منہاج القرآن لاہور کے زیراہتمام ”تحفظ قرآن ریلی“ نکالی گئی

مسلمان تمام مذاہب کی مقدس کتابوں کا احترام کرتے ہیں: مفتی غلام اصغر صدیقی
قرآن پاک کی بے حرمتی کے سانحہ پر پوری امت مسلمہ مضطرب ہے: رانا نفیس حسین قادری
قرآن مجید پوری انسانیت کیلئے ذریعہ ہدایت و نصیحت ہے:صدر تحریک منہاج القرآن لاہور

Tahafuz e Quran Rally at Lahore

تحریک منہاج القرآن لاہور کے زیراہتمام تحفظ قرآن ریلی نکالی گئی۔ ریلی کی قیادت مرکزی صدر منہاج القرآن علما کونسل مفتی غلام اصغر صدیقی نے کی۔ پی پی 155 لاہور سے نکالی گئی پر امن تحفظ قرآن ریلی میں منہاج القرآن لاہور کے عہدیداران، کارکنان، تاجروں سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی، شرکاءنے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔ ریلی میں شریک علماء نے قرآن مجید کی عظمت و شان کے موضوع پر خطابات کئے۔

ریلی سے خطاب کرتے ہوئے منہاج القرآن لاہور کے صدر رانا نفیس حسین قادری نے کہا کہ قرآن مجید صرف امت مسلمہ کیلئے ہی نہیں بلکہ پوری انسانیت کیلئے ذریعہ ہدایت و نجات اور نصیحت ہے۔ انہوں نے کہاکہ قرآن پاک کی بے حرمتی کے سانحہ پر پوری امت مسلمہ مضطرب ہے۔ انہوں نے 2 ارب سے زائد مسلمانوں کا یقین و ایمان، جذبات قرآن مجید سے وابستہ ہیں، یہ مقدس کتاب روئے زمین پر سب سے زیادہ احترام کے لائق ہے۔ دین اسلام احترام انسانیت اور انسانوں کے ساتھ پیار و محبت کا درس دیتا ہے۔ دین اسلام نے خدمت انسانیت کو بہترین اخلاق اور عظیم عبادت قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک مسلمان کاا س وقت تک ایمان ہی مکمل نہیں ہوتا جب تک وہ تمام آسمانی کتابوں پر ایمان نہ لے آئے۔ آج تک کسی مسلمان نے کسی مذہب کی مقدس کتاب کی توہین نہیں کی۔

ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی صدر منہاج القرآن علما کونسل مفتی غلام اصغر صدیقی نے کہا کہ قرآن مجید کی بے حرمتی کے بہیمانہ واقعہ سے دلوں میں ایک دوسرے کیلئے نفرتیں پیداہو رہی ہیں جو عالمی امن کیلئے خطرے کا باعث ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن پاکستان سمیت دنیا بھر علوم القرآن، فہم القرآن اور تعلیم القرآن کے فروغ کیلئے کوشاں ہے۔ مسلمان تمام مذاہب کی مقدس کتابوں کا احترام کرتے ہیں جو شر پسند مقدسات کی توہین کر رہے ہیں وہ نہ صرف عالمی امن کو تباہ کر رہے ہیں بلکہ بین المذاہب رواداری کو بھی شدید نقصان پہنچا رہے ہیں۔

پُرامن ریلی میں شریک شرکاء نے ہاتھوں کو بلند کر کے اس بات کا مطالبہ کیا کہ قرآن مجید اور مقدسات کی بے حرمتی کا سلسلہ روکا جائے۔ ایسے ٹھوس اقدامات کئے جائیں کہ کوئی بھی مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو مجروح نہ کر سکے۔ ریلی سے حاجی محمد امجد، طارق الطاف، ناظم علی رحمت سمیت منہاج القرآن لاہور کے دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔

تبصرہ

Top