11 مئی کو جماعت انقلاب کی اقامت کہی جائے گی، عوام گھروں سے نکلیں۔ ڈاکٹر حسن محی الدین قادری

مورخہ: 08 مئی 2014ء

ظالمانہ نظام کو اکھاڑ کر ریاست مدینہ کا نظام لائیں گے
پاکستان میں 35 صوبے بنا کر عوام کو ان کے حقوق انکی دہلیز پر دیں گے
مرکزی سیکرٹریٹ میں تاجر، سیاسی، سماجی اور مذہبی تنظیموں کے وفود سے خطاب

چیئرمین سپریم کونسل پاکستان عوامی تحریک ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا ہے کہ پاکستان میں مہنگائی، بے روزگاری، نا انصافی اور لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے عوام گردے فروخت اور خودکشیوں پر مجبور ہیں۔ یزیدی نظام کے خاتمے اور حسینی نظام کو نافذ کرنے کیلئے ڈٹ جانے کی ضرورت ہے۔ جھکنے کا نہیں بلکہ بڑھ کر حقوق چھین لینے کا وقت آ گیا ہے۔ ریاست مدینہ کا نظام لائیں گے۔ ڈاکٹر طاہر القادری اقلیتوں کے حقوق کی جنگ لڑ رہے ہیں ان کے سنگ ریاست بچاؤ کی جنگ لڑیں گے۔ 11 مئی کو جماعت انقلاب کی اقامت کہی جائے گی۔ عوام 11مئی کو گھروں سے نکل کر حکمرانوں کو پیغام دیں کہ ان کے اقتدار کا سورج کسی بھی وقت غروب ہو سکتا ہے۔ سبز انقلاب اس دھرتی کا مقدر بن چکاہے۔ وہ گذشتہ روز پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹریٹ میں تاجر، سیاسی، سماجی اور مذہبی تنظیموں کے وفود سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر حسن رانا پی ٹی سی ایل یونین، ابراہیم مغل چیئرمین ایگری فورم، سید علی رضا چیئرمین تحریک استحکام پاکستان، مہر عبد الحق مرکزی سیکرٹری آل پاکستان بھٹہ مالکان ایسویسی ایشن، شاہد بٹ صدر آل پاکستان ریسٹورنٹ ایسوسی ایشن، بد رچشتی جنرل سیکرٹری فلاح پارٹی، ملک محمد طفیل چیئرمین اکنامک فورم پاکستان، پنڈت بھگت لا ل، عبد الرشید قریشی چیئرمین عدلیہ بچاؤ کمیٹی، ڈاکٹر احسن، سہیل احمد رضا، محمد جواد حامد، حاجی محمد اسحق اور شہزاد رسول چوہدری بھی موجود تھے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے حالات ظالم نظام نے اس قدر خراب کر دیے ہیں کہ بے بس اور لاچار عوام اپنے جسم اور روح کا رشتہ قائم رکھنے کیلئے اپنے گردے فروخت کر رہی ہے۔ مائیں اپنے جگر گوشوں کو نہروں اور دریاؤں میں پھینک رہی ہیں اور بھوک کے ستائے ہوئے انسان مردوں کا گوشت کھانے پر مجبور ہو چکے ہیں جبکہ حکمران ٹولہ اپنی عیاشیوں میں مد ہوش ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ظالمانہ نظام کو اکھاڑ کر ریاست مدینہ کا نظام لائیں گے جہاں محمد عربی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ایک مثالی حکومت قائم کر کے تمام مذاہب کے ماننے والوں کو مساوی حقوق دئیے اور ریاست مدینہ کو امن کا گہوارہ بنا دیا تھا جہاں کوئی شخص بھوکا نہ رہا بلکہ ہر کوئی ایک دوسرے کا کفیل بن گیا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست مدینہ کے 14 صوبوں کی طرز پر پاکستان میں 35 صوبے بنائیں گے تاکہ عوام کو ان کے حقوق انکی دہلیز پر دئیے جا سکیں۔

پاکستان عوامی تحریک پنجاب کے صدر بشارت جسپال نے کہا کہ ملک کے حالات اس قدر ابتر ہو چکے ہیں کہ اب کسی کی بھی عزت اور جان و مال محفوظ نہیں رہی۔ اگر کسی کی گاڑی چوری ہو جائے تو وہ اسکی بازیابی کیلئے ایف آئی آر درج نہیں کرائی جاتی بلکہ اس چوری شدہ گاڑی کو کسی دہشت گردی میں استعمال ہونے کے ڈر سے ایف آئی آر درج کرائی جاتی ہے۔ ہندو پنڈت رہنماء بھگت لال نے کہا کہ سیاستدانوں نے ملک و قوم کو 65سالوں سے بے دریغ لوٹا ہے اور پاکستان کا نظام یزیدی ہے جس کے خاتمہ کیلئے وہ ڈاکٹر طاہر القادری کے سنگ سنگ چلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ہندو برادری قائد انقلاب کو اپنانجات دہندہ مانتی ہے۔

تبصرہ

Top