لاہور: نیشنل پیس اینڈ ہارمنی نیٹ ورک پاکستان کے زیراہتمام بین المذاہب مشاورتی اجلاس میں ڈائریکٹر انٹرفیتھ ریلیشنز کی شرکت

مورخہ: 14 مارچ 2014ء

نیشنل پیس اینڈ ہارمنی نیٹ ورک پاکستان کے زیراہتمام بین المذاہب مشاورتی اجلاس ایمبیسیڈر ہوٹل لاہور میں منعقد ہوا، جس کی صدارت آرچ بشپ آف کیتھولک چرچ لاہور، آرچ بشپ سبسٹین فرانسس شاؤ نے کی۔ ڈائریکٹر انٹرفیتھ ریلیشنز منہاج القرآن انٹرنیشنل سہیل احمد رضا نے وفد کے ہمراہ شرکت کی۔ اجلاس میں پاکستان کی تمام مذہبی اقلیتوں کے رہنماؤں جن میں بہائی لیڈر ڈاکٹر روحیا مفیدی، سردار ترنجیت سنگھ، ڈاکٹر جیمز چنن، ڈاکٹر مرقس فدا، مسیحی ایم پی اے طارق مسیح گل جاوید ولیم، یوئل بھٹی، پنڈت ہارون سراب ڈیال، پنڈت بھگت لال، علامہ زبیر عابد، علامہ نقوی، علامہ پیر شفاعت رسول، مفتی عاشق حسین اور علامہ عبد الوہاب روکڑی نے بھی شرکت کی۔

ڈائریکٹر انٹرفیتھ ریلیشنز منہاج القرآن سہیل احمد رضا نے آرچ بشپ کو پوپ فرانسس ویٹی کن سٹی کی جانب سے تقرری پر مبارکباد پیش کی اور وطن عزیز میں مذاہب کے مابین معاشرتی و ثقافتی تعلقات کو خوشگوار بنانے اور سماجی سطح پر رونما ہونے والے انتشار سے بچنے کے لئے مختلف تجاویز دیں۔ انہوں نے کہا کہ غربت، جہالت اور معاشی پسماندگی ہی معاشرتی اور مذہبی بگاڑ کی سب سے بڑی وجہ ہے۔ ہمیں ملک میں مروجہ نظام کو بہتر بنانے کے لئے مشترکہ جدوجہد کرنا ہو گی تاکہ وطن عزیز سے تمام طبقاتی جھگڑوں اور ناہمواریوں کا خاتمہ کیا جا سکے۔ ہم شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی قیادت میں ان تمام سماجی برائیوں کے خاتمے اور آئینی حدود مین تمام مذہبی اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ کرنا ملی اور مذہبی فریضہ سمجھتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملک کا سب سے بڑا مسئلہ دہشت گردی کا خاتمہ ہے۔ شیخ الاسلام کی علمی، فکری اور نظریاتی محاذ پر جدوجہد جاری ہے۔ ان کا دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کے لئے مبسوط تاریخی فتویٰ اس بات کا بیّن ثبوت ہے۔ سہیل احمد رضا نے اس موقع پر تمام مذاہب کے رہنماؤں کی موجودگی میں تقریب کے صاحب صدر آرچ بشپ سبسٹین فرانسس شا کو شیخ الاسلام کا مبسوط انگلش فتویٰ پیش کیا۔

تبصرہ

Top