دربار غوثیہ مچھ بلوچستان پر دہشت گردوں کے حملہ کیخلاف تحریک منہاج القرآن کا احتجاجی مظاہرہ

حکمران اپنی حرکتوں سے دہشت گردی کو تقویت دے رہے ہیں، ڈاکٹر رحیق عباسی‎
اب اولیاء اللہ کا کوئی مزار دہشت گردی کا نشانہ بنا تو حکومتی ایوان بھی سلامت نہیں رہیں گے، چوہدری افضل گجر‎
داتا علی ہجویری رحمۃ اللہ علیہ، عبد اللہ شاہ غازی رحمۃ اللہ علیہ، بابا فرید رحمۃ اللہ علیہ کے مزارات نشانہ بنے اور کوئی گرفتار نہ ہوا۔ غلام فرید‎
دہشت گردوں کو نہ پکڑا گیا تو عظمت صوفیاء کے پاسبان بن کر پورے ملک میں سڑکوں پر نکلیں گے، شہزاد رسول
پاکستان عوامی تحریک کا اولیاء اللہ کے مزارات پر دہشت گردانہ حملوں اور ایمپلی فائر ایکٹ کے امتیازی استعمال پر احتجاجی مظاہرہ‎

پاکستان عوامی تحریک اور تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام اولیائے اللہ کے مزارات پر بڑھتے ہوئے دہشت گردانہ حملے، ایمپلی فائر ایکٹ کے امتیازی استعمال بالخصوص خانقاہ سیدنا طاہر اعلاؤالدین الگیلانی رحمۃ اللہ علیہ دربار غوثیہ مچھ بلوچستان پر دہشت گردوں کے حملہ کے خلاف لاہور پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ احتجاجی مظاہرے میں سینکڑوں کارکنان نے شرکت کی۔

احتجاجی مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق عباسی نے کہا کہ ایک منظم منصوبہ بندی کے تحت اولیاء اللہ کے مزارات اور آئمہ مساجد اور خطباء کے خلاف حکومت کارروائیاں کر رہی ہے اور حکمرانوں کے ایما پر پولیس یہ تاثر پھیلا رہی ہے کہ یہ سب کچھ فوج کی خواہش پر کیا جا رہا ہے۔ ہم فوج کی قیادت سے کہتے ہیں کہ وہ حکمرانوں کی اس سازش پر نظر رکھیں اور دہشت گردی کے خلاف صف آراء آئمہ مساجد اور خطیبوں کے خلاف کارروائیاں بند کروائے، ایسی کارروائیوں سے عوام میں اشتعال پیدا ہو رہا ہے اور اس سے قومی ایکشن پلان کو نقصان پہنچے گا، انہوں نے وفاقی اور بلوچستان کی حکومت سے مطالبہ کیا کہ سیدنا طاہر علاؤالدین الگیلانی رحمۃ اللہ علیہ کی خانقاہ پر حملہ کرنے والے دہشت گردوں کو فوراً گرفتار کرنے کے ساتھ ساتھ حضرت داتا علی ہجویری، عبد اللہ شاہ غازی اور حضرت بابا فرید گنج شکر کے مزار ات پردہشت گردی کرنے والوں کو گرفتار کرے۔

اس موقع پر پاکستان عوامی تحریک لاہور کے صدر چوہدری افضل گجر، تحریک منہاج القرآن لاہور کے ناظم حافظ غلام فرید، شہزاد رسول، ملک حبیب و دیگر نے بھی خطاب کیا، احتجاجی مظاہرے میں بزم قادریہ سمیت مختلف مذہبی، سیاسی تنظیموں کے علاوہ جید علماء و مشائخ عظام نے شرکت کی۔

مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان عوامی تحریک لاہور کے صدر چوہدری افضل گجر نے کہا کہ پیر سیدنا طاہر علاؤالدین کے دربار غوثیہ بلوچستان میں دہشت گردی کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ اب اولیاء اللہ کا کوئی مزار دہشت گردی کا نشانہ بنا تو حکومتی ایوان بھی سلامت نہیں رہیں گے۔ ن لیگ کے دور میں اولیاء کرام کے مزارات اور امن و آشتی کا پیغام عام کرنے والی خانقاہیں مسلسل دہشت گردی کی زد پر ہیں اور حکومت مزارات کو سیکیورٹی فراہم کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمران ایمپلی فائر ایکٹ کا سیاسی استعمال کرتے ہوئے ان مساجد اور درسگاہوں کو نشانہ بنا رہے ہیں جہاں سے دہشت گردی کے خلاف آواز بلند ہوتی ہے۔ ایمپلی فائر ایکٹ کے نام پر ان علماء کے خلاف انتقامی کارروائیاں کی جا رہی ہیں جو پہلے ہی دہشت گردی کے خلاف ہیں۔ ان ہتھکنڈوں سے حکمران دہشت گردی کے خلاف قومی ایکشن پلان کو ناکام کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ حکمران اپنی ان حرکتوں سے دہشت گردی کو تقویت دے رہے ہیں۔

مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے تحریک منہاج القرآن لاہور کے ناظم حافظ غلام فرید نے کہا کہ ان ظالم حکمرانوں کے دور میں حضرت داتا علی ہجویری، حضرت بابا فرید، عبد اللہ شاہ غازی کے مزارات سمیت مساجد، مدرسے، امام بارگاہیں، سکول، ہسپتال اور جید علمائے کرام دہشت گردی کا نشانہ بنے، مگر کسی ایک واقعہ کا دہشت گرد نہیں پکڑا گیا۔ انہوں نے کہا کہ دنائے اسلام کے اہم علمی و تحقیقی مرکزادارہ منہاج القرآن میں بھی دہشت گرد حکمرانوں نے خون کی ندیاں بہا کر دہشت گردوں کے ایجنڈے کو پورا کیا۔ انہوں نے مرکز، بلوچستان اور پنجاب کی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اولیائے اللہ کے مزارات کی سیکیورٹی کو فول پروف بنائیں اور پیر سیدنا طاہر علاؤ الدین کی خانقاہ پر حملہ کرنے والے دہشت گردوں کو گرفتار کر کے عبرت ناک سزا دی جائے۔

شہزاد رسول نے کہا کہ آج کے اس احتجاجی مظاہرے میں شریک ہر شخص امن و سلامتی کا پیامبر بن کر آیا ہے۔ اگر اولیاء اللہ کے مزارات کی بے حرمتی کو نہ روکا گیا اور دہشت گردوں کو نہ پکڑا گیا تو جلد ہی عظمت صوفیاء کے پاسبان بن کر پورے ملک میں سڑکوں پر نکلیں گے۔ دربار غوثیہ پر حملہ ملکی تاریخ کا سیاہ باب ہے اور دہشت گردوں کو کھلی چھٹی دینے والے قومی مجرم ہیں۔ صوفیاء کرام کروڑوں دلوں میں بستے ہیں انکی حرمت کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے والے نیست و نابود ہو جائیں گے۔‎

تبصرہ

Top