پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کی آغوش گرائمر سکول کی سالانہ تقریبِ تقسیمِ انعامات میں شرکت

مورخہ: 04 مارچ 2024ء

Annual Prize Distribution Ceremony in Aghosh

چیئرمین آغوش کمپلیکس پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کی آغوش گرائمر ہائیر سیکنڈری سکول کی سالانہ تقریبِ تقسیمِ انعامات میں خصوصی شرکت و خطاب

منہاج القرآن انٹرنیشنل کے صدر اور چیئرمین آغوش کمپلیکس پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ والدین اپنے بچوں سے جس اچھے کردار کی توقع رکھتے ہیں پہلے اس کردار کو اپنے اندر پیدا کریں، جو والدین خود جھوٹ بولتے، بدعہدی کرتے، وقت برباد کرتے ہیں، دین سے دور ہیں ان کا اپنے بچوں میں ایسے کردار کی خواہش کرنا خود فریبی ہے، بچے ویسے ہی بنتے ہیں جیسے ان کے والدین ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بچوں کی اعلیٰ تربیت، عمدہ تعلیم، مناسب پرورش و نگہداشت ہماری اولین ذمہ داری ہونی چاہیئے۔ المیہ یہ ہے کہ بچوں کی تمام دنیاوی خواہشات پوری کرنے کے باوجود بھی ماں باپ اپنی اولاد کی شخصیت اس نہج پر نہیں ڈھال سکتے، جس پر وہ چاہتے ہیں اور بچوں کے مستقبل کے حوالے سے فکر میں مبتلا ہیں، والدین کو چاہیئے کہ بچوں کی دینی، اخلاقی اور روحانی تربیت کیلئے حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اُسوۂ حسنہ کو اپنائیں۔

انہوں نے تقریب میں شریک بچوں کے والدین اور عزیز و اقارب کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کی تعلیم و تربیت اور تعمیرِ شخصیت کو بہتر بنانے کے لیے والدین کو بطورِ خاص یہ بات مدنظر رکھنی چاہیے کہ باہمی گھریلو اختلافات اور ازدواجی جھگڑوں سے جس قدر ممکن ہو گریز کریں۔ کسی بات پر اختلاف ہونے کی صورت میں بچوں کے سامنے بحث و مباحثہ سے اجتناب کریں کیونکہ ان کی باہمی رنجش اور چپقلش کے اثرات بچے کے ذہن و دماغ پر شعوری اور لاشعوری طور پر اثر انداز ہوتے ہیں۔

پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے بچوں کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ معاشرے کی بہتری میں کردار ادا کرنا آپ کی ذمہ داری ہے۔ اس کے لیے محنت کو اپنا شعار بنائیں اور وقت کو تعلیم و بھلائی کے کاموں میں خرچ کریں۔

چیئرمین آغوش کمپلیکس نے پوزیشنز لینے والے طلباء و طالبات میں شیلڈز اور انعامات تقسیم کیے اور انہیں مبارکباد دی۔

دریں اثناء محترمہ فضہ حسین قادری نے طالبات میں شیلڈز اور انعامات تقسیم کیے۔

تقریب میں ڈائریکٹر آغوش کمپلیکس کرنل (ر) مبشر اقبال، وائس چانسلر منہاج یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ساجد محمود شہزاد، ڈاکٹر عابد عزیز، نائب ناظم اعلیٰ میڈیا افیئرز نور اللہ صدیقی، حاجی منظور حسین، پرنسپل آغوش گرائمر سکول عمران ظفر بٹ، وائس پرنسپل رومانہ مبشر اقبال، علامہ غلام مرتضیٰ علوی، ڈائریکٹر فنانس عبدالرحمن ملک، آغوش گرائمر سکول کے اساتذہ کرام، سٹاف ممبران، طلباء و طالبات اور ان کے معزز والدین شریک ہوئے۔

Annual Prize Distribution Ceremony in Aghosh

Annual Prize Distribution Ceremony in Aghosh

Annual Prize Distribution Ceremony in Aghosh

Annual Prize Distribution Ceremony in Aghosh

Annual Prize Distribution Ceremony in Aghosh

تبصرہ

Top