علمائے کرام منبر رسول سے بھائی چارے، یگانگت اور برداشت کا درس دیں: ڈاکٹر حسین محی الدین کا اتحاد امت کانفرنس سے خطاب

مورخہ: 04 مارچ 2020ء

منہاج القرآن علماء کونسل کے زیراہتمام ’’اتحاد امت کانفرنس‘‘ جامعہ اشرف الجمال لاہور میں منعقد ہوئی۔ کانفرنس میں منہاج القرآن انٹرنیشنل کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معاشرے میں بھائی چارے، رواداری، برداشت اور تحمل کے جذبات کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ علما کرام اور مشائخ عظام منبر رسول سے بھائی چارے، یگانگت اور برداشت کا درس دیں۔

انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ کو متحد کرنا علماء کرام کا دینی فریضہ اور وقت کی ناگزیر ضرورت ہے۔ اسلام رواداری، امن بقائے باہمی اور انسانی حقوق کے تحفظ کی ضمانت دیتا ہے۔ امت مسلمہ کو فرقہ واریت نے ناقابل تلافی نقصان پہنچایا، اتحاد امت کیلئے علماء مرکزی کردار ادا کر سکتے ہیں۔ اتحاد امت کانفرنس سے مختلف مکاتب فکر کے اہم رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔

ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے مزید کہا کہ نئی نسل کی تعلیم کے ساتھ ساتھ اسلامی خطوط پر تربیت دینا آج ایک بہت بڑا چیلنج ہے، والدین، علمائے کرام، اساتذہ اس اہم مسئلہ پر توجہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن کے سکالرز نئی نسل کی علمی، روحانی، اخلاقی تربیت کیلئے اپنا کردار ادا کررہے ہیں۔

جمیعت اہلحدیث کے مرکزی رہنما مولانا عبد الستار نیازی، وحدت المسلمین کے صوبائی صدر علامہ حسن رضا نقوی، علامہ وسیم الحسن شاہ حافظ آبادی، جے یو پی نورانی کے رہنمامفتی محمد جاوید نوری، صدر سنی تحریک پنجاب مولانا مجاہد رسول، منہاج القرآن علما کونسل کے مرکزی صدر علامہ امداد اللہ قادری، مرکزی ناظم علامہ میر آصف اکبر، علامہ زوار حسین، چیئرمین کل مسالک علما بورڈ علامہ عاصم مخدوم، پیر سید منیر سیفی، ڈاکٹر مفتی محمد کریم خان، علامہ محمد اشرف سعیدی، علامہ حافظ طاہر ضیا، حافظ غلام فریدو دیگر نے بھی کانفرنس سے خطاب کیا۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ وسیم الحسن شاہ نے کہا کہ قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہرالقادری اتحاد امت کے داعی ہیں۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے اس وقت بھی جرات و بہادری کے ساتھ اتحاد امت کی بات کی جب صرف ہاتھ ملانے پر کفر کے فتوے لگا دئیے جاتے تھے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے امت کو کتابیں نہیں لائبریریاں دی ہیں۔

مجلس وحدت المسلمین کے رہنما علامہ حسن رضا نقوی نے کہاکہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی تقاریر اور تصانیف میں اتحاد امت کا درس ملتا ہے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری امن، محبت اور اتحاد امت کی بات کرتے ہیں۔

علامہ امداد اللہ قادری، علامہ میر آصف اکبر نے اپنے خطابات میں قرآنک انسائیکلوپیڈیا، احادیث مبارکہ کے انسائیکلوپیڈیا، علوم القرآن، علوم الحدیث اور فرقہ واریت کے خاتمہ کیلئے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی علمی، تحقیقی کاوشوں پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔

تقریب میں موجود علمائے کرام نے اپنے خطابات میں کہا کہ ہمیں اس امر کو یقینی بنانا چاہیے کہ کوئی امن دشمن ہمارے اتحاد، یکجہتی اور بھائی چارے کو پارہ پارہ نہ کر سکے۔ یہ وقت اتحاد و اتفاق کےلئے کام کرنے کا ہے۔ علمائے کرام نے عظیم الشان تقریب کے انعقاد پر منہاج القرآن علما کونسل کے رہنماؤں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ایسی کانفرنسز اتحاد امت کیلئے خیر کا باعث ہوتی ہیں۔

کانفرنس کے اختتام پر ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 69 ویں سالگرہ کا کیک کاٹا گیا۔ ملکی سلامتی، خوشحالی، اتحاد امت اور ڈاکٹر طاہرالقادری کی صحت و سلامتی کےلئے دعا کی گئی۔

تبصرہ

Top