40 حلقوں کے نتائج کو خود مختار عالمی نیوٹرل کمیشن کے تحت چیک کروایا جائے، ڈاکٹر طاہرالقادری

خود مختار عالمی نیوٹرل کمیشن میں بین الاقوامی این جی اوز، تمام سیاسی پارٹیوں کے نمائیندے اور نادرہ کو بھی شامل کیا جائے
مزید حلقوں کی چیکنگ کا کام تنہا نادرہ کے سپرد کرنا بڑی غلطی ہو گی
ایسا ممکن ہے کہ نادرہ اپنی ساکھ بحال کر کے بقیہ حلقوں کے نتائج کو درست قرار دے
65 سالوں میں مقتدر طبقے نے مثبت تبدیلی کو موخر کرنے کے سوا کچھ نہیں کیا
سابقہ اور موجودہ حکمران ویثرن سے عاری ہیں اور پلاننگ نام کی کوئی شے انہیں چھو کر نہیں گزری
انقلاب اس دھرتی کا مقدر ہے اس کیلئے تیاری کے مرحلے میں ہیں
اتنی تاخیر نہیں کریں گے کہ ملک کی کشتی ڈوب جائے یا معاشرہ ناقابل اصلاح بن جائے
حکومت کو مناسب وقت دیں گے تا کہ عوام ’’آخری امید‘‘ کی کارکردگی بھی دیکھ لیں۔ ڈاکٹر طاہر القادری

پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے مطالبہ کیا ہے کہ صرف نادرہ کی بجائے صوبوں کے 40 سے 50 حلقوں کے نتائج کو خود مختار عالمی نیوٹرل کمیشن کے تحت چیک کروایاجائے تاکہ انتخابات 2013 میں ہونے والی دھاندلی کے حقائق قوم کے سامنے آ سکیں۔ نادرہ چند حلقوں کی دھاندلی سامنے لا یا ہے، مزید حلقوں کی چیکنگ کا کام تنہا اسکے سپرد کرنا بڑی غلطی ہو گی ایسا ممکن ہے کہ نادرہ اپنی ساکھ بحال کر کے بقیہ حلقوں کے نتائج کو درست قرار دے۔ خود مختار عالمی نیوٹرل کمیشن میں بین الاقوامی این جی اوز، تمام سیاسی پارٹیوں کے نمائیندے اور نادرہ کو بھی شامل کیا جائے۔ اشرافیہ ملک کے اقتدار پر قابض ہے اسے ملک و قوم کے مفاد سے کوئی غرض نہیں۔ یہ اپنی آئیندہ نسلوں کو 100سال کا معاشی تحفظ دینا چاہتے ہیں۔ تبدیلی ناگزیر ہو چکی اسے دنیا کی کوئی طاقت نہیں روک سکتی۔ 65سالوں میں مقتدر طبقے نے مثبت تبدیلی کو موخر کرنے کے سوا کچھ نہیں کیا۔ مثبت تبدیلی کا راستہ روک کر18کروڑ عوام کو بُری تبدیلی کی طرف دھکیلا جارہا ہے۔ وہ لندن سے ویڈیو لنک کے ذریعے پاکستان عوامی تحریک پنجاب کی مجلس عاملہ کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ صدر پنجاب بشارت عزیز جسپال، مشتاق نوناری، تنویر احمد خان، میاں زاہد جاوید اور دیگر رہنماء بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ سابقہ اور موجودہ حکمران ویثرن سے عاری ہیں اور پلاننگ نام کی کوئی شے انہیں چھو کر نہیں گزری اس لئے انہیں کرپٹ نظام سمیت عوامی سیلاب میں بہانا ہو گا۔ موجودہ انتخابی نظام نمک کی کان ہے جسمیں کچھ عرصہ میں ہیرے بھی اپنا وجود کھو دیتے ہیں۔ انقلاب اس دھرتی کا مقدر ہے اس کیلئے تیاری کے مرحلے میں ہیں، اتنی تاخیر نہیں کریں گے کہ ملک کی کشتی ڈوب جائے یا معاشرہ ناقابل اصلاح بن جائے۔ حکومت کو مناسب وقت دیں گے تا کہ عوام ووٹ کے ذریعے ’’آخری امید‘‘ کی کارکردگی کو بھی دیکھ لیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک تمام معاملات پر نگاہ رکھے ہوئے ہے اس نے عوام کا مقدر بدلنے کا ایسا عزم کر رکھا ہے جسے بڑے سے بڑے فرعون بھی متزلزل نہیں کر سکتے۔ مثبت تبدیلی لا کر پاکستان کو دنیا کے گلوب پر باوقار، خوشحال اور سیاسی اور معاشی طور پر مستحکم ملک بنا کر دم لیں گے۔

تبصرہ

Top