دین کی خدمت کا کام اللہ کی توفیق کے بغیر نہیں ہو سکتا: ڈاکٹر طاہرالقادری کا منہاج القرآن لاہور کے اجلاس سے خطاب

قائد تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے تحریک منہاج القرآن لاہور کی تنظیم کے ساتھ خصوصی نشست کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دین کی خدمت کا کام اللہ کی توفیق کے بغیر نہیں ہو سکتا، جب آپ نیکی اور بھلائی کا کام کر رہے ہوں تو اسے اپنی کاوش مت سمجھیں، یہ اللہ کی توفیق سے ہوتا ہے اور ہر وقت اللہ سے ڈرتے رہیں کہ وہ اس توفیق سے محروم نہ کر دے، انہوں نے کہا کہ اللہ اور اس کے رسول ﷺ کے لئے مل بیٹھنا بھی اللہ کی عطا کی ہوئی توفیق ہے اور ہمہ وقت دعا کرتے رہیں کہ اللہ تعالیٰ اس مل بیٹھنے پر جم جانے کی توفیق اور استقامت عطا فرمائے۔

انہوں نے 37ویں عالمی میلاد کانفرنس کے کامیاب انعقاد اور دن رات محنت کرنے پر صدر منہاج القرآن لاہور حافظ غلام فرید، ناظم لاہور اشتیاق حنیف مغل اور تمام ٹاؤنز، صدور، عہدیداران اور کارکنان کو مبارکباد دی۔ اس خصوصی نشست میں چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور، نائب ناظم اعلیٰ کوآرڈینیشن انجینئر محمد رفیق نجم، نائب ناظم اعلیٰ میڈیا افیئرز نوراللہ صدیقی، جواد حامد، حفیظ اللہ جاوید، چودھری اقبال، حاجی امجد، میاں ممتاز حسین، اصغر ساجد، مرزا ندیم بیگ، ثناء اللہ خان، احسن اویس، کامران شیراز، حاجی فرخ، سعد مصطفوی، ڈاکٹر سلطان، علامہ حنیف حنفی، سدرہ کرامت، ام حبیبہ اسماعیل، نورین علوی و دیگر رہنماؤں سمیت لاہور تنظیم کے سینکڑوں کارکنان نے شرکت کی۔ تقریب سے ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، خرم نواز گنڈاپور، حافظ غلام فرید اور اشتیاق حنیف مغل نے بھی خطاب کیا۔

ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے اپنے خطاب میں کہا کہ عالمی میلاد کانفرنس کے مثالی انعقاد میں مرکزی کردار تحریک منہاج القرآن لاہور نے انجام دیا، لاہور تنظیم کی پوری ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے، ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن ایک ہمہ جہتی تحریک ہے، منہاج القرآن نے نوجوانوں کی اخلاقی، روحانی تربیت کے لئے جدید اور قدیم علوم کے مثالی ادارے قائم کیے، ان اداروں سے ملک کے طول و عرض سے لاکھوں نوجوان مستفید ہورہے ہیں، منہاج القرآن آئندہ نسلوں کی فکری، تعلیمی، روحانی آبیاری کے لئے شیخ الاسلام ڈاکٹرمحمد طاہرالقادری کی سرپرستی میں اپنا دعوتی، تربیتی کردار ادا کر رہی ہے۔

ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ منہاج القرآن اصلاح احوال و اصلاح معاشرہ و بیداری شعور کی ایک عالمگیر تحریک ہے جو الحمدللہ فی زمانہ پوری دنیا میں مصطفوی تعلیمات کے فروغ اور خدمت دین کا فریضہ احسن انداز میں انجام دے رہی ہے، انہوں نے لاہور بھر میں سیرت النبی ﷺ کانفرنسز کے انعقاد پر بھی لاہور تنظیم کے جملہ ذمہ داران کو مبارکباد دی۔

صدر تحریک منہاج القرآن لاہور حافظ غلام فرید نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ منہاج القرآن لاہور کی ہر گلی میں درود پاک کی محافل کا انعقاد یقینی بنائے گی، منہاج القرآن گنبد خضرا کا فیضان ہے، مصطفوی تعلیمات اور امت محمدیہ کے داعی کی حیثیت سے اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی سرپرستی میں اسلام کی امن، محبت، اخوت کی خوشبو کو ہر طرف پھیلا رہے ہیں اور پھیلاتے رہیں گے۔

تقریب میں ملک کے ممتاز ثناء خوان مصطفیٰ ﷺ نے حضور نبی اکرم ﷺ کی بارگاہ میں ہدیہ تبریک پیش کیا اور تقریب کے اختتام پر ملکی سلامتی و خوشحالی کے لئے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے دعا کروائی۔

minhaj ul quran lahore

minhaj ul quran lahore

minhaj ul quran lahore

minhaj ul quran lahore

minhaj ul quran lahore

minhaj ul quran lahore

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top