ملکی استحکام اور قومی یکجہتی کو فروغ دینے کے لئے فکر اقبال پر عمل کرنا ہوگا: سہیل احمد رضا

ملک کو بچانے کے لئے نوجوان نسل کو علامہ اقبال کی تعلیمات کی پیروی کرنا ہوگی
عوام 11 مئی کو پاکستان عوامی تحریک کے احتجاجی مظاہروں میں شریک ہوں، تاکہ ظالمانہ نظام کو دریا برد کیا جا سکے
پاکستان عوامی تحریک کے قائدین نے ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی طرف سے مزار اقبال پر پھولوں کی چادر چڑھائی

شاعر مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کے یوم وصال کے موقع پر پاکستان عوامی تحریک شعبہ تعلقات عامہ کے صدر شہزاد رسول گجر اور PAT پنجاب کے صدر بشارت عزیز جسپال کی قیادت میں پارٹی وفد نے حکیم الامت علامہ ڈاکٹر محمد اقبال رحمتہ اللہ علیہ کے مزار پر حاضری دی اور پا کستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی جانب سے پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ وفد میں سہیل احمد رضا، فیاض وڑائچ، راجہ زاہد، میاں عبد القادر، ساجد بھٹی، حاجی اسحق، طیب ضیاء، سردار رنجیت سنگھ و دیگر بھی شامل تھے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شہزاد رسول گجر اور سہیل احمد رضا نے کہا کہ شاعر مشرق عظیم سیاست دان، دانشور اور وکیل ہی نہیں بلکہ قوم کے سب سے بڑے فکری رہنما بھی تھے۔ مسلمانان ہند کے احیاء کی جدوجہد کے مفکر اقبال ہیں۔ مسلمانان برصغیر کی فکری، عملی اور نظریاتی میدان میں رہنمائی کا جو کردار اقبال نے ادا کیا وہ اس خداداد صلاحیتوں کا حامل تھا جس کی نظیر عصر حاضر میں نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ اقبال نے مسلمانوں کو جہد مسلسل کی تلقین کی اور نوجوان نسل کو سادہ اور فطری زندگی پر قناعت کا درس دیا۔ شاعر مشرق نے اپنے کلام میں مسلمانوں کو ہرحال میں اپنی خودداری اور غیرت کی حفاظت کرنے کی تلقین کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج اقبال کے یوم وصال پر ہمیں اقبال کی فکر پر عمل کرنے کا عہد کرنا ہوگا، اقبال نے نوجوانوں کو شاہین قراردیا ہے اور عقابی روح بیدار کرنے کا جذبہ پیدا کرنے کی نصیحت کی ہے، عمل پیہم اور سعی مسلسل زندگی اور ترقی کے لئے لازم ہیں۔

بشارت عزیز جسپال نے کہا کہ نوجوان، علم و ہنر میں دسترس حاصل کر کے دنیا میں اپنا نام پیدا کریں اور ملک کو ترقی کے اوج پر پہنچائیں۔ آج پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہر القادری اقبال کی اسی فکر کو علمی اور عملی طور پر پروان چڑھا رہے ہیں۔ تاکہ امت مسلمہ اور خاص طور پر پاکستانی قوم دوبارہ عروج حاصل کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ 11 مئی کو پاکستان عوامی تحریک کے تحت کرپٹ انتخابی نظام کے خلاف ملک گیر احتجاجی مظاہرے انقلاب کا نقطہ آغاز ثابت ہوں گے۔ حکومت عوام کو بنیادی سہولیات دینے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔ ملک بے پناہ مسائل کی دلدل میں دھنس چکا ہے۔ ڈاکٹر طاہر القادری امید کی آخری کرن ہیں، ان کی کال پر ملک بھر سے لاکھوں عوام 11 مئی کے احتجاجی مظاہروں میں شریک ہوں گے تاکہ ظالمانہ نظام کو دریا برد کیا جا سکے۔ پاکستان عوامی تحریک کے وفد نے مزار اقبال پر پاکستان کی سلامتی اور خوشحالی کے لئے خصوصی دعا بھی کی۔

تبصرہ

Top