سیاست دوبارہ ریاست کو روندنے کی تیاریاں کر رہی ہے مگر قوم ایسا ہرگز نہیں ہونے دے گی: ڈاکٹر طاہرالقادری

عوام سیاست کو فرعون بننے دیں گے نہ ہی ریاست کے ستونوں کو گرنے دیا جائے گا
ریاست کے تحفظ کا آئیندہ لائحہ عمل 11 مئی کو دونگا۔ ڈاکٹر طاہرالقادری
آئین میں دئیے حقوق واپس لینے کیلئے عوام 11 مئی کو تیاری کے ساتھ نکلیں
دہشت گردی کو تحفظ دینے کی ناپاک سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا
بیرونی آقاؤں کے اشارے پر دفاعی اداروں پر بد اعتمادی کی جا رہی ہے
کچھ واقعات کا الزام ریاستی اداروں پر ڈال کر انہیں کمزور کرنے کی سازش کی جا رہی ہے
چند سو خاندان دولت اور اقتدار کے نشے میں بد مست ہو کر ریاست کو کچلنا چاہتے ہیں، ان کا راستہ روکنا ہو گا
غریب کی بھوک مٹانے اور نوجوانوں کے روزگارکی کوئی حکومتی پالیسی نہیں ہے
پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہرالقادری کا پنجاب کی مجلس عاملہ کے اجلاس سے خطاب

پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ سیاست دوبارہ ریاست کو روندنے کی تیاریاں کر رہی ہے مگر قوم ایسا ہر گز نہیں ہونے دے گی۔ عوام سیاست کو فرعون بننے دیں گے اور نہ ہی ریاست کے ستونوں کو گرنے دیا جائے گا۔ ریاست کے تحفظ کا آئیندہ لائحہ عمل11 مئی کو دونگا۔ آئین میں دئیے حقوق واپس لینے کیلئے عوام 11 مئی کو تیاری کے ساتھ نکلیں۔ گھروں میں جلنے مرنے سے کچھ نہیں ملے گا، غاصبوں سے حق چھیننا ہوں گے۔ 11 مئی انقلاب کا ابتدائیہ ہے۔ قوم کو ریاستی اداروں کی حفاظت کیلئے نکلنا ہو گا، انقلاب قربانی مانگتا ہے۔ کچھ واقعات کا الزام ریاستی اداروں پر ڈال کر انہیں کمزور کرنے کی سازش کی جا رہی ہے۔ ارادی طور پر ملک دشمنی کا کھیل کھیلا جا رہا ہے۔ عوام ایسی سازشوں کا قلع قمع کر دیں۔ دہشت گردی کو تحفظ دینے کی ناپاک سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ بیرونی آقاؤں کے اشارے پر دفاعی اداروں پر بد اعتمادی کی جا رہی ہے۔ چند سو خاندان دولت اور اقتدار کے نشے میں بد مست ہو کر ریاست کو کچلنا چاہتے ہیں، ان کا راستہ روکنا ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان عوامی تحریک پنجاب کی مجلس عاملہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر بشارت عزیز جسپال، فیاض وڑائچ، ذو الفقار چوہدری، راجہ زاہد محمود، راجہ ندیم اور دیگر رہنماء بھی موجود تھے۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ ملک کے پورے سیاسی نظام کو بدلیں گے اور عوام کو شریک اقتدار کیا جائے گا۔ جمہوری اصولوں کی بنیاد پر اس ملک کا نقشہ بدل دیں گے۔ کرپشن، لوٹ مار اور غریب دشمنی کا خاتمہ ہو جائے گا۔ اشرافیہ کا نظام عوام کو کچھ بھی نہ دے گا۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ کچھ لوگ مردوں کا گوشت کھا رہے ہیں، غریب گردے بیچ کر زندگی گزارنے پر مجبور ہے۔ غریب کی بھوک مٹانے کیلئے کوئی حکومتی پالیسی نہیں ہے۔ نوجوانوں کے روزگار کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔ لاکھوں ڈگری ہولڈر نوجوان بے روزگاری کی آگ میں جل رہے ہیں۔ ملک سے غربت کے خاتمے کی کوئی پالیسی نہیں ہے۔ رشوت ستانی کا بازار گرم ہے۔ کسی سرکاری دفتر میں چھوٹا سا کام رشوت کے بغیر نہیں ہو رہا۔ انصاف ناپید ہے حکومت عوام کے جان و مال کے تحفظ میں مکمل ناکام ہو چکی ہے۔ یہ سارے حالات عوام کو خانہ جنگی کی طرف دھکیل رہے ہیں۔ اس صورتحال میں قوم کو اپنا مقدر بدلنے کیلئے شعور کی آنکھ کھول کر باہر نکلنا ہو گا کیونکہ موجودہ حکمران انہیں دائمی غلامی کی جانب دھکیل رہے ہیں۔

تبصرہ

Top