برصغیر کی تاریخ میں پہلی بار کیتھولک کیتھڈرل چرچ میں محفل میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا انعقاد

کیتھولک سیکرڈ ہارٹ کیتھڈرل چرچ ریگل چوک لاہور میں انٹرفیتھ ریلیشنز منہاج القرآن، انٹرنیشنل ریمڈی فاؤنڈیشن اور ساؤتھ فاؤنڈیشن کے باہمی اشتراک سے بین المذاہب امن دعائیہ تقریب اور جشن عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے عنوان سے ریکٹر کیتھولک سیکرڈ ہارٹ چرچ کی زیرنگرانی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کا آغاز حافظ غلام مصطفی نے تلاوت قرآن مجید اور فادر جوزف ڈینیل نے بائبل مقدس کی تلاوت سے کیا۔ بعد ازاں ظہیر بلالی برادران (منہاج نعت کونسل) نے تاجدار کائنات صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں گلہائے عقیدت نچھاور کیے۔ استقبالیہ کلمات کاشف نواب ڈائریکٹر ساؤتھ فاؤنڈیشن نے ادا کیے۔ بعد ازاں بین المذاہب دعائیہ تقریب میں ہندو مذہب کے رہنما پنڈت بھگت لال، مسیحی رہنما فادر جیمز چنن، یوسف بجنوری بہائی فیتھ اور علامہ غلام مرتضی علوی نے وطن عزیز کی سلامتی، امن و ترقی، دشت گردی کے خاتمے، انتہا پسندی کی روک تھام اور مذاہب عالم کے مابین برداشت، محبت، اخوت اور انسانی عظمت کے فروغ کے لیے دعا کی۔

مہمانان گرامی جن میں ڈاکٹر رحیق احمد عباسی صدر پاکستان عوامی تحریک، فیض الرحمن خان درانی مرکزی امیر تحریک منہاج القرآن، جی ایم ملک ڈائریکٹر امور خارجہ، سہیل احمد رضا ڈائریکٹر انٹرفیتھ ریلیشنز اور دیگر مقررین جن میں سماجی رہنما سیدہ دیپ، ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان کی ڈائریکٹر لبنی منصور، ریمڈی فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر آغا باقر حسین، صدیق جان، اقلیتی امور کے پارلیمانی سیکرٹری پنجاب اسمبلی طارق مسیح گل ایم پی اے یوئیل بھٹی، قاضی فیض الاسلام اور راجہ زاہد تھے، جبکہ ریکٹر سیکرڈ ہارٹ کیتھڈرل چرچ محترم ریورنڈ فادر جوزف شہزاد نے آرچ بشپ سبسٹین فرانسس شاہ، بشپ آف لاہور کی نمائندگی کرتے ہوئے مسیحی برادری کی جانب سے مسلم برادری کے ساتھ اظہار یکجہتی اور مذہبی ہم آہنگی کا پیغام دیتے ہوئے پیغمبر اسلام حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی پیدائش کی مبارکباد دی۔

ڈاکٹر جیمز چنن ڈائریکٹر پیس سنٹر لاہور نے تمام مسلمانوں کو پیغمبر اسلام کے یوم ولادت کی مبارکباد دی۔ ویٹی کن سٹی کیتھولک مرکز کی 1962 میں مسیحوں کے روحانی پیشوا کی طرف سے عالمی امن و محبت اور مذاہب کے مابین روابط کی پالیسی کے اعلان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اہل اسلام کے ساتھ مذہبی ہم آہنگی، نماز، روزہ اور زکوۃ کے تصور کو قدر مشترک قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے ہمیشہ وطن عزیز میں بسنے والے غیر مسلموں کے حقوق کے لیے جرات کے ساتھ ان کے حقوق کا دفاع کیا ہے۔

ڈاکٹر رحیق عباسی صدر پاکستان عوامی تحریک نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کے پلیٹ فارم سے امن کے پیغام کو بڑے مؤثر انداز میں پھیلایا جا رہا ہے۔ دین اسلام میں تنگ نظری کا کوئی تصور نہیں ہے۔ مسلمان کی شان یہ ہے کہ اس کے لئے تمام انبیاء سابقین اور کتب پر ایمان لانا ضروری ہے۔

مرکزی امیر تحریک منہاج القرآن صاحبزادہ فیض الرحمن درانی نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کیتھولک چرچ انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے 1998 میں مسلم کرسچین ڈائیلاگ فورم کی بنیاد رکھ کر دونوں عالمی مذاہب کے مابین روابط کو بہتر بنانے اور مکالمہ کا آغاز کیا۔ علاوہ ازیں ہمارے مرکز پر ہر سال کرسمس کی تقریب کا انعقاد اس مسلم مسیحی دوستی کا واضح ثبوت ہے۔

ڈائریکٹر انٹرفیتھ ریلیشنز سہیل احمد رضا نے تمام حاضرین کا اس پروگرام میں شرکت کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ آج کا یہ تاریخی پروگرام عالمی سطح پر دونوں دنیا کے سب سے بڑے مذاہب کے مابین دوستی اور مذہبی ہم آہنگی میں سنگ میل ثابت ہوا۔

اس تاریخی پروگرام میں منہاج القرآن علماء کونسل سے میر محمد آصف اکبر قادری، مفتی محبوب احمد صدیقی اور منہاج القرآن ویمن لیگ سے گلشن ارشاد، افنان بابر اور فرح ناز نے شرکت کی۔ پروگرام کے اختتام پر منہاج نعت کونسل نے تاجدار کائنات صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے حضور درود و سلام پیش کیا اور مرکزی امیر تحریک صاحبزادہ فیض الرحمن درانی نے ملک و قوم کی سلامتی کے لیے خصوصی دعا کی۔ بعد ازاں جشن عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا کیک کاٹا گیا۔

رپورٹ: محمد نزاکت منہاجین

تبصرہ

Top