آمد ربیع الاول پر منہاج القرآن لاہور کے زیراہتمام مشعل بردار استقبالیہ جلوس

Dr Hussain Qadri addresses Istaqbal e Rabi ul Awwal Juloos

منہاج القرآن لاہور کے زیراہتمام استقبال ربیع الاول کے سلسلے میں مغلپورہ چوک سے باغبانپورہ تک مشعل بردار جلوس نکالا گیا، جلوس کی قیادت تحریک منہاج القرآن کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کی۔ ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن خرم نواز گنڈاپور، نائب ناظم اعلیٰ انجینئر محمد رفیق نجم، مرکزی سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی، صدر منہاج القرآن لاہور حافظ غلام فرید، ناظم لاہور اشتیاق حنیف مغل نے استقبال ربیع الاول جلوس میں خصوصی شرکت کی۔

مشعل بردار جلوس میں تحریک منہاج القرآن عزیز بھٹی ٹاؤن کے صدر شہباز حسین بھٹی، ناظم اسلم پرویز، حاجی فرخ، ثناء اللہ خان، حفیظ اللہ جاوید، حاجی ارشد، پیر سید انعام گیلانی، چودھری اسلم، صدر انجمن تاجران شالا مار لنک روڈ چودھری منظور حسین، جنرل سیکرٹری چودھری اظہر، پیر سید گلزار شاہ کاظمی، میاں اخلاق احمد گڈو، حاجی عبدالخالق قادری، طارق الطاف، جاوید مصطفی سمیت اہم رہنماؤں نے شرکت کی۔

شالامار لنک روڈ کی تاجر برادری، سیاسی، سماجی، مذہبی رہنماؤں نے جگہ جگہ شرکائے جلو س کا استقبال کیا، پھولوں کی پتیاں نچھاور کر کے خوش آمدید کہا، جلوس کے راستے کو خیر مقدمی بینرز اور عمارتوں کو چراغاں کر کے سجایا گیا تھا، پانی اور دودھ کی سبیلیں لگائی گئی تھیں، جلوس میں آمد مصطفی ﷺ، مرحبا مرحبا، سیدی مرشدی، یا نبی یانبی کے نعرے لگائے گئے۔

جلوس میں سینکڑوں عشاقان مصطفیﷺ اسم محمد ﷺ والے کتبے، برقی مشعلیں، بینرز، اٹھائے درود و سلام کی صدائیں بلند کرتے ہوئے شریک ہوئے، مغلپورہ لنک روڈ کے تاجروں نے جگہ جگہ شرکائے جلوس پر گل پاشی کی اور آمد مصطفی مرحبا مرحبا کے فلک شگاف نعروں سے سماں باندھ دیا۔ جلوس میں اونٹ، رقص کرتے گھوڑے، خوبصورت سجی ہوئی بگھیاں، عربی لباس پہنے بچوں اور بزرگوں نے رونق میں اضافہ کر دیا، جلوس میں موجود منہاج نعت کونسل و دیگر ثنا خوانان مصطفیﷺ نے حضور ﷺ کی شان اقدس میں گلہائے عقیدت اور درود و سلام کے نذرانے پیش کر کے فضاؤں کو معطر کر دیا۔

ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے شرکاء جلوس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خاتم النبینﷺ نے انسانیت کو امن و محبت سے رہنا سکھایا۔ آپ ﷺ کمزوروں کے آقا تھے، حضور اکرم ﷺ نے انسانوں کے ساتھ جانوروں کے حقوق بھی متعین کیے۔ آپ رحمتہ اللعالمین تھے۔ آپ ﷺ کی سیرت طیبہ پر عمل کرنے میں دنیا اور آخرت کی نجات ہے۔ انہوں نے کہا کہ ربیع الاول کے مبارک مہینے کے آغاز پر دنیا بھر کے مسلمانوں کو مبارکباد پیش کرتے ہیں، ربیع الاول محسن انسانیت حضور نبی اکرم ﷺ کی ولادت باسعادت کا مہینہ ہے، حضور اکرم ﷺ نے امن، محبت، اخوت کی تعلیمات دیں، حضور نبی اکرم ﷺ کی ولادت با سعادت کا جشن منا کر اہل ایمان اپنے ایمان کو تازہ کرتے ہیں، تحریک منہاج القرآن نے عشق مصطفی ﷺ کی شمعیں گھر گھر، گلی گلی، محلے محلے روشن کررہی ہے، اس سال بھی 36ویں عالمی میلاد کانفرنس مینار پاکستان کے سبزہ زار میں منعقد ہو گی۔

مشعل بردار جلوس مغلپورہ چوک سے شروع ہو کر شالامار لنک روڈ سے ہوتا ہوا شالا مار چوک سے گزرتا ہوا جی ٹی روڈ برف خانہ چوک کراؤن شادی ہال میں اختتام پذیر ہوا۔ درود و سلام کی دعاؤں میں نکالے گئے مشعل بردار جلوس میں مذہبی، سیاسی، سماجی، تاجر رہنماؤں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے ہزاروں مرد، خواتین، بچوں، بزرگوں نے شرکت کی۔

milad juloos 2019

milad juloos 2019

milad juloos 2019

milad juloos 2019

milad juloos 2019

milad juloos 2019

milad juloos 2019

تبصرہ

Top