انقلاب کیلئے جماعت قائم کرنے کیلئے دو کروڑ ووٹرز کو نہیں نمازیوں کو کال دی ہے، ڈاکٹر حسن محی الدین قادری

نمازی استقامت کے ساتھ اُس وقت تک ڈٹے رہیں گے جب تک سیاست کے شیطان بھاگ نہیں جاتے
کارکن دوکروڑ نمازیوں کیلئے صفیں بچھاتے جائیں جلد ہی اقامت کہی جائے گی
پاکستان میں کرپٹ نظام انتخاب کے ہوتے ووٹ کے ذریعے کبھی تبدیلی نہیں آئے گی
ہمارامقصد اعلی تعلیمی معیار قائم کرنا اور اسلام کے آفاقی نظام کو طلباء تک پہنچانا ہے
"امید پاکستان طلبہ کنونشن" سے ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کا خطاب

تحریک منہاج القرآن کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا ہے کہ انقلاب کیلئے جماعت قائم کرنے کیلئے دو کروڑ ووٹرز کو نہیں نمازیوں کو کال دی ہے جواستقامت کے ساتھ اُس وقت تک ڈٹے رہیں گے جب تک سیاست کے شیطان بھاگ نہیں جاتے۔ طلباء اور کارکن دوکروڑ نمازیوں کیلئے صفیں بچھاتے جائیں جلد ہی اقامت کہی جائے گی اور ڈاکٹر طاہر القادری کی امامت میں نماز انقلاب قائم ہو جائے گی جس کے نتیجے میں انقلاب کا سویرا طلوع ہو گا۔ پاکستان میں کرپٹ نظام انتخاب کے ہوتے ووٹ کے ذریعے کبھی تبدیلی نہیں آئے گی۔ ظلم کا سونامی استحصالی نظام کی شکل میں عوام کے حقوق کو خس و خاشاک کی طرح بہائے جا رہا ہے۔ تعلیم کے بغیر قوم ترقی نہیں کر سکتی لہذا طلبہ کی اولین ذمہ داری صرف اورصرف تعلیم کا حصول ہے۔ کسی بھی معاشرے کی ترقی میں طلبہ اور باشعور نوجوان اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ ہمارا مقصد اعلی تعلیمی معیار قائم کرنا اور اسلام کے آفاقی نظام کو طلباء تک پہنچانا ہے۔ مصطفوی سٹو ڈنٹس موومنٹ گزشتہ 19 سالوں سے تعلیمی اداروں میں فروغ تعلیم اور امن کے لیے کوشاں ہے۔ طلباء اپنا رشتہ اسلحہ کی بجائے کتاب سے جوڑیں اور معاشرے میں مثبت رویوں کے فروغ کے لیے کردار ادا کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مصطفوی سٹو ڈنٹس موومنٹ کے یوم تاسیس کے سلسلے میں مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقدہ "امید پاکستان طلبہ کنونشن" سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر، مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے مرکزی صدر عرفان یوسف، عبد العمار منعم، شیخ عماد الاسلام، تجمل حسین اورساجد گوندل بھی موجود تھے۔ کنونشن میں طلبہ تنظیموں، اہم سیاسی و سماجی شخصیات کی ایک کثیر تعداد نے بھی شرکت کی۔

ڈاکٹر حسن محی الدین القادری نے کہا کہ پاکستان میں تعلیم کا حصول مشکل ہو گیا ہے جس کی وجہ کرپٹ نظام انتخاب ہے۔ مہنگائی کے حالیہ طوفان کی وجہ سے طلبہ کا تعلیم حاصل کرنا محال ہے۔ علم کی اہمیت سے بہرہ ور قومیں بچوں کو مفت تعلیم دے رہی ہیں مگر پاکستان میں سکولوں کی حالت ناگفتہ بہ اور تعلیم کا بجٹ نہ ہونے کے برابر ہے۔

طلبہ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی صدر عرفان یوسف نے کہا کہ مصطفوی انقلاب کی منزل قریب ہے اور ڈاکٹر طاہر القادری کی امامت میں نماز انقلاب قائم ہونے والی ہے۔ ان شاء اللہ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے نوجوان اگلی صفوں میں ہوں گے اور سلام پھرنے تک ہر طالبعلم دیگر کی طرح استقامت کا پہاڑ بن کر کھڑا رہے گا۔ سٹیٹس کو کی قوتیں جان لیں اب ان کو تحفظ دینے والا نظام تنکوں کی طرح بہہ جائے گا اور انقلاب کے بعد ملک میں حقیقی جمہوریت کا قیام ہو گا۔ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کی ٹیم کے دیگر ممبرز نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ہم فروغ امن کے لیے ہمہ وقت کوششیں کرتے رہیں گے اور ایم ایس ایم تعلیمی اداروں میں امن، محبت، بھائی چارہ اور کتاب سے لگاؤ پیدا کرنے کے لیے اپنی جدوجہد ہمیشہ جاری رکھے گی۔ اس موقع پر یوم تاسیس کے حوالے سے کیک کاٹا گیا۔

تبصرہ

Top