ملک و قوم کا مستقبل نوجوانوں سے وابستہ ہے، ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کا ایوان اقبال لاہور میں یوتھ سیمینار سے خطاب

تحریک منہاج القرآن کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین القادری نے کہا ہے کہ تاریخ گواہ ہے کہ جب جب غریب کا استحصال بلندیوں پر پہنچتا ہے تو خوش خبری آتی ہے کہ انقلاب آنے والا ہے۔ اعلیٰ عدالتیں مسنگ پرسنز کا کیس تو اٹھاتی ہیں، مگر پچھلے 66 سال سے جوعوام کے حقوق کی مسنگ ہو رہی ہے وہ حقوق کون دے گا۔ امن و امان مسنگ ہے، داخلہ اور خارجہ پالیسی مسنگ ہے، غیرت مند پالیسی مسنگ ہے۔ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے عطا کردہ قوانین کی پالیسی مسنگ ہے۔ ہم جزو کی نہیں کل کی بات کرتے ہیں۔ ڈاکٹر طاہر القادری کی نگاہیں نوجوانوں پر ہیں اور نوجوان تبدیلی کی آخری امید ہیں۔ 29 دسمبر کو لاہور میں ان ظالم حکمرانوں کے خلاف پہلا محاذ ہو گا۔ اس کے بعد انقلاب کی کال آئے گی۔ نوجوانوں تم اس وقت تک ڈٹے رہنا جب تک یہ ظالم حکمران اپنا بوریا بسترا اٹھا کر بھاگ نہیں جاتے۔ ڈاکٹر طاہر القادری اس قوم کے حقوق اور خوشیاں لوٹانا چاہتے ہیں۔ قائد اعظم رحمۃ اللہ علیہ ایسا ملک چاہتے تھے جہاں رشوت ستانی نہ ہو، عدل و انصاف کا راج اور انسانی حقوق کی پاسداری ہو۔ بانی پاکستان چاہتے تھے کہ اس ملک کے حکمران بادشاہ نہیں خادم بنیں، مگر قائد کے پاکستان پر قابض یہ ظالم حکمران غریب عوام کا خون چوس چوس کر اتنے طاقتور اور بد مست ہو گئے ہیں کہ انہیں قائد کی آواز سنائی نہیں دیتی۔ جناح رحمۃ اللہ علیہ کا پاکستان جن چیزوں کا تقاضا کرتا تھا آج کا پاکستان ان سے متصادم ہے۔ اس ملک خداداد کو قائد اعظم کا پاکستان نوجوانوں نے بنانا ہے، سر دھڑ کی بازی لگانا ہو گی۔ وہ وقت زیادہ دور نہیں ہے۔ انقلاب کا نقارہ بجنے والا ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے انقلاب کی کال دے دی ہے، تیاری کر لو۔ اس سر زمین کو اقبال رحمۃ اللہ علیہ اور قائد اعظم رحمۃ اللہ علیہ کا پاکستان بنانا ہے۔ وہ منہاج القرآن یوتھ لیگ کے 25ویں یوم تاسیس (سلور جوبلی) کے موقع پر ایوان اقبال میں "اقبال کا شاہین اور آج کا پاکستان" کے عنوان سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع منہاج القرآن یوتھ لیگ کے مرکزی صدر شعیب طاہر، پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء اور شاعر مشرق علامہ اقبال رحمۃ اللہ علیہ کے پوتے ولید اقبال، سنیئر صحافی سعید اظہر، لاہور بار کے صدر محمد نعمان قریشی، سعید بھٹی، ارشاد طاہر اور حافظ غلام فرید بھی موجود تھے۔ جبکہ ایوان اقبال کا ہال منہاج القرآن یوتھ لیگ کے ہزاروں نوجوان مرد و خواتین سے بھرا ہوا تھا۔

ڈاکٹر حسین محی الدین القادری نے کہا کہ اسلام آباد کا لانگ مارچ ابتدا تھی اب صبح صادق طلوع ہو گی۔ حقیقی جمہوریت اور انسانی حقوق کا بول بالا ہوگا اور اس ملک میں وہ قانون ہو گا جو قائد اعظم محمد علی جناح رحمۃ اللہ علیہ چاہتے تھے۔ ڈاکٹر حسین محی الدین القادری نے کہا کہ آج ملک کے سالانہ بجٹ میں سے 25 فی صد پچھلے اٹھائے گئے قرضوں کے سود میں چلا جاتا ہے۔ آج غریب بچوں کو تعلیم کی بجائے دو وقت کی روٹی بھی مشکل سے کھلا رہا ہے۔ ملک میں بے سکونی اور دہشت گردی کا راج ہے۔ آج یوتھ لیگ کا 25واں یوم تاسیس ہے اور تجدید وفا اور عہد کا دن ہے۔ وہ لوگ کبھی منزل نہیں پاتے جو صحیح اور غلط کے درمیان کنفیوژ رہتے ہیں۔ خود کو صرف انقلاب کی راہ پر گامزن کریں۔ ڈاکٹر حسین محی الدین القادری نے کہا انقلاب ہمیشہ تین قسم کے استحصال سے آیا کرتا ہے۔ آج بھی قوم کا معاشی، معاشرتی اور سیاسی استحصال ہو رہا ہے اور وہ وقت دور نہیں جب دنیا مصطفوی انقلاب کا دور دورہ دیکھے گی۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء ولید اقبال نے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری کل بھی ٹھیک کہتے تھے اور ہم آج بھی ان کے ویژن کی تائید کرتے ہیں۔ مسلمانوں کے زوال کی اصل وجہ یہ ہے کہ وہ تخلیق کے عمل کو چھوڑ کر تخریب کے عمل میں شریک ہو گئے ہیں۔ آج کے نوجوان اگر اقبال رحمۃ اللہ علیہ کی خواہش کی طرح شاہیں صفت ہو جائیں تو پاکستان حقیقی خوشحالی اور استحکام سے ہمکنا رہو جائے گا۔

صدر لاہور بار نعمان احمد قریشی نے کہا کہ منہاج القرآن یوتھ لیگ مبارک باد کی مستحق ہے کہ وہ پچھلے 25سال سے سوئی قوم کو جگا رہی ہے۔ نظام بدلنا بڑی ذمہ داری ہے اور اس ملک کی یوتھ اس ملک کا حقیقی مستقبل ہے۔

سینئر صحافی سعید اظہر نے کہا کہ سیاست دانوں کے دعوے اور جدوجہد اپنی جگہ لیکن حقائق یہ ہیں کہ سارے قومی ادارے تباہ ہو چکے ہیں اور اشیاء خوردونوش غریب کی پہنچ سے دور ہو چکی ہیں۔ اس ملک کا منشور طاقت پر استوار ہو چکا ہے۔ عدلیہ کی بحالی اپنی جگہ لیکن چھوٹی بڑی عدالتوں میں لاکھوں زیر التوا مقدمات آدمی کو جنگل میں لے جاتے ہیں۔ پاکستان وہ ملک ہے جہاں طاقت ور طاقت کے زور پر حکمرانی کر رہے ہیں۔ ایسے مشکل وقت میں ڈاکٹر طاہر القادری عدل و مساوات کی بنیاد ڈالنے اور لوگوں کو ان کے حقوق دلانے نکلے ہیں جو قابل ستائش ہے۔

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی صدر شعیب طاہر نے کہا کہ منہاج القرآن یوتھ لیگ نے نوجوانوں کو بے مقصدیت سے نجات دلا کر انہیں معاشرے میں تعمیری کردار اور مثبت سرگرمیاں دے کر ملکی تعمیرو ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ منہاج القرآن یوتھ لیگ کے جوان با صلاحیت اور پر امن ہیں اور معاشرے میں برداشت اور رواداری کے کلچر کو فروغ دینے میں اہم کردا ر ادا کر رہے ہیں۔ نوجوانوں کی فکری رہنمائی کرنے اور انہیں ذہنی انتشار اور بے مقصدیت سے دور رکھنے میں منہاج القرآن یوتھ لیگ کے 25سنہرے سال پاکستان کی تاریخ کا حصہ ہیں۔ منہاج القرآن یوتھ لیگ اندرون و بیرون ملک، اعلیٰ اخلاقی اقدار کے فروغ محبت، امن اور بھائی چارے کے پھیلاؤ میں نہایت اہم کردار ادا کررہی ہے۔ اس موقع پر یوم تاسیس کے حوالے سے کیک بھی کاٹا گیا۔

تبصرہ

Top