سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قتل عام میں ملوث عناصر سے ایک ایک گولی چلانے کا حساب لیں گے، ڈاکٹر حسن محی الدین القادری

مورخہ: 06 مارچ 2015ء

پاکستان عوامی تحریک کے قائد جلد پاکستان آئینگے اور انقلابی جدوجہد کی قیادت کرینگے
مہنگائی لوڈشیڈنگ، غربت، دہشت گردی سمیت درجنوں مسائل ہیں مگر حکمرانوں کی ترجیحات کچھ اور ہیں، صاحبزادہ حامد رضا
ڈاکٹر طاہرالقادری نے ہمیشہ دہشت گردی کے خلاف سب سے پہلے آواز اٹھائی، ناصر عباس شیرازی
الیکشن 2013ء سے قبل ڈاکٹر طاہرالقادری کا موقف حرف بہ حرف درست ثابت ہو، ولید اقبال
دہشت گردی کے خلاف ڈاکٹر طاہرالقادری کا تاریخی فتویٰ اقوام عالم کے لئے بڑا اثاثہ ہے، ڈاکٹر جیمز چنن
طاہرالقادری کا ویثرن پاکستان اور امت مسلمہ کو وقار و عزت دے گا، خرم نواز گنڈا پور
پاکستان عوامی تحریک کے زیر اہتمام واہگہ ٹاؤن میں منعقدہ امن سیمینار سے مقررین کا خطاب

چیئرمین سپریم کونسل تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر حسن محی الدین القادری نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے فتنے کو کچلنے کا بہترین حل فوجی آپریشن ہی تھا کیونکہ مکالمہ انسانوں سے ہوتا ہے درندوں سے نہیں، پوری قوم افواج پاکستان کو سلام پیش کرتی ہے جو غیرت ملی کا اظہار کرتے ہوئے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کررہے ہیں۔ بدامنی، ظلم، بربریت، لاقانونیت اور دہشت گردی کے خلاف عوام کو اٹھنا ہو گا اور ڈاکٹر طاہرالقادری کا دست بازو بن کر ملکی مفادات کی دھجیاں اڑانے والے حکمرانوں کو اقتدار کے ایوانوں سے باہر پھینکنا ہوگا۔ موجودہ حکومت چند روز کی مہمان ہے حکومتی امداد کو جوتے کی نوک پر رکھتے ہیں۔ منفی پراپیگنڈا کرنے والے سن لیں 2 ارب تو کیا 200 کھرب کو بھی جوتے کی نوک پر مارتے ہیں۔ ہم اپنے شہداء اور زخمیوں کی کفالت خود کریں گے، شہداء کے خون کا سودا نہیں کرینگے بلکہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قتل عام میں ملوث عناصر سے ایک ایک گولی چلانے کا حساب لینگے۔ پاکستان نااہل اور کمزور سیاستدانوں کے نرغے میں ہے اس لیے سب کچھ ہونے کے باوجود ملک کا معاشی و سیاسی وقار کھو گیا ہے۔ ظالم حکمرانوں کو سانحہ پشاور، شکار پور اور سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہداء کے قتل کا حساب دینا ہو گا۔ قانون کے مطابق قصاص لیں گے۔ پاکستان عوامی تحریک کے انقلابی کارکنوں کے جذبے میں رتی برابر بھی کمی نہیں آئی بلکہ ان کے جذبے میں کئی گناہ اضافہ ہوا ہے کارکن انقلاب کیلئے اپنی جانیں قربان کرنے کیلئے بے تاب ہیں۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہداء کا خون ہم پر قرض ہے۔ شہداء کے خون کا ایک ایک قطرہ عنقریب ایک ایک قاتل کے گلے کا پھندہ ثابت ہو گا۔ ظالم حکمرانوں اور انکے دہشت گردوں نے سانحہ ماڈل ٹاؤن پر جسطرح ظلم و بربریت کی انتہا کی، عوامی تحریک کے نہتے اور پرامن کارکنوں نے جرات بہادی کی سنہری تاریخ رقم کی ہے۔ پاکستان عوامی تحریک کے قائد جلد پاکستان آئینگے او انقلابی جدوجہد کی قیادت کرینگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان عوامی تحریک کے زیر اہتمام واہگہ ٹاؤن میں ڈاکٹر طاہرالقادری کے 64 ویں یوم پیدائش کے موقع پر منعقدہ امن سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

سیمینار کی صدارت معروف روحانی شخصیت پیر غلام حیدر ضیائی نے کی جبکہ چیئرمین سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامد رضا، خرم نواز گنڈا پور، مجلس وحدت المسلمین کے رہنما ناصر عباس شیرازی، رہنما پی ٹی آئی ولید اقبال، مرکزی صدر جے یو پی نیازی پیر معصوم نقوی، مسیحی رہنما فادر جیمز جنن و دیگر نے خصوصی شرکت کی۔

چیئرمین سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ مہنگائی لوڈشیڈنگ، غربت، دہشت گردی سمیت درجنوں مسائل حکومت کی توجہ کے متقاضی ہیں مگر حکمرانوں کی ترجیحات کچھ اور ہیں۔ پاکستان مسائلستان بن چکا ہے، جلد عوام کا بپھرا ہوا سیلاب سب کچھ بہا لے جائے گا۔ عوام کا ریلہ نام نہاد سیاستدانوں کو ان کی کرپشن سمیت تنکوں کی طرح بہا لے جائے گا۔ شہدائے ماڈل ٹاؤن کے خون کا سودا نہیں کرینگے بلکہ انتقام لینگے۔ خون شہادت کے ایک ایک قطرہ کا حساب لیں گے۔ خون کی ہولی کھیلنے والوں کو کسی صورت معاف نہیں کرینگے۔ ریاستی دہشت گردی کا حصہ بننے والوں کو گریبانوں سے پکڑیں گے۔ ایمپلی فائر ایکٹ کے قانون کی آڑ میں دہشت گردی کے خلاف آواز بلند کرنے والے علماء کے خلاف کارروائیاں کی جارہی ہیں جو قومی ایکشن پلان کو ناکام بنانے کی سازشیں ہیں۔ بارود والوں کو بچانے کیلئے درود والوں کے خلاف کارروائیاں کر کے حکمرانوں نے اپنا مکروہ چہرہ واضح کر دیا۔

پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے کہا ہے کہ طاہرالقادری کا ویثرن پاکستان اور امت مسلمہ کو وقار و عزت دے گا۔ ڈاکٹر طاہرالقادری انقلابی لیڈر ہیں جو حالات کی نبض پر ہاتھ رکھ کر آنے والی نسلوں کے مفادات اور ملک کے استحکام کیلئے فیصلے کرتے ہیں۔ عوام سیاسی جدوجہد کے ذریعے ڈاکٹر طاہرالقادری کو انکی اگلی سالگرہ پر انقلاب کا تحفہ دیں۔ مجلس وحدت المسلمین کے رہنما ناصر عباس شیرازی نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری امن کے سفیر ہیں۔ مجلس وحدت المسلمین اور ڈاکٹر طاہرالقادری نے ہمیشہ دہشت گردی کے خلاف سب سے پہلے آواز اٹھائی اور افواج پاکستان کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنے میں بھی پہل کی۔ اب دہشت گردوں کیلئے پاک دھرتی پر کوئی جگہ نہیں۔

ناصر شیرازی نے کہا کہ سانحہ کوئٹہ، شکارپور، کراچی، اسلام آباد اور ماڈل ٹاؤن کے شہداء کا خون پکار پکار کر کہہ رہا ہے کہ وقت کے ہٹلر اور مسولینی کو خون کے ایک ایک قطرے کا قصاص دینا ہو گا۔ معصوم لوگوں کی لاشیں گرا کر یہ اقتدار نہیں بچا سکتے۔ وقت آنے والا ہے لٹیروں کو اب جدہ یا کسی اور ملک میں جگہ نہیں ملے گی اب یہ رائے ونڈ سے سیدھے جیل جائینگے۔ ناصر شیرازی نے کہا کہ ملک میں بین المذاہب ہم آہنگی اور رواداری موجود ہے مگر نااہل حکمرانوں کی نااہلیوں کی وجہ سے ایک خاص منصوبہ کے تحت قومی ایکشن پلان کو ناکام بنایا جارہا ہے۔ حکومت وقت میں غیرت ہوتی تو سانحہ ماڈل ٹاؤن شکار پور، سانحہ اسلام آباد، سانحہ پشاور کے بعد مستعفی ہو جاتے۔

پی ٹی آئی کے رہنماء ولید اقبال نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خلاف معتبر ترین حوالہ ہیں اور دنیا انکی خدمات کی معترف ہے۔ الیکشن 2013ء سے قبل ڈاکٹر طاہرالقادری کا موقف حرف بہ حرف درست ثابت ہوا اور سیاسی قائدین نے بعد از الیکشن انکے موقف کی تائید کی کہ فرسودہ نظام کو بدلے بغیر عوام کی پارلیمنٹ تشکیل نہیں پا سکتی۔ مسیحی رہنماء ڈاکٹر جیمز چنن نے کہا کہ مختلف تہذیبوں اور مذاہب کے درمیان مشترکہ اقدار پر اکٹھا ہونا ہی دنیا کو امن دے سکتا ہے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری عالم اسلام کے سکالر اور پاکستان کے رہنماء ہیں جو تمام مذاہب کو احترام دیتے ہیں اور دنیا کو امن و سلامتی دین کی فکری، علمی اور عملی رہنمائی دے رہے ہیں۔ دہشت گردی کے خلاف انکا تاریخی فتویٰ اقوام عالم کے لئے بڑا اثاثہ ہے۔ وہ حقیقی معنوں میں امن کے سفیر ہیں خداوند انکی عمر دراز کرے۔

سیمینار سے پیر معصوم حسین نقوی، ارشاد طاہر، حافظ غلام فرید و دیگر نے بھی خطاب کیا۔

اس سے متعلقہ فوٹو البم ملاحظہ کرنے کے لئے کلک کریں۔

تبصرہ

Top