لاہور: ڈائریکٹوریٹ ری سورسز اینڈ ڈیویلپمنٹ کے زیراہتمام صنعت کاروں اور تاجروں کے اعزاز میں ڈنر کا انعقاد

مورخہ: 24 اگست 2013ء

مرکزی سیکرٹریٹ تحریک منہاج القرآن لاہور میں 24 اگست 2013ء کو Directorate of Resources & Development کے زیراہتمام منتخب صنعت کاروں، تاجروں اور زمینداروں  کے اعزاز میں ایک ڈنر کا انعقاد کیا گیا، جس میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے خصوصی شرکت کی۔ پروگرام کا مقصد تحریک کے پیغام کو سماج کی اہم شخصیات تک پہنچانا تھا۔ پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے ہوا، جبکہ کمپیئرنگ کے فرائض منہاج یونیورسٹی کے عظیم سکالر علامہ ارشاد حسین سعیدی نے انجام دیے۔ پروگرام میں جملہ مہمانان گرامی نے حضور شیخ الاسلام کو اپنا تعارف کروایا۔

اس موقع پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے منہاج القرآن کے اوائل دور سے تاحال کی کامیابیوں کے سنہرے سفر پر سیر حاصل گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن نے آج تک کسی بھی ریاستی ادارے، سیاسی خاندان، ایجنسیز یا بیرونی ممالک سے ایک پیسہ کی بھی امداد قبول کی ہے اور نہ قبول کرے گی۔ تحریک منہاج القرآن کے خلاف حسد اور بغض کی بنیاد پر پروپیگنڈہ کرنے والے آج تک کوئی ثبوت تک مہیا نہیں کر سکے۔ اللہ کے فضل سے ہمارا دامن اجلا اور صاف ہے۔ انہوں نے کہا کہ منہاج یونیورسٹی پاکستان کی صف اول کی یونیورسٹیز سے کم نہیں۔ یہ وہ واحد چارٹرڈ یونیورسٹی ہے جس میں مستحق طلبہ کو مفت تعلیم دی جاتی ہے اور ان کو سکالر شپ بھی دی جاتی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم منہاج القرآن کے پلیٹ فارم سے 2 بہت بڑے میگا پراجیکٹس کا جلد آغاز کر رہے ہیں۔ ایک پاکستان میں برصغیر کی سب سے بڑی مسجد بنانے جا رہے ہیں۔ جہاں ایک لاکھ افراد معتکف ہو سکیں گے اور اس مسجد کا ڈیزائن قبہ صخریٰ (بیت المقدس) کی طرز کا ہو گا۔ دوسرا بدعقیدگی، دہشت گردی اور فرقہ واریت کے سیلاب کو روکنے کیلئے طلبہ کی تعلیم و تربیت کی جائے گی جس کیلئے حضرت امام اعظم ابوحنیفہ کی نسبت سے ایک عظیم الشان پراجیکٹ ''الاعظمیہ'' کے نام سے بنایا جائے گا۔ اس درس گاہ سے ان شاء اللہ لاکھوں کی تعداد میں علماء، سکالرز، حفاظ کرام، قراء اور مفتیان کرام نکلیں گے جو دین اسلام کا ''اصل ماڈریٹ وژن" رکھتے ہوں گے اور حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے عشق و محبت والی تعلیم پوری دنیا میں عام کریں گے۔ یہ کام ان شاء اللہ تحریک منہاج القرآن کے حصے میں آئے گا تاکہ مسلمانوں کے ایمان و عقائد کو قرآن و سنت کے راستے پر چلایا جائے۔

جملہ شرکاء سے شیخ الاسلام نے فرداً فرداً ملاقات کی اور ان میں تحائف تقسیم کیے۔ بعد ازاں شیخ الاسلام نے ملک و قوم کی سلامتی کے لیے دعا کی اور مہمانان گرامی کے لیے ڈنر کا اہتمام کیا گیا۔

رپورٹ: حفیظ الرحمن خان

تبصرہ

Top