قرآن مجید انسانیت کیلئے منشور حیات ہے: علامہ فیاض بشیر قادری

مورخہ: 28 مارچ 2023ء

سیرت مصطفی ﷺ امت کیلئے رہنمائی کا بہترین ذریعہ ہے: رانا نفیس حسین قادری
رمضان المبارک اصلاح و تربیت اور عملی زندگی کو درست کرنے کا مہینہ ہے
رمضان المبارک میں جاری دروس عرفان القرآن کی پانچویں نشست سے سکالرز کا خطاب

duroos Irfan-ul-Quran

لاہور (28 مارچ 2023) تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام لاہور سمیت ملک بھر میں رمضان المبارک کے بابرکت و مقدس مہینے میں نماز فجر کے بعد دروس عرفان القرآن کا سلسلہ جاری ہے۔ لاہور میں منہاج القرآن علماء کونسل اور نظامت دعوت و تربیت کے سکالرز 100 سے زائد مقامات پر دروس عرفان القرآن دے رہے ہیں۔

لاہور میں درس عرفان القرآن کی چھٹی نشست میں ”عظمت قرآن“ کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے ناظم دعوت تحریک منہاج القرآن علامہ فیاض بشیر قادری نے کہا کہ قرآن مجید انسانیت کیلئے منشور حیات ہے، انسانیت کیلئے دستور حیات ہے، انسانیت کیلئے ضابطہ حیات ہے۔ قرآن مجید ایک ایسی مقدس کتاب ہے جس کو دیکھنا اور چھونا بھی عبادت ہے، اس کا پڑھنا بھی عبادت ہے اور اسکا پڑھانا بھی عبادت ہے۔ اس کا سننا بھی عبادت ہے اس کا سنانا بھی عبادت ہے۔ قرآن مجید کو سمجھنا بھی عبادت ہے اور اس پر عمل کرنا بھی عبادت ہے۔

انہوں نے کہاکہ قرآن مجید بھٹکی ہوئی انسانیت کو اندھیروں سے نکال کر روشنی کی طرف لانے والی کتاب ہے۔ قرآن مجید سے انسانیت کو حقیقی راستے کی طرف رہنمائی ملتی ہے۔ قرآن مجید کے نزول کیلئے اللہ تعالیٰ نے رمضان المبارک کے مقدس مہینے کو منتخب کیا۔ رمضان المبارک انسانوں کی اصلاح و تربیت اور ان کی عملی زندگی کو درست کرنے کا مہینہ ہے۔

تحریک منہاج القرآن لاہور کے صدر علامہ رانا نفیس حسین قادری نے ”سیرت رسول اکرم ﷺ“ کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیرت مصطفی ﷺ پر عمل کر کے ہی دنیا اور آخرت میں کامیابی حاصل کی جا سکتی ہے۔ آج امت مسلمہ کے ہر فرد کو شدید ضرورت ہے کہ وہ سیرت رسول اکرم ﷺ کا مطالعہ اس نقطہ نظر سے کرے کہ موجودہ حالات میں نبی اکرم ﷺ کی حیات طیبہ ہمارے لئے کیا درس فراہم کرتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ حضور نبی اکرم ﷺ کی ذات مقدسہ ہمارے لئے نمونہ عمل ہے۔ سیرت مصطفی ﷺ ہی وہ واحد راستہ ہے جس پر چل کر ہم ترقی کے بام و عروج پر پہنچ سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں علم کے ساتھ ساتھ عمل کی بھی ضرورت ہے اور سیرت مصطفی ﷺ امت کیلئے بہترین رہنمائی کا ذریعہ ہے۔ علامہ ثنا اللہ ربانی نے ”سیدہ خدیجۃ الکبریؓ“، علامہ صابر کمال وٹو نے ”عظمت قرآن“ علامہ رانا محمدادریس قادری نے عقیدہ ختم نبوت، علامہ محمد لطیف مدنی نے ”مخلوق خدا کی خدمت‘‘ کے موضوع پر خطابات کئے۔

duroos Irfan-ul-Quran

تبصرہ

Top