منہاج القرآن لاہور کی ایگزیکٹو کونسل کا اجلاس، ضلعی رہنماؤں کی شرکت

تحریک منہاج القرآن کی ایگزیکٹو کونسل کا اجلاس مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں منعقد ہوا، جس میں کوآرڈینیشن کونسل لاہور کے عہدیداران بھی موجود تھے۔ اس مشترکہ اجلاس کی صدارت منہاج القرآن لاہور کے امیر حافظ غلام فرید نے کی، اجلاس میں لاہور کی جملہ تنظیمات کے عہدیداران کو اہم اہداف دئیے گئے، اجلاس میں استقبال ربیع الاول اور 35 ویں عالمی میلاد کانفرنس کی تیاریوں و انتظامات کے حوالے سے بھی اہم فیصلے کیے گئے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے منہاج القرآن لاہور کے امیر حافظ غلام فرید نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن میں شہید و زخمی ہونے والے ہمارا فخر و اثاثہ ہیں، وقت قریب ہے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قاتلوں کو قانون اور عوام کی عدالت میں جھکنا پڑے گا، شہدائے ماڈل ٹاؤن کے انصاف کے لیے قانونی جنگ لڑرہے ہیں اور زندگی کی آخری سانس تک لڑتے رہیں گے، قاتلوں سے قصاص لے کر رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ شریف برادران کی چیخیں اب کسی کام نہیں آئیں گی، شریف برادران ماڈل ٹاؤن میں بے گناہوں کے قاتل اور 20 کروڑ عوام کے چور ہیں، ملک کی تباہی کے ذمہ دار دونوں بھائی ہیں، یہ تباہی میٹرو منصوبے سے شروع ہوئی، اربوں روپے سڑکوں پر لگا دئیے گئے جبکہ صحت، تعلیم، صاف پانی اور روزگار کے مسائل ویسے کے ویسے ہی ہیں، اب شریف برادران سانحہ ماڈل ٹاؤن میں جیل جائیں گے۔

اجلاس میں ناظم منہاج القرآن لاہور اشتیاق حنیف مغل، محمد حنیف قادری، حفیظ اللہ جاوید، چودھری محمد اقبال، مرزا محمد ندیم، انجینئر ثناء اللہ خان، میاں ممتاز حسین، حاجی فرخ خان، علامہ مفتی محمد خلیل حنفی، آمنہ بتول و دیگر ضلعی عہدیداران موجود تھے۔

حافظ غلام فرید نے کہا کہ منہاج القرآن لاہور کے زیراہتمام استقبال ربیع الاول کے سلسلے میں مشعل بردار جلوس نکالے جائیں گے، جلوس میں ہزاروں عاشقان رسول ماہ ربیع الاول کا والہانہ استقبال کریں گے۔ اجلاس میں استقبال ربیع الاول کے سلسلے میں مشعل بردار جلوسوں کے حتمی شیڈول اور روٹس کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ حافظ غلام فرید نے بتایا کہ لاہور کے تمام ٹاؤنز، یونین کونسلز اور پی پی حلقہ سے میلاد مارچ اور جشن میلاد مصطفی ﷺ کے سلسلے میں مشعل بردار ریلیاں نکالی جائیں گی، منہاج القرآن عوامی تحریک، علماء کونسل، یوتھ لیگ اور دیگر جملہ فورمز کے مرکزی، صوبائی و ضلعی رہنما شرکت کریں گے۔

اشتیاق حنیف مغل نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مشعل بردار جلوسوں میں عوام الناس، تاجر برادری، وکلاء، مزدور، کسان، طلباء سیاسی، سماجی و مذہبی رہنماؤں کو بھی شرکت کی دعوت دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ مینار پاکستان پر 35 ویں عالمی میلاد کانفرنس کی تیاریاں بھی شروع کر دی گئی ہیں، کانفرنس میں لاکھوں مرد و خواتین شرکت کریں گے۔ میلاد کا سماء پیدا کرنے کیلئے عوام الناس کو بھی میلاد مہم میں شامل کیا جارہا ہے، لوگوں کو اپنے گھروں پر چراغاں کرنے کی ترغیب دی جارہی ہے۔

منہاج القرآن لاہور کے عہدیداران نے عوامی رابطہ مہم کا آغاز کر دیا ہے، عالمی میلاد کانفرنس کی تیاریوں و انتظامات کیلئے لاہور کی تنظیم الگ اور مرکزی سطح پر الگ انتظامی کمیٹیاں تشکیل دی جارہی ہیں، مینار پاکستان میں خواتین اور مرد حضرات کیلئے الگ الگ پنڈال تیار کیے جائینگے، ملک کے دیگر شہروں سے لاہور میں داخل ہونے والے قافلوں کی رہنمائی کیلئے تحریک منہاج القرآن لاہور مختلف راستوں پر استقبالیہ کیمپ لگائے گی۔

تبصرہ

Top