تحریک منہاج القران لاہور کے زیراہتمام استقبالِ ربیع الاول کنونشن، ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کا خطاب

تحریک منہاج القرآن لاہور کے زیراہتمام استقبال ربیع الاول کنونشن مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا، جس میں صدر منہاج القرآن ڈاکٹر حسین محٰی الدین قادری نے خصوصی خطاب کیا۔ کنونشن میں تحریک منہاج القرآن کے نائب ناظم اعلیٰ انجینئر محمد رفیق نجم، امیر لاہور حافظ غلام فرید، ناظم لاہور اشتیاق حنیف مغل، محمد حنیف قادری، حاجی فرخ، شفاقت مغل، اخلاق حسین، آمنہ بتول و دیگر قائدین بھی موجود تھے۔

ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات اور پیغام امن و محبت سے دہائیوں سے دست و گریبان قبائل شیر و شکر ہو گئے، جو ایک دوسرے کے خون کے پیاسے تھے وہ ایک دوسرے کے محافظ بن گئے۔

تحریک منہاج القرآن سیرت النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی انہی تعلیمات کو لے کر آگے بڑھ رہی ہے۔ اسلام صرف جذبات نہیں عقل اور جذبات کے امتزاج کا نام ہے۔ ہمارا عشق مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم توڑ پھوڑ والا نہیں بلکہ گرتے ہوئے کو اٹھانے اور دکھی انسانیت کا سہارا بننے والی مصطفوی تعلیمات کے تابع ہے۔

ڈاکٹر حسین محی الدین نے کہا کہ ہم اپنی زندگی میں حاصل ہونیوالی چھوٹی چھوٹی خوشیوں پر اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں، خوشیاں مناتے ہیں تو وجود محمدی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی نعمت عطا ہونے پر سب سے بڑھ کر کیوں نہ منائیں۔ ماہ ربیع الاول کی آمد اس خوشی کے اظہار کا بہترین موقع ہے۔ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے امتی سے محبت، رواداری، امن، اخلاق اور عاجزی کی خوشبو آنا ضروری ہے۔ آمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے دنیا میں امن کا بولا بالا ہوا، انسانیت کو احترام ملا اور قتل ناحق کا خاتمہ ہوا، ایک دوسرے کے خون کے پیاسے رشتہ اخوت سے آشنا ہوئے، ایک قوم، ایک ملت کا تصور اجاگر ہوا۔

میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے رنگ و نسل کے تفاخر اور حسب نسب کے غرور سب ختم ہو گئے۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فضیلت کا معیار تقوی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ہمیشہ امن کی بات کی ہے، جشن میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم منانے والے سیرت النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ہر پہلو پر ایمان رکھتے ہیں۔ شدت پسند ملک و قوم اور اسلام کو بدنام کر رہے ہیں، آمد رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم عروج انسانیت کا باعث بنی۔ فخر انسانیت حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم راہبر آدمیت بن کرظہور پذیر ہوئے۔ قوم مسلم تا قیامت اللہ تعالیٰ کے حبیب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے میلاد پر خوشیاں منا کر اظہار تشکر کرتے رہیں گے۔

کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے امیر لاہور حافظ غلام فرید نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن لاہور سمیت ملک بھر میں محسن انسانیت حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت کی خوشی میں ہر گلی، ہر گھر اور ہر محلے کو اپنی بساط کے مطابق برقی قمقموں، جھنڈیوں، تیل کے دیوں، موم بتیوں سے سجائے گی، اسی نسبت سے تحریک منہاج القرآن لاہور کے زیر اہتمام ربیع الاول کا چاند نظر آنے کی خوشی میں شہر لاہور میں ڈیڑھ سو سے زائد مقامات سے مشعل بردار جلوس، کینڈل واک کا اہتمام کر کے مقدس مہینے کا استقبال کیا جائیگا۔ تحریک منہاج القرآ ن کو پوری دنیا میں حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت کے چراغ روشن کرنے کا اعزاز حاصل ہے۔

ناظم لاہور اشتیاق حنیف مغل نے کہا کہ 11 اور 12 ربیع الاول کی درمیانی شب کو مینار پاکستان کے سائے تلے عظیم الشان عالمی میلاد کانفرنس کے انعقاد کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں، انتظامات کے لیے تشکیل دی گئی کمیٹیاں اپنا کام پوری محنت، عقیدت اور محبت سے کررہی ہیں، صرف شہر لاہور سے دو لاکھ سے زائد مرد و خواتین عالمی میلاد کانفرنس میں شرکت کے اپنے آقا و مولا سے والہانہ عقیدت و محبت کا اظہار کرینگے، پاکستان سمیت دنیا بھر سے جید علمائے کرام، مشائخ عظام، قراء و نعت خواں حضرات شرکت کریں گے۔ اہم مذہبی، سیاسی، سماجی، علمی شخصیات کو کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی جارہی ہے، شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کانفرنس سے خصوصی خطاب کرینگے۔

تبصرہ

Top