لاہور: ڈائریکٹر انٹرفیتھ ریلیشنز کی وفد کے ہمراہ ہولی دیوالی کے تہوار میں شرکت

مورخہ: 19 مارچ 2014ء

انٹرفیتھ ریلیشنز منہاج القرآن انٹرنیشنل کے وفد نے لاہور بالمیک سوامی مندر میں ہولی کے تہوار میں پنڈت بھگت لال کی دعوت پر شرکت کی۔ وفد کی قیادت ڈائریکٹر سہیل احمد رضا نے کی۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ سید امجد شاہ ڈائریکٹر منہاج ویلفیئر، شہزاد خان ڈپٹی ڈائریکٹر انٹرفیتھ وپبلک ریلیشنز، محمد قدیر خان پی اے ناظم اعلی، محمد زاہد مینیجر پریس اینڈ پبلیکیشنز اور محمد فرحان نائب ناظم تحریک لاہور تحریک منہاج القرآن شامل تھے۔ علاوہ ازیں دیگر مختلف مذاہب کے نمائندہ رہنماؤں نے بھی شرکت کی جن میں سردار ترنجیت سنگھ، پاسٹر راکی جانسن، رویل بھٹی، علامہ امجد چشتی شامل تھے۔ ہندو برادری کے مذہبی و ثقافتی تہوار ''ہولی'' کے موقع پر ہندو برادری کی کثیر تعداد موجود تھی۔

اس موقع پر ڈائریکٹر انٹرفیتھ ریلیشنز سہیل احمد رضا نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہم وطن عزیز اور پوری دنیا میں رہنے والی تمام ہندو برادری کو ان کے مذہبی وثقافتی تہوار پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی جانب سے مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ ہم ان کی قیادت میں تمام مذہبی اقلیتی برادریوں کے حقوق کے تحفظ کی جدوجہد کر رہے ہیں۔ ہم بحیثیت پاکستانی ملک کے درپیش دہشت گردی اور لاقانونیت جیسے مسائل سے متحد ہو کر حل کر سکتے ہیں۔

سید امجد علی شاہ ڈائریکٹر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہم منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیراہتمام بلاتفریق رنگ و نسل ومذہب فلاح اور رفاہی منصوبوں پر کام کر رہے ہیں۔ حالیہ دنوں میں تھرپارکر میں قحط سالی کے موقع پر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن نے مختلف علاقوں میں امدادی کیمپس کے ذریعے اشیاء خورد و نوش، میڈیکل کی سہولیات اور اڑھائی سو ہندو گھرانوں کو ایک ماہ کا راشن فراہم کیا۔ ہم آئندہ بھی انسانی خدمت کے اس عظیم مشن کو شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی قیادت میں جاری رکھیں گے۔

تبصرہ

Top