تحریک منہاج القرآن کی نئی ویب سائٹ کا افتتاح

مورخہ: 22 جون 2015ء

Dr Hassan Mohi-ud-Din Qadri inaugurates new version of MQI website مؤرخہ 22 جون 2015ء کو منہاج انٹرنیٹ بیورو کے سٹاف کی چیئرمین سپریم کونسل تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر حسن محی الدین قادری سےملاقات ہوئی، جس میں انہوں نے تحریک کی مرکزی ویب سائٹ www.minhaj.org کے نئے ورژن کا افتتاح فرمایا۔ اس موقع پر صدر پاکستان عوامی تحریک ڈاکٹر رحیق احمد عباسی اور ناظم اعلیٰ تنظیمات شیخ زاہد فیاض بھی موجود تھے۔

اس دوران ڈائریکٹر MIB عبدالستار منہاجین نے ویب سائٹ بارے تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ جدید تکنیکی تقاضوں کے مطابق از سر نو ڈیزائن کردہ ویب سائٹ کا نیا ورژن نہ صرف دیکھنے میں دیدہ زیب ہے بلکہ اس میں صارفین کو بہت سی نئی سہولیات بھی دی گئی ہیں۔ نیا ڈیزائن responsive ہے، چنانچہ ویب سائٹ اب کسی بھی سائز کے سمارٹ فون اور ٹیبلٹ پر بہترین رزلٹ دیتی ہے۔ انگلش، اردو اور عربی زبان میں ڈویلپ کردہ اس ویب سائٹ کے نئے ورژن میں سرچ کیلئے گوگل کی طرز پہ بہترین فنکشن موجود ہے۔

منہاج انٹرنیٹ بیورو میں ڈویلپ ہونے والی دیگر ویب سائٹس کی طرح اس ویب سائٹ کا بھی تمام مواد سال 2003ء سے ڈیٹابیس میں منظم کیا گیا ہے، چنانچہ minhaj.org میں تحریک منہاج القرآن اور اس کے جملہ فورمز کے تحت ہونے والی دنیا بھر کی گزشتہ 12 سال کی سرگرمیوں کا ڈیٹا archive میں محفوظ ہے۔ جس کی مدد سے اب تحریک منہاج القرآن کی اوورسیز تنظیمات اور پاکستان میں موجود ضلعی تنظیمات کو الگ الگ ویب سائٹس بنا کر دی جا رہی ہیں۔ افتتاح کے وقت تک 30 سے زیادہ ممالک اور 70 کے قریب اضلاع کے سپیشل صفحات بنائے جا چکے ہیں، جو بعد ازاں ان کی الگ ویب سائٹس کا روپ دھار سکیں گے۔

ملکی و ضلعی تنظیمات کی ویب سائٹس کے ہوم پیج پر سلائیڈر اور فیچرڈ نیوز کے علاوہ اس ملک کی منہاج القرآن ویمن لیگ، منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن اور پاکستان عوامی تحریک کی نیوز الگ الگ دکھائی گئی ہیں۔ About Page پر اس ملک میں تحریک منہاج القرآن کا تاریخی پس منظر، وہاں موجود اسلامک سنٹرز کی تصاویر، ان کے پتہ جات اور موجودہ تنظیمی ذمہ داران کے نام اور تصاویر بھی شائع کی جا رہی ہیں۔ ملکی و ضلعی ویب سائٹس انگلش اور اردو دونوں زبانوں میں بنائی جا رہی ہیں۔

نئے ورژن میں صارفین کو یہ سہولت دی گئی ہے کہ وہ ویب سائٹ میں نئی شامل کی جانے والی خبروں سے فوری آگاہ ہونے کیلئے subscribe کرسکیں۔ اس صورت میں کسی بھی نیوز کے ویب سائٹ میں شامل ہونے کے فوری بعد وہ نیوز خودکار طریقے سے انہیں بذریعہ ای میل بھجوا دی جاتی ہے۔

تقریب کے اختتام پر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے منہاج انٹرنیٹ بیورو کی تمام ٹیم کو اس عظیم کاوش پر خصوصی مبارکباد دی۔ اس موقع پر انہوں نے بیرون ممالک تنظیمات کو بھی ہدایت کی کہ وہ اپ ڈیٹس کی بروقت فراہمی کیلئے اپنی باڈی میں IT کا نمائندہ متعین کریں، جو اپنی ملکی تنظیم کی ویب سائٹ کو اپ ڈیٹ رکھنے کیلئے مرکز کے ساتھ رابطے میں رہے۔

منہاج انٹرنیٹ بیورو تحریک منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ پہ موجود تحریکی ویب سائٹس اور سافٹ ویئر بنانے والا شعبہ ہے، جو اس وقت تک 65 سے زیادہ ویب سائٹس اور 20 سے زیادہ سافٹ ویئر بنا چکا ہے۔ اس شعبہ کا ہدف شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کےپیغامِ امن و محبت اور تحریک منہاج القرآن کی کاوشوں کو دنیا بھر تک پہنچانا ہے، تاکہ اسلام بارے انتہاء پسندانہ شبہات کا ازالہ کیا جا سکے اور اسلام کا نکھرا ہوا حقیقی چہرہ دنیا کو دکھایا جا سکے۔ اس سلسلے میں منہاج انٹرنیٹ بیورو کی ٹیم جدید تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے سائبر دنیا میں اپنا فریضہ سرانجام دے رہی ہے۔

Dr Hassan Mohi-ud-Din Qadri inaugurates new version of MQI website

Dr Hassan Mohi-ud-Din Qadri inaugurates new version of MQI website

Dr Hassan Mohi-ud-Din Qadri inaugurates new version of MQI website

Dr Hassan Mohi-ud-Din Qadri inaugurates new version of MQI website

تبصرہ

Top