تحریک منہاج القرآن لاہور کے زیراہتمام ’’کربلا کے بعد‘‘ کانفرنس

تحریک منہاج القرآن لاہور کے زیر اہتمام پی پی 144 کے زیراہتمام ’’کربلا کے بعد‘‘ کے موضوع پر کانفرنس منعقد ہوئی، جس میں مرکزی ناظم دعوت علامہ فیاض بشیر نے خطاب کیا۔ کانفرنس سے امیر تحریک لاہور حافظ غلام فرید، ناظم لاہور اشتیاق حنیف مغل نے بھی خطاب کیا، پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی نے کانفرنس میں خصوصی شرکت کی۔

علامہ فیاض بشیر قادری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ظالم کا ظلم برداشت کرنے سے انکار کرنا پیغام کربلا اور تعلیمات امام حسین علیہ السلام ہیں، آج ذکر حسین علیہ السلام کے ساتھ فکر حسین علیہ السلام کو اپنے کردار میں زندہ کرنا ہو گا، جس نظام میں انسانیت کی تذلیل ہو وہ نظام یزیدیت کی باقیات ہے اور ایسے نظام کے خلاف آواز اٹھانا ہی جہاد اکبر ہے۔

علامہ فیاض بشیر نے کہا کہ جو ظلم سہتے ہیں، ظلم دیکھتے ہیں مگر بولتے نہیں وہ حسین علیہ السلام کے راستے پر نہیں ہیں، حسینیت مصلحت، عافیت اور راہ فرار کا نام نہیں ہے، حسینیت ظلم کے خلاف ڈٹ جانے کا نام ہے، انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ اہل بیت اطہار نے دین حق کے لیے جانوں کے نذرانے پیش کر کے قیامت تک کے مسلمانوں کو یہ بتایا کہ دینی شعاراور اقدار خطرے میں ہوں تو پھر دین محمدی ﷺ کا سچا پیروکار اور امام عالیٰ مقام کا تابعدار گھر میں نہیں بیٹھ سکتا۔

امیر لاہور حافظ غلام فرید نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یزیدیت اور حسینیت دو نظریات اور دو رویے ہیں، جانثاران کربلا نے جانوں کے نذرانے پیش کر کے قیامت تک کے لیے منافقوں اور ظالموں کے چہروں سے نقاب اتار دئیے، جو مظلوم کا ساتھی ہے وہ حسین علیہ السلام کا ساتھی ہے اور جو ظالم کا طرفدار ہے وہ یزید کا پیروکار ہے، ناظم لاہور اشتیاق حنیف مغل نے اپنے خطاب میں کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے اہل بیت اطہار پر امت مسلمہ کو 35 کتب کا عظیم الشان علمی، تحقیقی تحفہ دیا، شیخ الاسلام نے شبانہ روز محنت، عرق ریزی اور اللہ کی عطا کردہ بصیرت کو بروئے کار لاتے ہوئے واقعہ کربلا اور اہل بیت اطہار کی عظیم قربانیوں کے تناظر میں علم و حکمت کے نئے در وا کیے۔ ان کی تحقیق سے واقعہ کربلا کے حقیقی پیغام کو سمجھنے اور دل و و دماغ پر طاری کرنے کا موقع ملتا ہے۔

پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے اہل بیت اطہار کے فضائل و مناقب، قرابۃ النبی ﷺ، سیدنا علی علیہ السلام کے فضائل و مناقب، باب مدینۃ علم، حدیث ردِ شمس کا تحقیقی جائزہ، حدیث ولایت علی علیہ السلام کا تحقیقی جائزہ، اعلان غدیر، سیدہ فاطمۃ الزہرہ کے فضائل و مناقب، حسنین کریمین کے فضائل و مناقب، ذکر شہادت امام حسین علیہ السلام، مناجات امام زین العابدین علیہ السلام، حب علی علیہ السلام، سیرت حضرت خدیجۃ الکبریٰ سلام اللہ علیہا، سیرت سیدہ عالم فاطمۃ الزہرہ سلام اللہ علیہا، شہادت امام حسین فلسفہ و تعلیمات، شہادت امام حسین علیہ السلام حقائق و واقعات، شہادت امام حسین علیہ السلام ایک پیغام، شہادت امام حسین علیہ السلام اور محبت امام حسین علیہ السلام، ذبح عظیم کے عنوانات سے شان اہل بیت اطہار پر علم کے موتی نچھاور کیے جو اس صدی کا عظیم علمی اثاثہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن کو اللہ نے یہ توفیق عطاء کی ہے کہ جس نے واقعہ کربلا کے حقیقی پیغام کو ہر کلمہ گو مسلمان تک پہنچایا اور شان اہل بیت اطہار کی یاد میں کانفرنسز منعقد کر کے دلوں کو اہل بیت کی محبتوں سے زندہ و منور رکھا۔

کانفرنس میں پی پی 144 کے رہنماؤں شیخ امین اسلم طاہر، شیخ وکیل حاجی عبدالخالق، مرزا حنیف صابری، علامہ رفیق رندھاوا، علامہ اکرم طیب، شاہد یوسفی و دیگر قائدین نے شرکت کی۔ کانفرنس کے اختتام پر حضور سرور کونین ﷺ کیلئے درود و سلام پیش کیا گیا۔

تبصرہ

Top