قربانی عبادت کی روح ہے:خرم نواز گنڈاپور

مورخہ: 11 جون 2024ء

منہاج ویلفیئر نے بیرون ملک مقیم مسلمانوں کیلئے قربانی کو آسان بنا دیا
حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق گوشت کی کٹنگ کیلئے سلاٹر ہاؤس کی خدمات لی گئیں: ناظم اعلیٰ
گوشت کی بلا تاخیر حصہ داران کو فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا: ثناء اللہ خان ڈائریکٹر آپریشنزMWF

Khurram Nawaz Gandapur

لاہور (11 جون 2024ء) ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ قربانی عبادات کی روح اور سنت ابراہیمی ہے۔ قربانی کا دن پوری امت کو اتفاق و محبت کی لڑی میں پرو دیتا ہے۔ قربانی کے ایام اللہ رب العزت کی توحید کے بیان کی عظیم روایات کے پاسدار ہیں۔ اس دن شرق تا غرب ہر مسلمان فقط اللہ کیلئے قربانی کرتا اور اس کی توحید و یکتائی کا صدق دل سے اقرار اور اعتراف کرتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن نے دیار غیر میں آباد مسلمانوں کے لئے قربانی کو آسان بنا دیا ہے نہ صرف ان کیلئے قربانی کے بہترین جانور خریدے جاتے ہیں بلکہ گوشت مستحقین میں تقسیم کرنے کا ایک مربوط نظام بھی وضع کر رکھا ہے۔ ہزاروں والنٹیئرز ان مقاصد کیلئے اپنا دینی و انسانی کردار ادا کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قربانی مہم کیلئے تشکیل دی گئی انتظامی کمیٹیوں کے سربراہان کے اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں ڈائریکٹر آپریشنز MWF ثناء اللہ خان، نائب ناظم اعلیٰ جواد حامد، اشتیاق حنیف مغل، منصور قاسم اعوان، سعید اختر، ایوب انصاری و دیگر موجود تھے۔

ڈائریکٹر آپریشنز منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن انجینئر ثنا اللہ خان نے اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ گوشت کی تقسیم کے لئے لائحہ عمل تیار کر لیا گیا ہے۔ شدید گرم موسم میں گوشت کے ٹمپریچر کو نارمل رکھنے اور بلا تاخیر حصہ داران کو فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔ دنیا بھر سے لوگ فریضہ قربانی کی ادائیگی کیلئے منہاج ویلفیئر پر اعتماد کرتے ہیں اور ہم اس اعتماد پر پورا اترنے کیلئے تمام صلاحیتیں برؤے کار لائیں گے۔ جدید سلاٹر ہاؤسز میں قربانی کی جائے گی۔ قربانی کے گوشت کو حفظان صحت کے اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے اور گوشت کی تازگی کو برقرار رکھنے کیلئے تھرماپول سے بنے ائیر ٹائٹ ڈبوں میں ڈرائی آئس کے ساتھ گوشت پیک کر کے چلر گاڑیوں کے ذریعے تقسیم کیا جائے گا۔

قربانی کے حصہ جات کی بکنگ، جانوروں کی خریداری سے لے کر ذبیحہ کی تاریخ، مقام تک کا تما ریکارڈ جدید سافٹ وئیر کے ذریعے مرتب کیا جاتا ہے۔ اس حوالے سے تمام تر انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ جانوروں کی خریداری کمیٹی میں ویٹنری ڈاکٹرز، شرعی سکالرز بھی شامل ہوتے ہیں تاکہ قربانی کیلئے شرعی تقاضوں پر پورا اترنے والے صحت مند جانور خریدے جا سکیں۔ جدید مشینوں پر سلاٹر ہاؤسز میں اجتماعی قربانی کی جائے گی۔

سلاٹر ہاؤسز میں گلوزاور ماسک کے استعمال سمیت حفظان صحت کے تمام اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے قربانی کا فریضہ شرعی اصولوں کے مطابق ادا کیا جائے گا۔

تبصرہ

Top