا ہے۔ دہشت گرد انسانی جانوں سے کھیل رہے ہیں۔ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم سب پاکستانی جن میں سب مذاہب شامل ہیں ملکر ان ملک دشمن قوتوں کا مقابلہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ شہباز بھٹی نے بین المذاہب رواداری کے لیے ملکی سطح پر اہم کردار ادا کیا۔ وہ ملک سے باہر پاکستان کا امیج بہتر کرنے کی کوشش کرتے رہے اسی وجہ سے ملک دشمن عناصر نے انہیں قتل کر دیا۔ ہمیں وطن عزیز کی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کرنے کے لیے متحد ہونا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن انٹرفیتھ ریلیشنز شیخ الاسلام کی قیادت میں وطن عزیز میں آئین کی مکمل بالادستی اور نظریہ پاکستان کے تحفط کا علمبردار ہے۔ ہم تمام اقلیتی برادری کے بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے جدوجہد کرتے رہیں گے۔ تقریب کے اختتام پر شہباز بھٹی کی سالگرہ کا کیٹ کاٹا گیا اور وطن عزیز کے لیے دعا کی گئی۔

تبصرہ

Top