بانی پاکستان نے عمر بھر نظم وضبط کی پابندی کی: خرم نواز گنڈاپور

وقت کی قدر نہ کرنے والی قوموں کی وقت بھی قدر نہیں کرتا
قائد اعظم محمد علی جناحؒ کے یوم ولادت کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب

Quaid e Azam Birthday Celebration at Markaz Minhaj ul Quran

منہاج القرآن انٹرنیشنل کے ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈا پور نے 25 دسمبر قائد اعظم کے یوم پیدائش پر منعقدہ خصوصی تقریب میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ قائداعظم نظم و ضبط کا نام تھے، اگر آج ہم آزاد فضاؤں میں سانس لے رہے ہیں تو اس کی وجہ بانی پاکستان کی وقت کی پابندی اور نظم و ضبط سے عبارت زندگی ہے، آج اگر پاکستان بحرانوں کی دلدل بنا ہوا ہے تو اس کی واحد وجہ نظم و ضبط کو پس پشت ڈال دینا ہے، نظم و ضبط اور وقت کی پابندی کے بغیر انسانی معاشرے کو انسانی معاشرہ قرار نہیں دیا جا سکتا، انگریز کا برصغیر پر غاصبانہ قبضہ تھا، وہ حاکم تھا مگر حاکم ہونے کے باوجود وقت کی پابندی ان کی گھٹی میں تھی، اس کے برعکس برصغیر کے آخری مسلم فرمانروا حکمران وقت کا ضیاع کرنے والے تھے، تاریخ کی کتابوں میں لکھا ہوا ملتا ہے کہ انگریز عہدیداروں کے جو لنچ کا وقت ہوتا تھا وہی وقت مغل حکمرانوں کے ناشتے کا ہوتا تھا، پھر اسی بہادر شاہ ظفر نے اپنی زندگی کے آخری دن ایک انگریز افسر کے گیراج میں قیدی کی حیثیت سے گزارے اور ہندوستان کے بلا شرکت غیرے اس حکمران کی آخری آرزو یہ تھی کہ تازہ ہوا کے لیے گیراج کی کھڑکی کھول دی جائے، اور پھر اس فرمانروا کی نماز جنازہ کی ادائیگی کے لیے بندے بھی دستیاب نہیں تھے۔

انھوں نے کہا کہ یہ واقعات عبرت کےلیے ہیں، ان واقعات سے ہمیں سیکھنا چاہیے جو قومیں وقت کی قدر نہیں کرتیں وقت ان کی قدر بھی نہیں کرتا، بانی پاکستان انگریزوں سے بڑھ کر انگریزی بولتے تھے، انگریزوں سے بڑھ کر وقت کی پابندی کرتے تھے اور انھوں نے انہی صفات کی بدولت انگریزوں سے الگ وطن کا مطالبہ منوایا، اگر ہم قائداعظم محمد علی جناح کو مانتے ہیں تو پھر ان کی نظم و ضبط اور پابندی وقت والی زندگی کو اپنے لیے مشعل راہ بنائیں، تقریب بانی پاکستان کے درجات کی بلندی اور وطن عزیز کی سلامتی و حفاظت کے لیے دعا کی گئی۔

تقریب میں بریگیڈیئر ر اقبال احمد خاں، انجینئر رفیق نجم، جی ایم ملک، نوراللہ صدیقی، جواد حامد، سہیل احمد رضا، بریگیڈیئر ر عمر حیات، رانا وحید شہزاد، عین الحق بغدادی، علامہ غلام مرتضیٰ علوی، انجینئر محمد ثناءاللہ، شعبہ جات کے سربراہان، و دیگر نے شرکت کی۔

تبصرہ

Top