تحریک منہاج القرآن لاہور عالمی میلاد کانفرنس کی تشہیر کیلئے پورے شہر میں کیمپ لگائے گی

تحریک منہاج القرآن لاہور کا اجلاس امیر لاہور حافظ غلام فرید کی صدارت میں منعقد ہوا، ناظم لاہور اشتیاق حنیف مغل، حاجی فرخ، ریحان چودھری، اخلاق حسین، آمنہ بتول، ثمرین یاسین، نصرت ر فیقسمیت پی پی صدور، ناظمین و دیگر ضلعی عہدیداران نے شرکت کی، اجلاس میں 35 ویں عالمی میلاد کانفرنس کے انتظامات، تیاریوں اور دعوتی سلسلے کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں منہاج القرآن یوتھ لیگ، علماء کونسل، ویمن لیگ اور مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ لاہور کے عہدیداران نے بھی شرکت کی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تحریک منہاج القرآن لاہور عالمی میلاد کانفرنس کیلئے پورے لاہور میں کیمپ لگائے گی، اہلیان لاہور کو 35 ویں عالمی میلاد کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی جائے گی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے حافظ غلام فرید نے کہا کہ سرد موسم کے باوجود مینار پاکستان میں ہونے والی عالمی میلاد کانفرنس میں شہر لاہور سے لاکھوں مرد، خواتین، بچے شرکت کرینگے، تحریک منہاج القرآن لاہور نے اہم سیاسی، مذہبی، سماجی، تاجر برادری، وکلاء، طلباء و دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کو شرکت کی دعوت دینا شروع کر دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مینار پاکستان پر ہونے والی 35 ویں عالمی میلاد کانفرنس کی تیاریاں و انتظامات زور و شور سے جاری ہیں، مینار پاکستان کا وسیع گراؤنڈ ہر سال لاکھوں عشاقان رسول ﷺ کو اپنے دامن میں سمیٹ کر گواہ ہوتا ہے کہ یہاں حضور ﷺ کی ولادت کا جشن منا کر امت مسلمہ کے لاکھوں مسلمان اپنے ایمان کو تقویت دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں عالمی میلاد کانفرنس کی تشہیر کیلئے ہورڈنگز، بینرز اور فلوٹ چلا دیا گیا ہے۔ علماء، مشائخ، سیاسی رہنما، تاجر برادری، وکلاء، طلباء تنظیموں کے قائدین عالمی میلاد کانفرنس کے اسٹیج پر موجود ہونگے۔

اشتیاق حنیف مغل نے کہا کہ منہاج القرآن کے گوشہ درود اور حلقہ ہائے درود میں پڑھا جانے والا درود پاک بارگاہ رسالت مآب ﷺ میں پیش کیا جائیگا، ملک اور قوم کی سلامتی کیلئے دعائیں مانگی جائینگی، ساؤنڈ سسٹم مینار پاکستان کے ساتھ ملحقہ سڑکوں تک بھی لگایاجائے گاتاکہ پنڈال کے باہر موجود ہزاروں افراد تک بھی آواز باآسانی پہنچ سکے۔ خواتین اور مرد حضرات کیلئے الگ الگ پنڈال بنائے جائینگے۔

یوتھ لیگ لاہور کے صدر حاجی فرخ نے کہا کہ منہاج القرآن یوتھ لیگ کے 1500 نوجوان عالمی میلاد کانفرنس کی سکیورٹی کی ڈیوٹی سرانجام دینگے، ملک کے دیگر شہروں سے لاہور میں داخل ہونے والے قافلوں کی رہنمائی کیلئے مختلف راستوں پر استقبالیہ کیمپ بھی لگائے جائینگے۔

تبصرہ

Top