مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ نے ”ایک بشر ایک شجر“ ملک گیر شجر کاری مہم کاآغاز کر دیا

مورخہ: 02 اگست 2023ء

جہاں بھی خالی جگہ میسر ہو گی وہاں پودے لگائیں گے: شیخ فرحان عزیز
مہم کا مقصد آنے والی نسلوں کو ماحولیاتی آلودگی سے محفوظ رکھنا ہے: مرکزی صدر مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ
غیر قانونی درخت و جنگلات کاٹنے والوں کے خلاف سخت قوانین بنائے جائیں: اجلاس میں مطالبہ

MSM Monthly executive council ijlas

لاہور (2 اگست 2023) مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ نے ماہ اگست یوم آزادی کے مہینے میں ”ایک بشر ایک شجر“ کے عنوان سے ملک گیر شجر کاری مہم کے آغاز کا اعلان کر دیا ہے۔ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے زیراہتمام ملک گیر شجر کاری مہم کے تحت ملک کے تمام شہروں میں پودے لگائے جائیں گے۔ تمام کالجز اور یونیورسٹیز میں شجر کاری مہم کے حوالے سے تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا، پودے فراہم کئے جائیں گے تاکہ طلبہ اس مہم کا حصہ بن سکیں۔

مرکزی صدر مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ شیخ فرحان عزیز نے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں منعقدہ اجلاس میں 76 ویں یوم آزادی کی تقریبات کے سلسلے میں شجر کاری مہم کے آغاز کا اعلان کیا۔ اجلاس میں مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے مرکزی، صوبائی اور ضلعی عہدیداران نے شرکت کی۔ شیخ فرحان عزیز نے کہا کہ شجر کاری مہم کا مقصد گلوبل وارمنگ سے لڑنا ہے۔ ملک میں جہاں بھی خالی جگہ میسر ہو گی وہاں پودے لگائیں گے۔ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کا عزم ہے کہ پورے پاکستان کوسر سبز و شاداب کرنا ہے۔

انہوں نے کہاکہ ماحول کو بہتر بنانے میں درختوں کی افادیت اور اہمیت مسلمہ ہے۔ شیخ فرحان عزیز نے کہاکہ ماحولیاتی آلودگی کے حوالے سے پاکستان کا شمار دنیا کے خطرناک ممالک کی فہرست میں ہوتا ہے۔ درخت نہ لگائے گئے تو ماحولیاتی آلودگی میں مزید اضافہ ہو گا۔ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کی ”ایک بشر ایک شجر“ کے عنوان سے ملک گیر درخت لگاؤ مہم کا مقصد آنے والی نسلوں کو ماحولیاتی آلودگی سے محفوظ رکھنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر پاکستانی 76ویں جشن آزادی پرکم از کم ایک پودا لگا کر وطن سے محبت کا اظہار کرے۔

انہوں نے بتایا کہ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے زیر اہتمام شجر کاری مہم کے آغاز پر مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں پودے لگا ئے جائیں گے۔ نئی نسل کو صاف ماحول کی فراہمی کیلئے ہم سب کو اپنی قومی ذمہ داری پوری کرنا ہو گی۔ انہوں نے کہ کہ طلبہ شجر کاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔

شیخ فرحان عزیزنے کہا کہ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ نے لاہور سمیت پورے ملک میں شجر کاری مہم شروع کر دی ہے۔ انہوں نے کہاکہ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ درخت لگانے کے فوائد کے بارے میں آگاہی مہم بھی شروع کرے گی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ غیر قانونی درخت و جنگلات کاٹنے والوں کے خلاف سخت قوانین بنائے جائیں۔

اجلاس میں مرکزی جنرل سیکرٹری میاں عنصر محمود، علی قریشی، شاہد مصطفی، راشد مصطفوی، محسن اقبال، ذیشان یوسف، عزیز عالم، اسامہ مشتاق سمیت دیگر طلبہ رہنما بھی موجود تھے۔

تبصرہ

Top