لاہور : زونل ناظمین کو سوشل میڈیا کیمپس کی بریفنگ

مورخہ: 04 مارچ 2014ء

مورخہ 04 مارچ 2014ء کو لاہور میں منہاج القرآن انٹرنیشنل کے مرکزی سیکرٹریٹ پر زونل ناظمین کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت مرکزی صدر پاکستان عوامی تحریک شیخ زاہد فیاض نے کی، جبکہ جملہ مرکزی فورمز کے صدور و ناظمین اور پاکستان بھر سے آئے ہوئے زونل ناظمین بھی اس موقع پر موجود تھے۔

اجلاس کے دوران ڈائریکٹر منہاج انٹرنیٹ بیورو عبدالستار منہاجین نے سوشل میڈیا کیمپس کے حوالے سے پریزنٹیشن دی، جس میں انہوں نے سوشل میڈیا کا استعمال اور مصطفوی مشن کے فروغ سلسلے میں سوشل میڈیا کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ وطن عزیز پاکستان پر مسلط ظلم و بربریت، دہشت گردی اور دھن، دھونس دھاندلی پر مبنی نظام کے خلاف بیداری شعور اور حقیقی جمہوریت کی بحالی کے لئے جہاں دیگر ذرائع ابلاغ کی اہمیت ہے، وہیں سوشل میڈیا بھی نہایت اہمیت کا حامل بن چکا ہے۔ سوشل میڈیا کے ذریعے عام و خاص ہر طرح کے لوگ اپنا نقطہ نظر عوام الناس تک پہنچا سکتے ہیں اور وطن عزیز کی خوشحالی اور ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں۔ اسی اہمیت کو پیش نظر رکھتے ہوئے منہاج انٹرنیٹ بیورو نے پاکستان بھر میں رضاکاران کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے اور ان کی تربیت کے لئے شہر شہر سوشل میڈیا کیمپس کا آغاز کر رکھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ منہاج انٹرنیٹ بیورو کے زیراہتمام اب تک 9 مختلف شہروں میں سوشل میڈیا کیمپس منعقد کئے جا چکے ہیں، جس میں شریک افراد کو سوشل میڈیا کی اہمیت، اس کا مثبت استعمال، منفی پہلو سے احتیاط، سوشل سرکل کی اہمیت و اس میں توسیع کا طریق کار سکھایا جاتا ہے۔ رضاکاران کو اس حوالے سے بطور خاص ہدایات دی جاتی ہیں کہ ایک کروڑ نمازیوں کی تیاری کے سلسلے میں سوشل میڈیا کس حد تک مؤثر ثابت ہو سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر تحریک اور قائد تحریک کے بارے میں شرپسند عناصر مختلف پروپیگنڈا کرتے رہتے ہیں اور سادہ لوح عوام کے ذہنوں کو پراگندہ کرنے کی کوشش کرتے رہتے ہیں۔ شرپسند عناصر کی حوصلہ شکنی اور پروپیگنڈا کے درست اور حقیقت پر مبنی جوابات کے سلسلے میں منہاج انٹرنیٹ بیورو نے www.tehreek.org کے نام سے ویب سائٹ لانچ کی ہے، جہاں کم و بیش ہر قسم کے پروپیگنڈا کے تسلی بخش جوابات دیئے گئے ہیں۔

آخر پر اجلاس میں موجود تمام افراد نے منہاج انٹرنیٹ بیورو کی اس کاوش کو سراہتے ہوئے مبارکباد پیش کی۔

تبصرہ

Top